Vinkmag ad

ریسٹورینٹ اور گھر کے بنے برگر میں کیا فرق ہے؟

گھر اور باہر کے برگر میں بالعموم ایک ہی جیسے اجزاء شامل ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود باہر کے برگر کو جنک فوڈ جبکہ گھر میں تیار کردہ برگر کو صحت بخش مانا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ معاملہ محض برگر کا نہیں بلکہ اس میں موجود اجزاء، ان کی مقدار اور تیاری کا بھی ہے۔  گھر اور باہر کے برگر میں کیا فرق ہے، آئیے جانتے ہیں۔

باہر کا برگر

برگر کے لیے جن اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میں بن، کباب اور مختلف سوسز شامل ہیں۔

٭ ریسٹورینٹ میں عموماً میدے سے بنے بن استعمال ہوتے ہیں جن کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

٭ بازار میں برگر پیٹیز بنانے کے لیے جن سبزیوں اور گوشت کا استعمال ہوتا ہے، ان کی صفائی ستھرائی کے معیار پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ اگر اس کا خیال نہ رکھا گیا ہو تو ہیضہ اور معدے کا انفیکشن ہو سکتا ہے۔

٭ ان پیٹیز کو فرائی کرنے کے لیے پرانا تیل بار بار استعمال ہو رہا ہوتا ہے۔ اسی طرح انہیں دو سے تین مرتبہ ڈیپ فرائی کیا جاتا ہے۔

٭ باہر سے ملنے والی اشیاء کتنی پرانی ہیں، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ اس کے علاوہ انہیں محفوظ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے کیمیکلز کا زیادہ استعمال بڑی آنت کے کینسر، ذیابیطس اور وزن بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے۔

٭ بازار یا ریسٹورینٹ میں فروخت ہونے والے برگر سوڈیم، چکنائی اور برے کولیسٹرول سے بھرپور ہوتے ہیں۔ انہیں کھانے سے فوری طور پر پیٹ بھرا بھرا محسوس ہوتا ہے۔ سوڈیم بلڈ پریشر بڑھانے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اس کے بعد سٹروک، دل اور گردوں کے امرض پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

٭ اس میں پنیر، مائیونیز، کیچپ اور دیگر سوسز استعمال کی جاتی ہیں جو کیلویرز میں اضافہ کرتی ہیں اور ان سے وزن بڑھتا ہے۔

گھر کا برگر

گھر کی بنی اشیاء تازہ ہوتی ہیں۔ انہیں عموماً اسی وقت یا ایک سے دو دن میں کھا کر ختم کر دیا جاتا ہے۔ ایسے میں ان کے پرانے یا خراب ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔ اسی طرح گھر پر برگر بناتے ہوئے ہم عموماً صفائی کا مکمل خیال رکھتے ہیں۔ اس کی تیاری کے دوران ہم اپنی پسند کے مطابق اجزاء کی مقدار کم یا زیادہ کر سکتے ہیں۔ مثلاً:

٭ ہم گھر پر برآن بن بنا سکتے ہیں۔

٭ پیٹیز بناتے ہوئے مصالحہ جات کی مقدار کم کر سکتے ہیں۔

٭ پیٹیز کو ڈیپ فرائی کے بجائے گرل کر سکتے ہیں۔

٭ تیل میں کینولا یا سویا آئل استعمال کر سکتے ہیں جو زیادہ صحت بخش ہوتے ہیں۔

٭ سوسز کی یا تو مقدار کم کی جا سکتی ہے یا ان کی جگہ پودینے کی چٹنی شامل کر سکتے ہیں۔

چیزوں کو گھر میں بنا لیا جائے تو ان سے ریسٹورینٹ جیسا ذائقہ تو آتا ہی ہے لیکن ساتھ ساتھ دیگر فوائد بھی ملتے ہیں۔ یہ کھانے صحت پر برے اثرات مرتب نہیں کرتے لہٰذا باہر کی اشیاء کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Tree Plantation | Impact of trees on climate change | Ft. Tofiq Pasha Mooraj

Read Next

پٹھوں کا کھچاؤ

Leave a Reply

Most Popular