انناس ایک دلکش پھل ہے جس کی بیرونی ساخت چھوٹے درخت نما ہوتی ہے۔ یہ باہر سے سخت اور کھردرا جبکہ اندر سے رس اور گودے سے بھرا ہوتا ہے۔ گرم اور مرطوب علاقے اس کی افزائش کے لیے مشہور ہیں۔ اس کی سب سے زیادہ پیداوار جنوبی امریکہ میں ہوتی ہے جہاں سے 1493 میں یورپی باشندے اسے اپنے ساتھ یورپ لے کر گئے اور پھر مختلف ممالک میں متعارف کرایا۔ انناس کے فوائد کی بات کریں تو اپنے بے شمار طبی اور غذائی فوائد کے باعث اسے زمانہ قدیم سے ہی مختلف بیماریوں کے علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
انناس کی غذائیت
ریشے، گودے، پانی، وٹامنز اور معدنیات کی وافر مقدارکے باعث اسے پھلوں میں خاص مقام کا حامل ہے۔ ایک کپ انناس میں 850 کیلوریز، 0.2 گرام چکنائی، 1.7 ملی گرام سوڈیم، 22 گرام نشاستہ، 2.3 گرام ریشہ، 16.3 گرام شکر، 0.9 گرام پروٹین اور 79 ملی گرام وٹامن سی شامل ہوتا ہے۔
طبی فوائد
انناس کے فوائد تو بہت سے ہیں تاہم ان میں سے کچھ خاص یہ ہیں:
فعال نظام انہضام
اس میں موجود کچھ انزائمز ہاضمے کو درست کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ فائبر اور پانی آنتوں کی اندرونی سطح کو نرم و ملائم رکھ کر ان میں موجود مواد کی روانی بہتر کرتا اور قبض سے محفوظ رکھتا ہے۔ اگر قبض کا سبب کوئی مرض ہو تو اس کا علاج کرانا چاہیے۔
مضبوط ہڈیاں
انناس میں بروملین انزائم پایا جاتا ہے۔ گنٹھیا کے مریض تازہ انناس کو باقاعدگی سے غذا کا حصہ بنا لیں تو ان کو جوڑوں کے درد میں افاقہ ہوگا۔ اس میں موجود مینگنیز ہڈیوں میں معدنیات کی سطح کو متوازن رکھتا ہے۔ یہ ہڈیوں کے بھربھرے پن سے بچنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
قوت مدافعت بڑھائے
اس میں اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی ہوتے ہیں۔ یہ جسم کے دفاعی نظام کو فری ریڈیکلز کے خلاف لڑنے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ یہ فری ریڈیکلز مختلف بیماریوں کا سبب بنتے ہیں جن میں الزائمرز، دل کی تکلیف اور کینسر وغیرہ شامل ہیں۔
آف موڈ کرے آن
انناس میں موجود امینو ایسڈ جسم میں جا کر ایسے کیمیائی جزو میں تبدیل ہوجاتا ہے جو دماغی صحت اور خوشگوار مزاج کے لیے اہم ہے۔ بسا اوقات ڈپریشن سے نجات کے لیے باقاعدہ طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں اپنے معالج سے رجوع کریں۔
تحریر: آمنہ عارف، ماہر غذائیات، لاہور