Vinkmag ad

مریضوں کو گرنے سے بچائیں

مریضوں کو گرنے سے بچائیں

ہسپتالوں اورگھروں میں مریضوں کے زخمی ہونے کی ایک بڑی وجہ ان کا گرنا ہے۔ مرگی کے مریض، کمزوربصارت رکھنے والے، نابینا، پانچ سال سے کم اور60 سال سے زائد عمرکے افراد میں اس کے امکانات نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں۔ کچھ احتیاطی تدابیرپرعمل مریضوں کے گرنے کے امکانات کم کرسکتا ہے۔

ہسپتال میں احتیاطیں

جن مریضوں کو یہ مسئلہ پیش آسکتا ہوانہیں پہلے ہی اس سے آگاہ کردینا چاہئے ۔اگر آپ کو یہ خطرہ ہوتوان ہدایات پرعمل کریں

٭بسترسے اٹھنے کے لئے اپنے ساتھ موجود افراد کی مدد لیں۔

٭لیٹے یا سو رہے ہوں توبیڈ کے ساتھ لگے سائیڈ ریل ہمیشہ اوپررکھیں۔

٭کال بیل اپنے قریب رکھیں۔ جب ضرورت ہو، اسے بجائیں۔

٭کھڑے ہونا چاہتے ہوں توپہلے اٹھ کربیٹھیں، کچھ سیکنڈ انتظارکریں اورپھر کھڑے ہوں۔ اس سے غنودگی یا سر چکرانے کی کیفیات کے بارے میں علم ہوجا تا ہے اورفرد گرنے سے بچ جاتا ہے۔

مریض کے ساتھ موجود افراد انہیں اکیلا مت چھوڑیں۔ اگر ضرورت کے تحت کہیں جانا ہو توعملے کو آگاہ کریں تاکہ وہ آپ کی غیر موجودگی میں مریض کی نگرانی کریں۔اس کے علاوہ مریض کی واکر، چھڑی اور کھانے پینے کی اشیاء اس کے قریب رکھیں۔

گھرمیں احتیاطیں

مریضوں کوگھر میں محفوظ رکھنے میں بھی اوپربیان کردہ ہدایات مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔ ان کے علاوہ اہل خانہ کو چاہئے

٭سیڑھیوں اورٹوائلٹ سیٹ کے قریب قبضے لگوائیں تاکہ انہیں پکڑکروہ باآسانی حرکت کرسکیں۔

٭باتھ روم میں ایک کرسی رکھ دیں تاکہ وہ نہاتے ہوئے اس پربیٹھ سکیں۔

٭مریض کوکسی بھی وقت اکیلا مت چھوڑیں۔ خصوصاً باتھ روم جانا ہویا سیڑھیاں چڑھنی ہوں تو انہیں سہارا دیں۔

٭سیڑھیوں، برآمدے اور مریض کے کمرے میں زیادہ روشنی والے بلب لگوائیں۔

٭ان کے کمرے میں ٹیبل پرایک لیمپ یا ٹارچ رکھ دیں تاکہ رات کے وقت اٹھنا ہو تووہ اسے آن کرسکیں۔ اسی طرح کم روشنی والے بلب بھی لگوائے جاسکتے ہیں جو خصوصاً سونے کے اوقات میں جلائے جائیں۔

٭اکثراستعمال ہونے والی چیزیں مثلاً دوائیں اورپانی وغیرہ بیڈ کے سائیڈ ٹیبل پررکھ دیں۔

٭زمین پرپڑے قالین پھسلنے والے ہوں توانہیں راستے سے ہٹا دیں۔

٭فرش پرپانی، تیل یا کوئی بھی شے گرجائے تو اسے فوری طورپر صاف کر کے خشک کریں۔

٭ممکن ہو تو اپنے گھروں میں اندھیرے میں روشن رہنے والے سوئچ لگوائیں۔

٭ان کے لئے ایسے جوتوں اورجرابو ں کا انتخاب کریں جوپھسلنے والی نہ ہوں۔

٭بہت زیادہ کھلے، یا لمبے کپڑے نہ پہنائیں کیونکہ یہ اٹک کر گرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔

٭ان کے بسترپرایسی چادریں نہ بچھائیں جن کے کنارے زمین سے لگ رہے ہوں۔

Prevent fall risk in patients, how to prevent patients from falling, home modifications

Vinkmag ad

Read Previous

عید اور ڈائلیسز کے مریض

Read Next

تیزبخارمیں جھٹکے

Leave a Reply

Most Popular