Vinkmag ad

ہیپاٹائٹس بی سے متعلق مفروضات کی حقیقت

ہیپاٹائٹس جگر کی سوزش ہے جو مختلف طرح کے جراثیم سے ہوتی ہے۔ اس کی مختلف اقسام ہیں جن میں سے ایک ہیپاٹائٹس بی بھی ہے۔ اس سے متعلق کئی طرح کے تصورات پائے جاتے ہیں۔ ہیپاٹائٹس بی سے متعلق مفروضات کی حقیقت جاننا بہت ضروری ہے۔ ان میں سے چند مفروضے اور ان کی حقیقت یہ ہے:

مفروضہ نمبر 1

بعض لوگوں کا خیال ہے کہ آلودہ خوراک کھانے سے ہیپاٹائٹس بی ہو جاتا ہے۔ یہ خیال درست نہیں۔ آلودہ خوراک کھانے سے ہیپاٹائٹس بی نہیں بلکہ اے اور ای ہو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ اے اور ای اتنی خطرناک بیماریاں نہیں۔ اصل میں خطرناک بیماریاں ہیپاٹائٹس بی اور سی ہیں۔

مفروضہ نمبر 2

عام تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں یہ مرض سب سے زیادہ ہے۔ یہاں کی تقریباً 18 فی صد آبادی اس کی شکار ہے۔ اسے دور کی کوڑی مت جانیے، احتیاط کیجیے۔

مفروضہ نمبر 3

لوگوں کی بڑی تعداد آنکھوں یا جلد کے پیلا ہو جانے کو اس کی بڑی علامت سمجھتی ہے۔ پیلاہٹ ہیپاٹائٹس اے اور ای کی علامات ہیں۔ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی علامات بہت کم ہوتی ہیں اور اکثر تب ظاہر ہوتی ہیں جب پانی سرسے گزچکا ہوتا ہے۔

مفروضہ نمبر 4

ہیپاٹائٹس کے ساتھ وابستہ خوف کا بڑا سبب اس کے لاعلاج اور موت کی گھنٹی ہونے کا تاثر ہے۔ یہ بہت پرانی بات ہے۔ اب اس کا علاج ممکن ہے اور مریض 100 فی صد بھی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

مفروضہ نمبر 5

کچھ لوگ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہیپاٹائٹس بی، اے اور سی میں بدل جاتا ہے۔ ایسا سمجھنا بالکل غلط ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مرض کی ہر قسم کا وائرس الگ ہوتا ہے۔

مفروضہ نمبر 6

ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین لگوانے پر بہت زور دیا جاتا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ویکسین لگوانے سے اس کے مریض ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ ویکسین مرض سے پہلے لگوائی جاتی ہے تاکہ مرض سے تحفظ مل سکے۔ اگر بیماری ہو جائے تو پھر ویکسی نیشن نہیں بلکہ علاج کیا جاتا ہے۔

مفروضہ نمبر 7

 ہیپاٹائٹس بی کے بارے میں ایک تاثر یہ بھی ہے کہ یہ ایک موروثی بیماری ہے۔ واضح رہے کہ یہ بیماری والدین سے بچوں میں منتقل نہیں ہوتی۔ یہ وائرس سے لگنے والی بیماری ہے جس کا موروثیت سے کوئی تعلق نہیں۔

مفروضہ نمبر 8

کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی، دونوں کی ویکسین موجود ہے۔ تاہم ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین تو موجو د ہے لیکن سی کی موجود نہیں۔

 

Vinkmag ad

Read Previous

سیریبرل پالسی: والدین کے لئے اہم ہدایات

Read Next

آٹزم کےاثرات

Leave a Reply

Most Popular