نیند میں چلنا

نیند میں چلنا

بعض افراد سونے کے کچھ گھنٹوں بعد بسترسے اٹھتے ہیں اورنیند میں ہی مگرکھلی آنکھوں کے ساتھ چلنے، بولنے، کھانے یا دیگرسرگرمیاں انجام دینے لگتے ہیں۔ چونکہ وہ اس کیفیت میں دوسروں کی کسی بات پرردعمل ظاہرنہیں کرتے لہٰذا انہیں دیکھنے والے بعض افراد اسے بھوت پریت کا اثرسمجھ کرڈرجاتے ہیں۔ درحقیقت یہ ایک طبی کیفیت ہے۔ اس کے شکار افراد کو بیدارہونے پررات کوپیش آنے والا کوئی واقعہ یاد نہیں ہوتا۔

 موروثیت، نیند کی کمی، شدید تھکاوٹ، مخصوص ادویات مثلاً نیند کی گولیوں کا اثر، نیند میں خلل، ذہنی تناؤ، بے چینی، سرپرچوٹ اورسونے کی جگہ تبدیل ہونا اس کی کچھ وجوہات ہیں۔ یہ مسئلہ بڑوں کی نسبت بچوں میں زیادہ عام ہے لہٰذا کچھ ہدایات دی جارہی ہیں جن پرعمل متاثرہ بچوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ اگربڑوں میں اس کا سبب ذہنی یا نفسیاتی مسائل ہوں توان کا حل نکالنا چاہئے، تاہم وہ بھی ان معلومات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

کرنے کے کام

بعض مائیں چھوٹے بچوں کے بازو پرایک دھاگہ باندھ  کراس کا دوسرا کونا اپنے بازو سے باندھ  دیتی ہیں تاکہ کسی بھی حرکت کی صورت میں وہ فوراً بیدارہوجائیں۔ یہ کافی حد تک فائدہ مند ہوتا ہے۔ اس کےعلاوہ بچوں کو کسی چیزسے ٹکرانے، گرنے اورنتیجتاً چوٹ لگنے سے بچانے کے لئے ان ہدایا ت پرعمل کریں

٭سونے سے پہلے تمام کھڑکیاں اوردروازے بند کردیں۔

٭دروازوں پرالارم یا کوئی گھنٹی لگائیں تاکہ جیسے ہی بچے انہیں کھولیں توگھر کے دیگرافراد ہوشیارہوجائیں۔

٭ممکن ہوتو انہیں گھرکے نچلے پورشن میں سلائیں تاکہ سیڑھیوں سے گرنے کا خطرہ نہ ہو۔

٭سیڑھیوں پرچڑھنے اوراترنے والے راستو ں کو دروازے، چارپائی یا کسی بھاری چیز سے بند کردیں۔

٭شام کے اوقات میں مشروبات کی مقدارکم کردیں اورسونے سے پہلے انہیں واش روم سے فارغ کروائیں تاکہ مثانہ خالی ہوجائے اورنیند میں خلل پیدا نہ ہو۔

٭راستے سے ایکسٹینشن بورڈ، گیس پائپ‘ بجلی کی تاریں اورنوکیلی اشیاء ہٹا دیں۔

٭نیند کا ایک وقت مقررکریں اوراس کی پابندی کروائیں۔

٭ان کے کمرے کو شورسے ہرممکنہ حد تک محفوظ بنائیں۔

٭پرسکون نیند کے لئے ان کی روٹین بنائیں۔ اس میں کچھ سرگرمیاں شامل کی جاسکتی ہیں مثلاً سونے سے قبل کوئی کتا ب پڑھنا، گرم پانی سے نہانا، گہرے اورلمبے سانس لینے کی ورزش کرنا وغیرہ۔

٭کوشش کریں کہ ان کی نیند پوری ہو۔ اگر رات میں ایسا نہ ہوسکے تو انہیں دن میں کچھ دیرسونے پرآمادہ کریں۔

٭انہیں نیند میں چلتا پائیں توجگانے کی کوشش نہ کریں بلکہ نرمی سے پکڑکرواپس بسترکی جانب لے جائیں۔

sleep walking management, comfortable and peaceful sleeping area, setup alarms

Vinkmag ad

Read Previous

ٹائیفائیڈ

Read Next

دائمی قبض اور غذائی احتیاطیں

Leave a Reply

Most Popular