Vinkmag ad

رمضان میں خوراک

رمضان میں خوراک

  رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی گھروں اورباورچی خانوں کی رونق میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ فضا میں پھیلی کھانوں کی خوشبو اور پکوانوں سے سجے دسترخوان سحر و افطار کا لطف اورمزہ دوبالا کر دیتے ہیں۔ اگرچہ روزوں کا اصل مقصد تقویٰ یعنی ضبط نفس کو پروان چڑھانا ہے جس کے لئے ہمیں پورا دن بھوکا اور پیاسا رہنے کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ تاہم ہمارے ہاں اس موقع پراعلیٰ سے اعلیٰ کھانوں کے انتظام کو قریب قریب عبادت کا درجہ حاصل ہوگیا ہے لہٰذا سحروافطارمیں ان کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اپنے اپنے ذوق و شوق اورمزاج کے مطابق کچھ لوگ اس اہتمام میں سادگی بھی پسند کرتے ہیں لیکن اکثریت بڑھ چڑھ کر مختلف کھانوں اورپکوانوں کی تیاری میں مشغول رہتی ہے۔

بلاشبہ روزے کا بنیادی مقصد سال بھر کے لئے روحانی غذا حاصل کرنا ہے تاہم یہ عرصہ کھانے سے متعلق غیرصحت مند عادات سے چھٹکارا پانے کا بھی بہترین موقع ہے۔ اس سلسلے میں چند اہم اموردرج ذیل ہیں

کیا کھائیں، کیا پئیں

رمضان میں کھانے کے دو اہم اوقات ہوتے ہیں جن میں سے پہلا سحری ہے۔ اسے سادہ رکھیں ، مرغن یا پروٹین والی غذائیں یعنی گوشت وغیرہ کم کھائیں ورنہ دن میں پیاس زیادہ لگے گی۔ اس وقت دہی میں زِیرہ یا الائچی شامل کرکے کھائیں اورلسی پینے کو معمول بنائیں۔ اس کے علاوہ دیگرغذاﺅں میں زیادہ نمک استعمال نہ کریں۔ افطاری سے لے کر سحری تک کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ پانی پئیں تاکہ دن کے وقت جسم میں پانی کی کمی سے بچا جا سکے۔ 

دوسرا کھانا افطاری ہے۔ اس میں ایسی چیزیں کھائیں جو آپ کی توانائی کو جلد بحال کردیں. اس کے لئے بہترین چیز کھجور ہے۔ اس کے علاوہ موسمی پھلوں سے بھرپورفائدہ اٹھائیں۔ کولڈ ڈرنکس سے پرہیزکریں کیونکہ یہ تیزابیت پیدا کرتیں اورگردے میں پتھری کا باعث بنتی ہیں۔ ان کے بجائے روایتی مشروبات مثلاً لسّی، شکنجبین، فالسے کا شربت اورملک شیک وغیرہ پئیں۔ تلی ہوئی اشیاء مثلاً پکوڑوں، سموسوں اورچپس وغیرہ سے حتی الامکان پرہیزکریں۔ اگرانہیں کھانا ہو تو بہت کم مقدار میں کھائیں۔

دیگر احتیاطیں

٭گرمیاں اوررمضان اکٹھے آرہے ہوں تو خاص طورپرسادہ غذا کھائیں۔ موسمی پھلوں اورسبزیوں سے بھرپورفائدہ اٹھائیں تاکہ گرمی سے بچنے کے علاوہ روزے میں چاق چوبند بھی رہ سکیں۔

٭اس کے علاوہ مرغن غذاﺅں اوربسیار خوری سے حتی الامکان بچیں تاکہ روزوں سے جسمانی اور روحانی‘ دونوں طرح کے فوائد سمیٹے جا سکیں۔

 ٭دھوپ میں نکلنے سے پرہیزکریں۔ اگر ایسا کرنا ضروری ہو تو سر ڈھانپ کر نکلیں تاکہ دھوپ کے برے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

روزے کی طبی افادیت

روزہ ایک مذہبی فریضہ تو ہے ہی لیکن یہ صحت مند رہنے میں بھی ہماری مدد کرتا ہے مثلاً

٭معتدل مقدارمیں صحت بخش غذا کے استعمال کی صورت میں وزن میں کمی ہوتی ہے۔

٭ہمارے جسم میں انسولین کا کردارنہایت اہم ہے اورروزہ رکھنے سے اس کی کارکردگی بہترہوجاتی ہے۔

٭ایک خاص وقت کے لئے بھوکا رہنے سے نظامِ انہضام میں بہتری آتی ہے اور یہ مؤثر طریقے سے اپنے فرائض انجام دیتا ہے۔

ramzan and diet, health benefits of fasting, sehr and iftar diet

Vinkmag ad

Read Previous

گرمیوں میں کیا کھائیں

Read Next

معصوم ذہنوں کا تناﺅ، نجات کیسے

Most Popular