جوڑوں کی حفاظت ‘ مگر کیسے

جوڑوں کی حفاظت ‘ مگر کیسے

(ڈاکٹر عالم زیب سواتی‘ اسسٹنٹ پروفیسر‘انچارج شعبہ امراض ہڈی و جوڑبی یونٹ ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد )

٭جوڑوں کے درد کی ایک بڑی وجہ ہمارے اٹھنے اور بیٹھنے کے غلط انداز بھی ہیں۔ اکثر گھریلوخواتین سارا دن نیچے بیٹھ کر کپڑے دھوتی، کھانا پکاتی اور صفائی کرتی ہیں۔ واش روم میں انڈین سیٹ پر بیٹھتے ہوئے سارا بوجھ جوڑوں پر پڑتا ہے لہٰذا انگلش کموڈ زیادہ بہتر ہے۔جوڑوں کے تناظر میں زیادہ بیٹھنا مسائل پیدا کرتا ہے ، تاہم کاموں کے دوران انداز میں توازن ضروری ہے۔ ہم جب کہتے ہیں کہ وہ ورزش کیا کریں تو لوگ کہتے ہیں کہ ہم تو سارا دن پہاڑوں پر چڑھتے اترتے رہتے ہیں ہمیں اس کی کیا ضرورت ۔ ہم انہیں بتاتے ہیں کہ اسی سارا دن چڑھنے اترنے کی وجہ سے  جوڑوں پر اضافی دبائو پڑتا ہے۔اگر اس سرگرمی کو اعتدال سے کیا جائے تو بہت فائدہ مند ہے۔

٭ گردن، کولہوں ،گھٹنوں، کہنیوں، کندھوں اور کمر وغیرہ سمیت ہر جوڑکی ورزش ضروری ہے ۔ اس سلسلے میں فزیو تھیراپسٹ کی مدد لی جا سکتی ہے۔ انٹرنیٹ سے بھی اس کی ویڈیوز ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہیں۔ جوگنگ ایک مکمل ورز ش ہے جس میں اکثر جوڑوں کی ورزش ہوجاتی ہے۔

٭جوڑوں کے درد سے بچائو کے لئےمعمول میں دودھ کا استعمال اور سورج کی روشنی سے وٹامن ڈی حاصل کریں ۔ روزانہ تقریباً آدھا گھنٹہ دھوپ میں  ہاتھ، پائوں اور چہرہ کھلا رکھ کر بیٹھیں ۔ شیشے کے پیچھے نہ بیٹھیں، اس لئے کہ وہ الٹرا وائلٹ شعاعوں کو گزرنے نہیں دیتا جو وٹا من ڈی کو متحرک کرنے کے لئے ضروری ہے۔ خواتین میں یہ مسائل اس لئے بھی زیادہ ہیں کہ وہ مکمل طور پر بند رہتی ہیں۔ان کے گھروں میں پردے لگے ہوتے ہیں اور باہر نکلتے ہوئے بھی وہ خود کو ڈھانپتی ہیں۔ اس طرح انہیں دھوپ کم لگتی ہے جس کی وجہ سے ان میں وٹا من ڈی کی کمی پائی جاتی ہے ۔

٭ کیلشیم ہڈیوں کی نمبر1 اکائی ہے ۔اگرجسم میں اس کی کمی ہو گی توہڈیاں متاثر ہوں گی۔ جوڑ چونکہ انہی سے بنے ہوتے ہیں لہٰذا وہ بھی متاثر ہوں گے ۔ ہڈیاں کیلشیم کا سب سے بڑا ذخیرہ ہیں اور یہ ذخیرہ جوانی میں محفوظ کرنا چاہئے ۔اگر ایسا نہ کیا جائے تو ہڈیوں میں بھربھرا پن زیادہ ہو جاتاہے جس سے وہ جلدی ٹوٹ جاتی ہیں۔ عورتوں میں ہڈیوں کے مسائل زیادہ ہونے کا سبب یہ ہے کہ وہ دودھ کم پیتی ہیں، وٹامن ڈی کم لیتی ہیں اور زیادہ بار حمل سے گزرتی ہیں۔ بچوں کی پیدائش سے کیلشیم بھاری مقدار میں ہونے والے بچے کی طرف چلاجاتا ہے جس کی کمی پوری نہیں ہو پاتی۔

Joint protection, bones protection, common issue in females

Vinkmag ad

Read Previous

خوابوں کی حیرت انگیز دنیا

Read Next

آلہ سماعت

Leave a Reply

Most Popular