وزیر اعظم نے پولیو پروگرام کے نیشنل کوارڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی جگہ اس عہدے پر ایک بیوروکریٹ کو تعینات کیا جائے گا۔ متعلقہ سرکاری ملازم پولیو سے متعلق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی سربراہی کرے گا۔
مذکورہ فیصلہ بظاہر پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ملک کے 39 اضلاع میں اب تک 153 نمونے پولیو پازیٹو آئے ہیں۔ گزشتہ برس 28 اضلاع میں 126 ماحولیاتی نمونے پولیو پازیٹو آئے تھے۔
پولیو پروگرام کے نیشنل کوارڈینیٹر کو ہٹانے کا سبب یہ بتایا جا رہا ہے کہ ان کے سرکاری ملازم نہ ہونے کی وجہ سے کوارڈینیشن کے مسائل پیدا ہو رہے تھے۔ دوسری طرف ڈاکٹر بیگ نے اس سال زیادہ پولیو وائرس سامنے آنے کا سبب بھی بتا دیا۔ ان کے مطابق اس کی وجہ نمونے جمع کرنے کے لیے سائٹس کی تعداد 900 سے بڑھا کر 3000 کر دینا ہے۔ جب نمونے کم تھے تو کیسز بھی کم سامنے آئے۔ اب ان کی تعداد بڑھنے سے کیسز بھی زیادہ تشخیص ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سال ٹائم میگزین کی 100 عالمی رہنماؤں کی فہرست میں ڈاکٹر شہزاد بیگ کا نام بھی شامل کیا گیا تھا۔