تصورات کی تصحیح
روزانہ‘ ایک وقت پر پاخانہ
قبض کے بارے میں دنیا بھر میں بہت سے غلط تصورات پائے جاتے ہیں۔ ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ہر فرد کو 24گھنٹوں کے دوران کم از کم ایک بار ضرور پاخانہ آنا چاہئے۔ بعض کے خیال میں روزانہ ایک ہی وقت پر ایک ہی طرح کا پاخانہ آنا چاہئے۔ اگر ایسا نہیں تو یہ قبض ہے یا پیٹ خراب ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر کسی فرد کو ہفتے بھر میں کسی بھی وقت تین دفعہ پاخانہ آئے تواسے قبض نہیں کہا جا سکتا۔ اگر وقفہ اس سے زیادبڑھ جائے توپھر اسے قبض کا نام دیا جائے گا۔
کھانوں میں فرق
انسانوں اور دیگر جانوروں کے کھانوں میں بڑا فرق ہے۔ مثلاً کچھ جانور مستقلاً گوشت کھاتے ہیں جبکہ کچھ صرف چارے پر گزارہ کرتے ہیں۔ ان جانوروں کے پاخانے کا پیٹرن بھی ایک جیسا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس انسانوں کی خوراک میں بہت ورائٹی ہے۔ ایک ہی فرد ناشتے میں ایک ‘ لنچ میں دوسری اور رات کے کھانے میں تیسری خوراک کھاتا ہے۔اس کے علاوہ وہ مختلف قسم کے پھل‘ جنک فوڈ اور نہ جانے کیا کچھ کھاتا رہتا ہے ۔ اس لئے اگر کبھی ایک یا دو دن بعد اور کبھی ایک دن میں تین بارپاخانہ آئے تو بھی یہ نارمل بات ہے۔
کیا یہ اُم الامراض ہے
برصغیر پاک و ہند میں یہ بات مشہور ہے کہ قبض ، ام الامراض ہے۔ جبکہ حقیقت میں ساری دنیا ذیابیطس کو ام الامراض مانتی ہے۔ قبض کی وجہ سے چونکہ دھیان زیادہ تر اسی کی طرف لگا رہتا ہے لہٰذالوگ نفسیاتی طور پر پریشان رہتے ہیں۔ یہ بات درست ہے کہ قبض اگر لمبے عرصے تک برقرار رہے یا شدید ہو تو دماغ پر کافی بوجھ رہتا ہے۔
Constipation, issues, myths , reality, mother of diseases