ماہرینِ صحت کے مطابق پروٹین انسانی جسم کی نشوونما، پٹھوں کی مضبوطی اور توانائی برقرار رکھنے کے لیے بنیادی غذائی جز ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روزانہ کیلوریز کا کم از کم 10 فیصد حصہ اس پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔
بین الاقوامی طبی ویب سائٹ ویب ایم ڈی کے مطابق پروٹین کی کمی کی نمایاں علامت جسم میں سوجن ہے۔ یہ سوجن ہاتھوں، پاؤں، ٹانگوں اور پیٹ پر ظاہر ہوسکتی ہے۔ بالوں کا کمزور ہونا، جلد کا خشک ہونا، ناخنوں کا ٹوٹنا اور مسلسل تھکن بھی اہم علامات ہیں۔ پٹھوں کی کمزوری، بار بار بھوک لگنا اور زخم دیر سے بھرنا کم پروٹین والی غذا کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس کمی کو انڈے، مچھلی، چکن، دالوں، دودھ، دہی اور خشک میوہ جات جیسی غذاؤں سے پورا کیا جاسکتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر معالج کے مشورے سے پروٹین سپلیمنٹس استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ تاہم ماہرین قدرتی غذائی ذرائع کو ترجیح دینے کا مشورہ دیتے ہیں۔