Vinkmag ad

نوزائیدہ بچوں میں انفیکشن

تین سے چھ ماہ تک کے اور نوزائیدہ بچوں میں انفیکشن کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ان کا جسم انتہائی نازک ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ان میں مدافعتی نظام کے مناسب طور پر کام کرنے کے لیے درکار عوامل مثلاً خون کے سفید خلیے وغیرہ یا تو ہوتے ہی نہیں ہیں یا ان کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔ نوازئیدہ بچوں کو ہونے والے کچھ عام انفیکشنز یہ ہیں:

٭خون کا انفیکشن(septicemia)۔

٭ گردن توڑ بخار۔

٭ پیشاب، ہڈیوں اور جوڑوں کا انفیکشن۔

٭ نمونیا۔

انفیکشن کی علامات

بچوں میں انفیکشن کی کوئی مخصوص علامات نہیں ہوتیں۔ تاہم ایسے میں عموماً بچہ دودھ پینا چھوڑ دیتا ہے، اسے بار بار قے ہوتی ہے اور بخار بھی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ جلد ٹھنڈی ہو جاتی ہے، وہ تیز تیز سانس لینے لگتا ہے، رنگ پیلا پڑ جاتا ہے، جھٹکے لگتے ہیں اور جلد پر دھبے یا سوجن ہو سکتی ہے۔

بچے کو انفیکشن سے کیسے بچائیں

٭ بچے کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

٭ والدین اور گھر کے دیگر افراد بچے کو اٹھانے یا ہاتھ لگانے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو دھوئیں۔

٭ بچے کو مسلسل چھ ماہ اور پھر دو سال تک ماں کا دودھ پلائیں۔ اس میں ایسی خصوصیات ہوتی ہیں جو انفیکشن، پیٹ کی بیماریوں اور سانس کے مسائل سے بچاتی ہیں۔

٭ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچے کی دیکھ بھال کرنے والا فرد خود صحت مند ہو۔ مثلاً اسے نزلہ، زکام یا کوئی اور بیماری نہ ہو۔ اگر کوئی اور آپشن نہ ہو تو ماسک پہن کر اور ہاتھ دھو کر بچے کو اٹھائیں۔

٭ بچے میں معمول سے ہٹ کر کوئی علامت ظاہر ہو تو موقع پر ہی معالج کو آگاہ کریں۔

ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

بچوں کی صحت کا خاص خیال کریں، ان میں کسی بھی قسم کی غیر معمولی علامت ظاہر ہو تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔ توجہ طلب علامات میں سانس اکھڑی ہونا یا تیز چلنا، بخار ہونا، رنگ تبدیل ہو جانا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مسلسل الٹیاں ہو رہی ہوں، کھانسی بڑھ رہی ہو، پیٹ خراب ہو، پانی کی کمی ہو، بچہ پیشاب نہ کر رہا ہو اور کمزور یا سست ہو رہا ہے تو بھی ڈاکٹر کو دکھائیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

سننے اور بولنے کی صلاحیت سے محروم بچے

Read Next

Chronic pain & opiod misuse

Leave a Reply

Most Popular