ہیضہ
ہیضہ شدید قسم کے ڈائیریا کا حامل مرض ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہرسال تقریباً 30سے 50 لاکھ افراد اس کا شکارہوتے ہیں جن میں سے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزارافراد موت کا شکارہوجاتے ہیں۔ اس مرض کا جرثومہ چھوٹی آنت پرحملہ آورہوکرانفیکشن کا باعث بنتا ہے۔عموماً آلودہ پانی یا گلی سڑی سبزیوں کے استعمال سے یہ بیکٹیریا انسانی جسم میں پہنچتا ہے۔ اس کا فوری علاج نہ کیا جائے تو مریض کے جسم میں نمکیات کی شدید کمی ہو جاتی ہے جوخطرناک صورت حال ہے۔ اس کے باعث مریض چار سے 12 گھنٹوں میں کومے میں بھی جا سکتا ہے اورتقریباً 18گھنٹوں کے اندراس کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔
عمومی علامات
٭پانی کی طرح کے پتلے دست آنا اوربار بار قے ہونا۔
٭دل کی دھڑکن بے قاعدہ اور نبض کی رفتارکم ہوجانا۔
٭بہت زیادہ پیاس لگنا۔
٭پیٹ میں مروڑ اٹھنا۔
٭بہت زیادہ تھکاوٹ اورکمزوری محسوس ہونا۔
٭ہاتھ اورپائوں کی انگلیوں میں اکڑن ہونا اورآنکھیں اندرکی جانب دھنس جانا۔
کرنے کے کام
٭معدے میں کوئی چیز ٹھہر نہ رہی ہو تومریض کو ہسپتال لے جائیں۔
٭وقفے وقفے سے اوآرایس پیتے رہیں۔
٭جن علاقوں میں پانی آلودہ ہو‘ وہاں اسے لازمی طور پرابال کر استعمال کریں۔
٭کھانے پینے کی چیزوں کی صفائی کا خاص طورپرخیال رکھیں۔
٭متاثرہ افراد کے زیراستعمال اشیاء (مثلاً کپڑے، بستراورتولیہ وغیرہ ) جراثیم کش ادویات کی مدد سے جراثیم سے پاک کریں۔
٭کھانا کھانے سے پہلے اچھی طرح سے ہاتھ دھوئیں۔
٭ گھر کے اندراوراس کے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر میں گندے پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام کریں۔
cholera, cholera prevention, symptoms of cholera