ماہرین کے مطابق ورزش ڈپریشن کی علامات کم کرنے میں نفسیاتی تھیراپی جتنی مؤثر ہو سکتی ہے۔ یہ نتیجہ ایک تازہ ترین کوکرین (Cochrane) تحقیقی جائزے میں سامنے آیا ہے۔ کوکرین عالمی سطح کا معتبر تحقیقی ادارہ ہے جو طبی علاج سے متعلق شواہد پر مبنی غیر جانبدار جائزے شائع کرتا ہے۔ اس کے جائزے دنیا بھر میں صحت کے فیصلوں میں حوالے کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔
تحقیق میں ایک گروپ نے صرف ورزش کی اور کوئی علاج نہیں کرایا۔ دوسرا گروپ نہ ورزش میں شامل ہوا اور نہ کوئی علاج کرایا۔ بعد میں دونوں گروپوں کی ڈپریشن کی علامات کا موازنہ کیا گیا۔
نتائج سے ظاہر ہوا کہ ورزش کرنے والوں کی علامات، دوسرے گروپ کے مقابلے میں نمایاں کم ہوئیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ اکیلے بھی علامات کم کرنے میں مددگار ہے۔ تاہم محققین کے نزدیک ہر مریض پر اس کا اثر یکساں نہیں ہوتا۔
ماہرین کے مطابق ورزش ڈپریشن کم کرنے کا ایک محفوظ اور کم خرچ طریقہ ہے، تاہم یہ باقاعدہ علاج کا متبادل نہیں۔ ضرورت پڑنے پر معالج سے رابطہ کرنے میں نہ ہچکچائیں۔