Vinkmag ad

ابلتے ہوئے یا گرم پانی سے جلنا

سردیوں میں گرم پانی کا استعمال عموماً زیادہ ہوتا ہے۔ ایسے میں بھاپ اور ابلتے ہوئے یا گرم پانی سے جلنا ممکن ہے۔ بلکہ ان دنوں میں اس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اگر جلد معمولی سی جلی ہو یعنی صرف اوپری پرت ہی متاثر ہو تو جلد لال ہو جاتی ہے، اس پر سوجن ہو جاتی ہے اور درد ہوتا ہے۔ اسے فرسٹ ڈگری برن کہتے ہیں۔

جلد کی اندرونی پرت متاثر ہو تو پانی والے چھالے بن جاتے ہیں، شدید درد اور سوجن ہوتی ہے۔ تیسرے درجے کے برنز میں جلد کی ساری تہیں اور ا ن کے نیچے موجود ٹشو بھی متاثر ہوجاتا ہے۔ ایسے میں جلد سفید یا کالی ہوجاتی ہے اور اعصاب متاثر ہونے کے باعث درد نسبتاً کم ہوتا ہے۔

جلنے  کی صورت میں ابتدائی طبی امداد

فرسٹ ڈگری برن کی صورت میں درد دور کرنے اور صحت یابی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ان ہدایات پر عمل کریں:

٭متاثرہ شخص کی مدد کرتے ہوئے اپنی حفاظت کریں۔ مثلاً اگر گرم پانی زمین پر گرا ہو تو دھیان سے جائیں، یہ نہ ہو کہ پھسل کر خود کو بھی نقصان پہنچا لیں۔

٭جلی ہوئی جلد پر یا اس کے قریب موجود زیورات اور کپڑے ہٹا دیں۔

٭جلی ہوئی جلد پر 10 سے 20 منٹ کے لئے ٹھنڈا(برف والا نہیں) پانی بہائیں۔ اس سے جلد کا درجہ حرارت کم ہوگا اور جلن کم ہو گی۔

٭ٹھنڈا کرنے کے بعد متعلقہ حصے کو صاف کپڑے سے تھپتھپا کر خشک کر لیں۔ پھر جراثیم سے پاک اور نہ چپکنے والی پٹی سے ڈھانپ دیں۔

٭ایلوویرا جیل سوزش دور کرنے اور جلد کی مرمت کے لئے مفید ہے۔ اسے بھی لگایا جاسکتا ہے۔

جلی ہوئی جلد کے لئے ایلوویرا جیل،ابلتے ہوئے یا گرم پانی سے جلنا-فرسٹ ایڈ-شفانیوز

٭جلے ہوئے حصے کو باقی جسم کے مقابلے میں اونچا رکھیں تاکہ درد اور سوجن کم ہو۔

٭ڈاکٹری نسخے کے بغیر کاؤنٹر پر دستیاب اینٹی بائیوٹک مرہم یا برن کے لئے مخصوص مرہم لگائیں۔ یہ انفیکشن سے بچاؤ میں مدد دیں گی اور جلی ہوئی جلد کو نم رکھیں گی۔

٭خارش کی صورت میں اینٹی الرجی استعمال کریں۔

ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

جلد کا ابلتے ہوئے یا گرم پانی سے جلنا ایک ایمرجنسی صورتحال ہے۔ ایسے میں گھر پر دیکھ بھال صرف تبھی مؤثر ثابت ہوتی ہے جب جلد معمولی جلی ہوئی ہو۔ اگر یہ زیادہ جلی ہو یا پھر نیچے بیان کردہ صورتوں کا سامنا ہو تو جتنا جلدی ممکن ہو ڈاکٹر کو دکھائیں:

٭جلد کا زیادہ حصہ متاثر ہوا ہو۔

٭چہرہ، کولہے، رانوں کے درمیان کا حصہ، پاؤں یا ہاتھ جلے ہوں۔

٭بخار ہو جائے اور ٹھنڈ لگے۔

٭مدافعتی نظام کمزور ہو۔

٭پانچ سال سے کم یا 70 سال سے زیادہ عمر کے مریض۔

بچاؤ کی تدابیر

٭نہانے سے پہلے ہاتھوں سے یا تھرمامیٹر سے پانی کا درجہ حرارت چیک کرلیں۔

پانی کا ٹمپریچر چیک کریں، جلنے سے بچاؤ-شفانیوز

٭بچوں کو گرم پانی کے ذرائع کے قریب نہ جانے دیں۔ ان پر نظر رکھیں۔

٭کھانا پکاتے ہوئے برتنوں کو پکڑنے کے لئے کیچر(catcher) استعمال کریں یا انہیں پکڑنے سے قبل دستانے پہن لیں۔

٭مائیکرویو میں کھانا گرم کرنے کے لئے اوون پروف برتن استعمال کریں۔

٭کافی، چائے اور گرم مشروبات کو ٹیبل کے کناروں پر نہ رکھیں۔ یہ بچوں کی پہنچ سے دور بھی ہوں۔

٭گیزر کا درجہ حرارت کم کریں۔

first degree burn, first aid for burns, hot water burns, how to treat hot water burns, garam pani say jild jal jaye tou kya karein, jali hui jild par kya lagaein, emergency, first aid

Vinkmag ad

Read Previous

خواتین میں کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے ٹیسٹ

Read Next

Premature graying of hair

Leave a Reply

Most Popular