Vinkmag ad

گردے کا درد

A patient with symptoms of kidney pain sitting in a nephrology clinic

گردے معدے کے پیچھے اور نچلی پسلیوں کے نیچے موجود دو اہم اعضاء ہیں۔ ریڑھ کی ہڈی کے دونوں طرف ایک ایک گردہ موجود ہوتا ہے۔ گردے کا درد عموماً پیٹ کے اوپری حصے، پہلو یا کمر کے ایک جانب محسوس ہوتا ہے، تاہم ان حصوں میں ہونے والا ہر درد گردوں سے متعلق نہیں ہوتا۔ گردے کا درد ہلکا، مگر مسلسل ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ بخار اور پیشاب سے متعلق علامات بھی ظاہر ہوسکتی ہیں۔

وجوہات

گردے کا درد مختلف طبی مسائل کی وجہ سے پیدا ہوسکتا ہے، جیسے:

٭ گردے کے اندر خون بہنا

٭ گردے کی رگوں میں خون کے لوتھڑے بن جانا

٭ جسم میں پانی کی کمی ہونا

٭ گردوں میں پانی سے بھری رسولیاں بن جانا

٭ گردے کی پتھری بننا، جو نمکیات اور معدنیات سے بنتی ہے

٭ حادثے، گرنے یا کھیل کے دوران گردے کو چوٹ لگنا

سبب بننے والی بیماریاں

کچھ بیماریاں بھی گردے کے درد کا سبب بنتی ہیں، جن میں شامل ہیں:

٭ گردے میں سوجن یا پیشاب جمع ہونا

٭ گردے کا کینسر یا رسولی

٭ گردے کا انفیکشن

٭ پولی سسٹک کڈنی ڈیزیز

بعض اوقات یہ بیماریاں موجود ہوتی ہیں مگر درد محسوس نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر، گردے کا کینسر اکثر ابتدائی مراحل میں علامات پیدا نہیں کرتا۔

ڈاکٹر سے رابطہ کب کریں؟

اگر کمر یا پہلو میں مسلسل اور ایک طرف درد برقرار رہے تو فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ درج ذیل علامات کی موجودگی میں اسی دن ڈاکٹر کے پاس جائیں:

٭ بخار، جسمانی درد یا غیر معمولی تھکن

٭ پیشاب کی نالی کا حالیہ انفیکشن

٭ پیشاب کے دوران درد یا جلن

٭ پیشاب میں خون آنا

٭ متلی یا قے ہونا

اگر گردے میں اچانک اور شدید درد شروع ہو جائے تو ایمرجنسی میں مدد حاصل کریں۔ یہ احتیاط پیشاب میں خون ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں ضروری ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Joint Pain: From Minor Soreness to Chronic Arthritis

Read Next

Kidney pain

Leave a Reply

Most Popular