موسم برسات کی بیماریاں
ڈاکٹر طبیبہ تسنیم قریشی، فیکلٹی آف ایسٹرن میڈیسن، ہمدرد یونیورسٹی
یہ ایک حقیقت ہے کہ بہت سی بیماریوں کا تعلق ہماری غذا سے ہے۔ ا س لئے اس بات کاخاص خیال رکھنا چاہئے کہ جو بھی غذا استعمال کی جائے‘ وہ صاف ستھری ، تازہ اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق ہو۔ ویسے تو باسی غذا سے ہمیشہ ہی اجتناب ضروری ہے لیکن گرمی اور بارش کے موسم میں اس سے خاص طور پر بچنا چاہئے ۔ کھانوں کو زیادہ دنوں تک فریج میں رکھ کراستعمال کرنا انہیں مضرصحت بنا دیتا ہے ۔ برسات کے موسم میں ان کے مضرصحت بننے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں لہٰذا احتیاط کریں۔ اس موسم میں بازار ی اور چکنائی کی حامل اشیاء سے پرہیز میں ہی عافیت ہے۔ ترش غذائیں مثلاً سرکہ ، لیموں، املی، اناردانہ اورکیری کی چٹنی وغیرہ استعمال کی جا سکتی ہیں۔
موسم برسات‘ احتیاطی تدابیر
مندرجہ ذیل تدابیر سے اس موسم کی مختلف بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے
٭ انار کے استعمال سے جسمانی درجہ حرارت کو کم کیا جا سکتا ہے ۔یرقان کی صورت میں باقاعدہ علاج کے ساتھ انار کھانا صحت یابی کے عمل کو تیز کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے جگر کے افعال کو بہتراورپیشاب کی زرد رنگت کو نارمل کیا جا سکتا ہے ۔یہ اس کی سوزش سے چھٹکارے میں بھی معاون ہوتا ہے ۔ یرقان،متلی اور قے کے مریض میٹھے اور کھٹے انار کے رس میں پہلے شکر ڈال کر پکالیں پھر، اس میں تازہ پودینے کا رس شامل کرکے استعمال کریں۔
٭ موسم کی گرمی اور بارش میں پیٹ کے امراض خاص طور پر متلی، الٹی، اسہال، بدہضمی ، یرقان اور ورمِ جگر کی صورت میں خشک یا تازہ پودینہ بطور چائے یا خساندہ پینے سے بھی ان امراض سے نجات پائی جاسکتی ہے۔
٭ اسی طرح گرمی سے منسلک امراض سے بچاؤ کے لئے ایک چمچ سونف ، 8سے10پتیاں پودینہ، 9عدد منقیٰ اور5عدد آلو بخارا کو اکٹھا کر کے رات کو ڈیڑھ پیالی پانی میں بھگولیں۔ صبح اس آمیزے کو ابالنے کے بعداچھی طرح چھان کر پینے سے متعلقہ تکلیف جاتی رہے گی۔
٭ ہم وزن پودینہ اور اجوائن کو چائے کی طرح استعمال کرنے سے ہاضمے کے نظام کو فعال بنایا جا سکتا ہے۔
٭ جگر کے افعال کو بہتر کرنے اور قبض سے نجات حاصل کرنے کے لئے خرفہ کا ساگ بہتر حل ہے۔
٭ جو کا ستوگرمی کی بے چینی رفع کرتا،معدے اورآنتوں کے زخموں کو مندمل کرتا اور معدے کی تکلیف دہ حدت کو زائل کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔اس کے مناسب استعمال سے نہ صرف پیشاب کھل کر آتا ہے بلکہ مثانے کی جلن اور سوزش بھی رفع ہوجاتی ہے۔
monsoon diseases, precautions, kitchen pharmacy