Vinkmag ad

زیتون کا تیل صحت بھی،ذائقہ بھی

زیتون وہ بابرکت درخت ہے جس کا ذکرقرآن کریم میں بھی آیا ہے ۔ یہ درخت تین میٹر کے قریب اونچا ہوتا ہے۔ چمکدار پتوں کے علاوہ اس میں بیر کی شکل کا پھل لگتا ہے ۔اس کا درخت بحیرئہ روم کے ملحقہ علاقوں میں زیادہ کاشت کیا جاتا ہے۔کہا جاتا ہے کہ یہ طویل العمر ترین درخت ہے جس کی اوسط عمر 300تا400 سال ہوتی ہے تاہم 1000 سال سے زیادہ عمر کے درخت بھی موجود ہیں ۔
اس درخت کا پھل نہ صرف بہت سے فوائد کا حامل ہے بلکہ اس کاتیل بھی بیش بہا خوبیوں کا مجموعہ ہے۔ زیتون کا تیل سب سے زیادہ بنانے اور برآمد کرنے والا ملک سپین ہے۔

زیتون کے تیل کے غذائی حقائق
زیتون کا تیل وٹامن ای‘ وٹامن کے اوراینٹی آکسی ڈنٹس سے مالامال ہے۔ اس میں ایسی چکنائیاں پائی جاتی ہیں جو برے کولیسٹرول میں کمی لاتی ہیں۔ یوں اس کا استعمال دل کے مریضوں کے لئے بہت اچھا ہے۔ یہ نہ صرف صحت بخش ہے بلکہ اس میںکیلوریز کی تعدادبھی کم ہیں۔

زیتون کے تیل کی اقسام
’’انٹرنیشنل آلیوآئل کونسل‘‘ کے مطابق زیتون کے تیل کی مندرجہ ذیل اقسام ہیں:
ایکسٹرا ورجن آلیوآئل: ایکسڑا ورجن آلیوآئل زیتون کے تیل کی اقسام میں سب سے عمدہ کوالٹی والی قسم ہے۔ اس میں کوئی نقص نہیںہوتا اور اس کا ذائقہ بھی بہترین اور تازہ ہوتا ہے۔ یہ تیل میکینکل ذرائع سے بنتا ہے‘ اس میں کوئی کیمیکل استعمال نہیں ہوتا اوریہ اس درجہ حرارت پر نکالا جاتا ہے جس سے اس کی کوالٹی متاثر نہیں ہوتی۔ ایکسٹرا ورجن آلیوآئل کھانا پکانے، پینے اور ڈریسنگ کے لیے بہترین ہے۔
ریفائنڈ آلیوآئل: اس قسم کا تیل ریفائینگ کے طریقے سے حاصل ہوتا ہے جو اس کی ابتدائی گلسیرک(Glyceric) ساخت کو تبدیل نہیں کرتا۔ اس تیل میں 0.3فی صد فیٹی ایسڈ موجود ہوتاہے ۔ یہ ورجن آئل کی ریفائننگ سے حاصل ہوتا ہے جس کی تیزابیت ریفائننگ کے ذریعے ہٹا دی جاتی ہے۔
ایکسٹرا لائٹ آلیوآئل: یہ بھننے، بیکنگ، باربی کیو اور ہر طرح کے کھانا پکانے کے لیے بہترین ہے۔
پیورآلیوآئل: زیتون کایہ تیل جسم کی مالش کے لیے موزوں ہے۔
آلیو پومیس آئل: یہ زیتون کے پھل کی باقیات سے بنتا ہے۔ پومیس آئل میںتھوڑی سی مقدار میں ایکسٹرا ورجن آلیوآئل شامل کیا جاتا ہے۔ اس تیل میں ایکسٹرا ورجن اور پیور آئل کی طرح کاعمدہ ذائقہ نہیں ہوتا۔ یورپ میں اس کوزیتون کا تیل نہیں سمجھا جاتا ‘ تاہم اسے تلنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تیل کے فوائد
٭ کھانے کے دوچمچ زیتون کا تیل دل کی بیماریوں میں کمی کا باعث بنتا ہے۔
٭زیتون کے تیل میں غیر سیر شدہ چکنائیاں(unsaturated fats) زیادہ ہوتی ہیں لہٰذا یہ ہائی بلڈ پریشر میں کمی کا باعث بنتا ہے۔
٭زیتون کے تیل کا استعمال مختلف اقسام کے کینسر‘ خصوصاً بریسٹ کینسر سے محفوظ رکھتا ہے ۔
٭اگر بڑی عمر کے افرادزیتون کا تیل روزانہ استعمال کریں تو وہ بڑی حد تک فالج سے بچ سکتے ہیں۔
٭زیتون کے تیل کا استعمال نہ صرف ذہنی نشونما میں مدد دیتا ہے بلکہ ڈپریشن میں بھی کمی کا باعث بنتا ہے۔
٭ایکسٹراورورجن آلیوآئل کا استعمال الزیمز سے بچائو میں مدد دیتا ہے۔
٭انٹرنیشنل آلیو آئل کونسل کے مطابق زیتون کے تیل کا استعمال ذیابیطس کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

سر کی چوٹ فوری طورپرکیا کریں

Read Next

جنگ ضرور کرنی چاہئے

Leave a Reply

Most Popular