Vinkmag ad

کچن گارڈننگ

کچن گارڈننگ

گھروں میں سبزیاں لگانے کے لئے درج ذیل امور کاخیال رکھنا چاہئے

جگہ کا انتخاب

سبزیوں کی کاشت کے لئے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جو گھر کے قریب ہو اور جہاں ہر وقت باآسانی جایا جاسکے۔اس جگہ دھوپ دستیاب ہونی چاہئے اور گھر کی دیواروں یا درختوں وغیرہ سے کم از کم 10فٹ کے فاصلے پر ہو۔اس کے علاوہ وہاں پانی باآسانی اور وافر مقدار میں دستیاب ہو۔

زمین کا انتخاب

جگہ کے انتخاب کے بعد دوسری اہم چیز وہ زمین ہے جس میں سبزیاں کاشت کی جانی ہیں ۔وہ نرم،ہوادار اوربھر بھری ہونے کے ساتھ ساتھ پتھر ،کنکروں وغیرہ سے پاک ہونی چاہئے۔ ایسی زمین میں ان اجزاء کی موجودگی ضروری ہے جو پودوں کی نشوونما کے لئے اہم  ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ اس زمین میں اضافی پانی کی نکاسی کی صلاحیت بھی ہونی چاہئے ۔

زمین کی تیاری

سبزیاں کاشت کرنے سے تقریباً 15سے30دن پہلے زمین کی تیاری مکمل کر لیں۔اس کے لئے فی مرلہ(تقریباً250مربع فٹ جگہ)8 سے 10ریڑھی گوبر کی کھاد مٹی میں شامل کر کے مناسب مقدار میں پانی لگا دیں۔اس کے بعد روزانہ گوڈی کریں اور اضافی جڑی بوٹیاں نکالتے جائیں۔ایسےزمین غذائی اجزاء سے بھرپور اور اضافی جڑی بوٹیوں سے پاک ہوجائے گی۔

بیج لگانے کا طریقہ

سبزیوں کی نوعیت کے مطابق زمین تین طریقوں سے تیار کی جاتی ہے۔

پہلے طریقے میں زیر زمین اگنے والی سبزیاں مثلاً مولی،شلجم اورگاجروغیرہ لگانے کے لئے زمین میں کھلیاں بنائی جاتی ہے۔ ہر کھلی کی چوڑائی ایک فٹ اور اونچائی نو انچ رکھی جاتی ہے ۔ لمبائی میں آپ ضرورت اور جگہ کے مطابق کمی بیشی کرسکتے ہیں۔ ایک جگہ پر مناسب فاصلے پر دو سے تین بیج لگانے چاہئیں۔

دوسرا طریقہ بنے  بنانا ہے جو تین فٹ چوڑے اورنو انچ اونچے ہونے چاہئیں۔ مٹی کے بنوں میں بیلوں والی سبزیوں کے بیج مثلاً کھیرا،کدو اور توری وغیرہ دبائے جاتے ہیں۔بیج شمال کی سمت میں لگائے جائیں تاکہ اگنے والے پودے کا رخ جنوب کی سمت میں ہو کیونکہ سبزیاں ہمیشہ سورج کی طرف اگتی ہیں۔

تیسرا طریقہ کیاریاں بنا کر سبزیاں اگانے کا ہے ۔ گھروں میں چھوٹی کیاری بنائی جاتی ہے ۔اگر آپ چھوٹے بیج والی سبزیاں یا وہ پودے لگانا چاہتے ہیں جو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہیں کئے جاسکتے مثلاًپالک،میتھی اور دھنیا وغیرہ توان کے بیج ان کیاریوں میں لگا دیجئے۔

پانی دینے کا طریقہ

اوپر بتائے گئے طریقوں کے مطابق آپ نے جو کھلیاں،بنے اور کیاریا ں بنائی ہیں ان کے درمیان ایک سے ڈیڑھ انچ جگہ خالی رکھیں۔ اس نالی نما خالی جگہ میں اتناپانی چھوڑیں کہ اس کی سطح بیج کے لئے بنائی گئی جگہوں(کھلیوں‘ بنوں اور کیاریوں) سے بلند نہ ہو۔ اس طرح بیج کو اس کی ضرورت کے مطابق ہی پانی مل پائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھناچاہئے کہ زمین خشک نہ ہونے پائے ‘ اس لئے کہ اس کا مناسب حد تک نم دار رہنا ضروری ہے۔اس کے علاوہ آپ کے روزانہ کے معمول میں گوڈی کرنا اور فالتو جڑی بوٹیوں تلف کرنا بھی شامل رہنا چاہئے۔

kitchen gardening, land, seed plantation, watering plants

Vinkmag ad

Read Previous

مسوڑھوں سے رستاخون

Read Next

سبزیوں کی دیکھ بھال

Leave a Reply

Most Popular