سر کی چوٹ فوری طورپرکیا کریں

حادثات کے نتیجے میں سب سے خطرناک چوٹ سر کی ہوتی ہے ۔ ایسے میں مریض کو فوراً ہسپتال پہنچانا ضروری ہوتا ہے۔ اس میں چونکہ کچھ وقت لگتا ہے لہٰذا بعض اوقات مریض کو ابتدائی طبی امداد دینا اہم ہوتا ہے ۔حادثہ چونکہ بتا کررونما نہیں ہوتا، اس لئے سب کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ ایسی ہنگامی صورت حال میں انہیں کیا کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میںضروری ہدایات درج ذیل ہیں:

سر پر چوٹ کی علامات
٭سر پر رگڑکا نشان یازخم ہونا۔
٭چوٹ والی جگہ کا نرم ہونایا دبا ہوا ہونا۔
٭نیم بے ہوشی کی سی کیفیت ہونا ۔
٭دماغی چوٹ کی صورت میں بعض اوقات خون نہیں بہتا بلکہ اس کا اظہار کچھ اور علامات سے ہوتا ہے ۔ ان میں چند لمحوں یا منٹوں کے لئے بے ہوش ہوجانا‘ اگر ہوش میں ہو تو بدحواسی یا سرچکرانے کی حالت میں ہونا،نیند آنے میں دشواری یا پرسکون نیند نہ آنا،سر میں درد رہنا، متلی یا الٹی ہونا،غنودگی یا تھکاوٹ کا شکار ہونا،معمول سے زیادہ سونا اور جسمانی توازن برقرار نہ رکھ پانا شامل ہیں۔

٭ناک اور کان سے خون یا پانی کا اخراج ہونا۔
ابتدائی طبی امداد
سر پر چوٹ کی صورت میں مندرجہ ذیل ابتدائی طبی امداد دیں:
٭اگر زخمی ہوش میں ہو تو اسے اس طرح لٹائیں کہ اس کا سر اور کندھے قدرے اونچے ہوں۔
٭ سر سے بہنے والے خون کو کپڑے کی مدد سے روکیں۔زیادہ زور سے صاف کرنے یا دبانے سے گریز کریں ورنہ تکلیف میں اضافہ ہو سکتا ہے۔اگرچوٹ بچے کے سر پر لگی ہو اسے کسی صاف کپڑے سے باندھ دیں تاکہ زیادہ خون نہ بہے ۔
٭اگر مریض کی علامات اندرونی چوٹ والی ہوں تو اس کی حالت دیکھتے رہیں اور اسے جلد از جلد ہسپتال پہنچائیں ۔
٭اگر کان سے کوئی چیز بہہ رہی ہو تو اسے صاف کپڑے سے ڈھک کر زخمی کو کروٹ کے بل اس طرح لٹائیںکہ مواد کا خراج باہر ہو۔

سر کی اندرونی چوٹ کاابتدائی اندازہ مریض کی ہوش کی حالت سے لگایا جاسکتا ہے۔دماغ کو جھٹکا لگنے سے مریض کی کیفیت قے یا سر میں چکر والی ہو سکتی ہے۔بالعموم وہ ایک/ دو گھنٹوں سے چار گھنٹوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے تاہم اس کا انحصار دھچکے کی شدت پر ہوتا ہے ۔ اکثر صورتوں میں مریض کو صرف آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔
سر کی ہڈی میں چوٹ یا کریک
فریکچریعنی کریک کی صورت میں کان سے خون بہنا ایک اہم علامت ہے۔قے کی صورت میں مریض کو بائیں کروٹ لٹا دیں۔اگر مریض اس چوٹ کی وجہ سے بے ہوش ہو جائے تو اس کے منہ میں کوئی چیز ڈالنے کی کوشش نہ کریں اور فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

چائنیز چکن ونگز Chineese Chicken Wings

Read Next

زیتون کا تیل صحت بھی،ذائقہ بھی

Leave a Reply

Most Popular