Vinkmag ad

ذیابیطس میں کیا کھائیں‘کیا نہ کھائیں

ذیابیطس میں کیا کھائیں‘کیا نہ کھائیں

ڈاکٹر شاہد حمید‘ دبئی ہسپتال‘یو اے ای

ذیابیطس کے مریضوں کو کیا کھانا چاہئے اورکیا پرہیز کرنی چاہئے‘ اس حوالے سے بہت سے غلط تصورات عام ہیں۔ انہی کی بنیاد پرمریض بعض چیزوں کو بے ضرر سمجھ کراستعمال کرتے رہتے ہیں جبکہ کچھ کو خواہ مخواہ چھوڑ دیتے ہیں۔ ان کو چاہئے کہ اپنے معالج سے اس سے متعلق راہنمائی لیتے رہیں اوراپنی غذا اور دواؤں میں خود سے تبدیلی سے گریز کریں۔ ذیابیطس سے متعلق کچھ غذائی تصورات اوران کی وضاحت درج ذیل ہے

٭ذیابیطس کے مریض میٹھا قطعاً نہیں کھا سکتے۔

ایسا نہیں ہے۔ ذیابیطس کے مریض اپنی غذا میں میٹھے کو باقاعدہ پلاننگ کرکے شامل کر سکتے ہیں۔مثلاً

٭وہ چینی کی جگہ مصنوعی مٹھاس استعمال کریں۔

٭میٹھا کم مقدار میں کھائیں۔

٭میٹھے کو غذائیت سے بھرپور بنائیں۔مثلاً اس کے ساتھ پھل اورویجی ٹیبل آئل مناسب مقدار میں استعمال کریں۔

٭میٹھے کے استعمال میں کیک‘بسکٹ اورآئس کریم وغیرہ پر قدرتی طور پر میٹھی اشیاء کو ترجیح دیں۔ ان میں کیلوریزنسبتاً کم ہوتی ہیں۔

٭مصنوعی مٹھاس ذیابیطس کے مریضوں کیلئے نقصان دہ ہے۔

یہ خیال درست نہیں ہے۔ مصنوعی مٹھاس چینی کی نسبت زیادہ میٹھی ہوتی ہے اس لیے یہ مقدار میں کم استعمال ہوتی ہے۔ اس میں کیلوریز بھی کم ہوتی ہیں۔ اس کے محدود استعمال میں کوئی قباحت نہیں۔

 ٭ذیابیطس کے مریضوں کی غذا گھر کے دیگر افراد سے الگ ہوتی ہے۔

ایسا نہیں ہے۔ جو خوراک گھر کے باقی افراد کے لیے مفید ہے‘ وہی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ ان کے لیے الگ کھانا پکانے کی ضرورت نہیں‘ تاہم غذا میں نشاستے اورفیٹس کی مقدارپرنظررکھیں ۔

٭ڈائٹ فوڈز ذیابیطس کے مریضوں کیلئے اچھی ہیں ۔

کھانے والی چیزوں پرمحض’ ’ڈائٹ‘‘ لکھا ہونے کایہ مطلب ہر گز نہیں کہ وہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ہیں۔ ڈائٹ فوڈز نہ صرف مہنگی ہوتی ہیں بلکہ گھر پر تیار کی جانے والی غذا کے مقابلے میں کم صحت بخش ہوتی ہیں۔ مریضوں کو چاہئے کہ ڈبوں میں پیک غذا خریدتے وقت اس پر لکھی کاربوہائیڈریٹس اورکیلوریز کی مقدارضروردیکھیں۔ کسی شبہے کی صورت میں اپنے معالج سے رجوع کریں۔

٭ذیابیطس کے مریضوں کونشاستے والی غذائیں مثلاًچاول اورآلو وغیرہ کم کھانی چاہئیں ۔

نشاستہ دارغذائیں صحت بخش غذائی منصوبہ بندی کالازمی حصہ ہیں۔ ذیابیطس کے مریض پاستا،چاول،آلواوراناج وغیرہ تھوڑی مقدار میں اپنی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔ نشاستہ دار اناج میں فائبرز ہوتے ہیں جو معدے کو صحت مند رکھتے ہیں۔ ذیابیطس کے زیادہ ترمریضوں کے لیے کم مقدار میں دن میں تین سے چار بار کاربوہائیڈریٹس پرمشتمل غذائیں مناسب ہیں۔ جن لوگوں کی شوگر کنٹرول میں نہ ہو ‘ وہ اپنے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔

artificial sweeteners, starch, diet foods, diabetes patient guide, diabetic patient’s diet, myths

Vinkmag ad

Read Previous

معدے کی تیزابیت میں کمی لانے والی غذائیں

Read Next

الائچی‘ فائدے میں بڑی

Leave a Reply

Most Popular