Vinkmag ad

دل کا دورہ

دل کا دورہ

دل کی بیماری اسے خون پہنچانے والی نالیوں کی دیواروں پرچکنائی جمع ہونے سے ہوتی ہے۔ چکنائی کے اجزاء کولیسٹرول اوردیگر فاسد مادوں سے مل کر بنتے ہیں اورایتھروما کہلاتے ہیں۔ ان کا جمنا شریانوں کی تنگی کا باعث بنتا ہے جس سے دل کی طرف خون کی سپلائی میں جزوی رکاوٹ یا مکمل تعطل پیدا ہوجاتا ہے۔ یہ عمل ایتھیروسکلیروسزکہلاتا ہے اور دل کے دورے کا باعث بن سکتا ہے۔ مردوں میں دل کے دورے کی شرح خواتین سے چارگنا زیادہ ہوتی ہے۔ تاہم خواتین کے سن یاس میں داخل ہونے کے بعد یہ شرح برابرہوجاتی ہے۔

وجوہات کیا ہیں

٭خاندان میں دل کی بیماری کی موجودگی۔

٭ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشراور ذہنی یا اعصابی تناؤ کی شکایت۔

٭تمباکونوشی کی عادت۔

٭موٹاپا اورجسمانی سرگرمیوں کی کمی۔

٭کھانے پینے کی غلط عادات۔

٭خون کی نالیوں میں جمع کولیسٹرول کا خون کی روانی میں رکاوٹ پیدا کرنا یا نالیوں کو مکمل بند کر دینا۔

علامات

ہارٹ اٹیک کی کچھ خاص علامات ہیں جن سے اس کیفیت کا پتہ چلتا ہے۔ مثلاً

٭چلنے یا سیدھا لیٹنے کے دوران سانس پھولنا۔

٭دورانِ نیند گھٹن محسوس ہونا اورہڑبڑا کرجاگ اٹھنا۔

٭سینے میں غیرمعمولی اوراچانک درد محسوس ہونا۔

بعض مریض چلتے ہوئے سینے پربوجھ محسوس کرتے ہیں جورکنے کی صورت میں باقی نہیں رہتا۔

اس کی دیگرعلامات میں بے چینی، تیز کھانسی، چکر آنا، جسم کے دیگرحصوں میں درد، متلی یا قے آنا،دل کی بے ترتیب اور تیزدھڑکن، سانس لینے میں دشواری یا سانس کا ٹوٹنا، جسم پرسوجن اورجسمانی کمزوری شامل ہیں۔

کھانا کھانے کے بعد چلنے یا کوئی مشقت والا کام کرنے سے سینے میں درد ہوتو اسے انجائنا کہتے ہیں۔ کچھ مریض براہ راست دل کے دورے کا شکارہوتے ہیں جبکہ کچھ پہلے انجائنا اورپھر دل کے دورے سے دوچارہوتے ہیں۔

فوری امداد

٭کوئی پرمشقت کام کررہے ہوں یا کھیل کھیل رہے ہوں تواسے فوری طورپرروک دیں اورایک جگہ بیٹھ یا لیٹ جائیں۔

٭دل کے دورے کا سبب خون میں بن جانے والا لوتھڑا ہوتا ہے۔ ڈسپرین کی گولی اس جمے ہوئے خون کو دوبارہ مائع حالت میں تبدیل کرکے خون میں پیدا شدہ رکاوٹ کووقتی طورپردورکردیتی ہے۔ ایسے میں ڈسپرین کی ایک گولی چبا لینی چاہئے اورساتھ ہی مریض کو فوراً کسی ایسے قریبی ہسپتال میں پہنچانا چاہئے جہاں کریٹیکل کیئریونٹ کی سہولت موجود ہو۔

بچنے کے لئے احتیاطیں

درج ذیل ہدایات پرعمل اس کے امکانات کم کردیتا ہے

٭بلڈپریشراورکولیسٹرول کی سطح نارمل رکھیں۔

٭کم چکنائی والی اورزیادہ ریشہ دار غذائیں مثلاً پھل، سبزیاں اورثابت اناج وغیرہ استعمال کریں۔

٭سیر شدہ چکنائی والی چیزوں مثلاً چکنائی والا گوشت، مکھن، گھی، چربی، کریم، پنیر، پیزا، بسکٹ، کیک اور ایسے کھانوں سے پرہیزکریں جن میں ناریل کا تیل یا پام آئل شامل ہو۔

٭غیرسیرشدہ چکنائی والی غذا کھائیں جن میں کم تیل میں فرائی کی گئی مچھلی، گری دارمیوے اورسورج مکھی، سرسوں یا زیتون کا تیل شامل ہیں۔

٭تمباکونوشی مکمل طورپرترک کریں۔

٭وزن کو قابو میں رکھنے کے لئے جسمانی طورپر چاق و چوبند رہنے کی عادت ڈالیں۔

٭روزانہ 40 منٹ ورزش یا ہفتے میں پانچ دن ورزش کریں۔

heart attack causes and prevention, heart attack symptoms, first aid

Vinkmag ad

Read Previous

ہیضہ

Read Next

گردن توڑ بخار

Leave a Reply

Most Popular