Vinkmag ad

جسم پر غیر ضروری بال

بال سر پر ہوں تو خوبصورتی اور وجاہت کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔ اگر مردوں کے چہرے پر ہوں تو اکثر خوب سجتے ہیں۔ مگر یہ خواتین کے جسم کے ان حصوں پر آ جائیں جہاں قدرتی طور پر بہت کم یا بالکل بھی بال نہیں ہوتے تو پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔ ہرسوٹزم (Hirsutism) بھی ایک ایسی ہی کیفیت ہے۔ اس میں خواتین کے جسم پر غیر ضروری بال پیدا ہو جاتے ہیں۔ اس سے عموماً ان کے چہرے، پیٹھ، سینے اور کان متاثر ہوتے ہیں۔ غیر ضروری بال صاف کرنے کے لیے عام استعمال ہونے والے طریقوں میں ویکسنگ، ہیئر ریموول کریمز، شیونگ، پلکنگ اور تھریڈنگ وغیرہ شامل ہیں۔ یہ سب وہ طریقے ہیں جنہیں بار بار استعمال کیا جائے تو جلد کی نہ صرف رنگت متاثر ہوتی ہے بلکہ وہ ڈھیلی بھی ہو جاتی ہے۔

غیر ضروری بالوں کی وجوہات

٭خواتین کے ہارمونز کا غیر متوازن ہونا۔

٭ایام میں بے قاعدگی اور بانچھ پن۔

٭سن یاس (مینوپاز) کے مرحلے سے گزرنے کے دوران یا اس کے بعد خواتین کے ہارمو نز میں تبدیلیاں۔

٭غذاؤں میں ایسے کیمیکلز کا ایک خاص تناسب سے زیادہ استعمال جو اسے زیادہ عرصے تک محفو ظ رکھتے ہیں۔ یہ کیمیکلز ہارمونز میں تبدیلیوں کا باعث بنتے ہیں جن کے ضمنی اثر کے طور پر یہ مسئلہ بھی ہو جاتا ہے۔

٭وزن زیادہ ہونا۔

٭خاندان میں اس مسئلے کی موجودگی یعنی موروثی عامل۔

ہرسوٹزم کا علاج

چہرے یا جسم کے دیگرحصوں پر غیر ضروری بالوں سے نجات کے لیے محفوظ اور دیر پا طریقہ لیزر ٹریٹمنٹ ہے۔ اس میں جلد کے اندر موجود بالوں کی جڑوں کو جلا دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بال دوبارہ نہیں اگتے۔ یہی طریقہ علاج بعض اوقات نوزائیدہ بچے کے چہرے اور جسم پر پیدائشی نشانات کو ختم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسے بچوں کو تین سال کی عمر تک پہنچنے سے پہلے ٹریٹمنٹ کرانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اکثر خواتین شکایت کرتی ہیں کہ ٹریٹمنٹ کے بعد ان کی جلد پر بال دوبارہ آ جاتے ہیں۔ اس کا بڑا سبب ہارمونز میں تبدیلیوں کے باعث اس جگہ پر نئے بالوں کی جڑوں کا نکلنا ہے۔ لیزر ٹریٹمنٹ پہلے سے موجود بالوں کو جلا تو سکتا ہے مگر نئے آنے والے بالوں کو روک نہیں سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ اس ٹریٹمنٹ کو مستقل طور پر بالوں سے نجات کے بجائے لمبے عرصے کے لیے بالوں کے کم کرنے کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔

لیزر کے بعد بال کب آئیں گے، اس کا انحصار ہارمونز میں تبدیلیوں پر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ سٹیرائیڈز کی حامل کریموں کا استعمال، ایام کی بندش اور مانع حمل ادویات کی بدولت نئے بال اپنی جڑوں سمیت جلدی اگ سکتے ہیں۔

بچاؤ کے طریقے

غیر ضروری بالوں اور ہارمونز کی بے اعتدالیوں سے محفوظ رکھنے میں یہ تدابیر مفید ہیں:

٭ورزش با قا عدگی سے کریں۔

٭ڈبوں میں محفوظ کی گئی خو راک، سبزیوں اور پھلوں کی بجائے یہ چیزیں تازہ استعمال کریں۔

٭ایسا گوشت استعمال نہ کریں جو زیادہ عر صے تک محفو ظ رکھا گیا ہو۔

طبی سائنس میں ترقی کی بدولت غیر ضروری بالوں سے نجات کے لیے مختلف طریقے کامیابی سے استعمال ہو رہے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود بھی پرہیز علاج سے بہتر ہے۔ اس لیے ایسا طرز زندگی اختیار کریں جو آپ کو صحت مند رکھ سکے۔ اس سے نہ صرف آپ غیر ضروری بالوں بلکہ صحت کے دیگر مسائل سے بھی محفوظ رہیں گے۔

Vinkmag ad

Read Previous

لیکوریا سے بچاؤ

Read Next

آج سے پنجاب اور سندھ میں پولیو مہم کا آغاز

Leave a Reply

Most Popular