Vinkmag ad

سیب ایک کرشماتی پھل

سیب ٗ ایک کرشماتی پھل

انواع واقسام کے پھلوں میں سے سیب وہ پھل ہے جسے میڈیسن میں صحت کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا ہے ۔ اسی تناظر میں یہ کہاوت بھی بہت مشہور ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانا آپ کو ڈاکٹرکے پاس جانے سے بچائے رکھتا ہے۔

سیب غذائیت سے بھرپور پھل اور وٹامن سی کا خزانہ ہے ۔اس کے اندر مختلف اینٹی آکسی ڈنٹس موجود ہیں جو انسانی جسم میں انفیکشنز کو ختم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیلشیم،فاسفورس،فلورائیڈ اور پوٹاشیم اس کے دیگر اہم غذائی اجزاء ہیں۔

طبیعت میں تازگی

سیب دماغی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے۔ اس کے کھانے سے انسان تروتازہ اور ہشاش بشاش رہتا ہے۔ جسمانی اور دماغی کمزوری کے شکار افراد کے لئے یہ پھل اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے۔

دل‘جگر اور پتہ

سیب کے باقاعدہ استعمال سے معدہ اور جگر فعال ہوتے ہیں۔ اس میں فائبر کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جو جگر کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔ سبز رنگ کا سیب کھانے سے پتے میں پتھری بننے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔ سیب میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے جو دل کی دھڑکن کو متوازن اوربلڈ پریشر کو قابو میں رکھتا ہے۔

چہرے کی چمک

سیب میں موجوداینٹی آکسی ڈینٹس چہرے کو چمکدار اور انہیں قبل از وقت جھریوں سے پاک کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔

موٹاپے سے نجات

اگر دوکھانوں کے درمیان ہلکی پھلکی بھوک میں سنیکس کی بجائے سیب کھا لیا جائے تو یہ معدے کے بھرے ہونے کا احساس دلاتا ہے ۔ایسے میں کم کھانا کھایا جاتا ہے۔ موٹاپے سے پریشان افراد اگر ناشتے اور لنچ کے درمیان ایک سیب اورلنچ اور ڈنر کے درمیان ایک سیب کھائیں تو اس سے ان کا وزن کم ہوگا۔

آئرن کی کمی

سیب میں آئرن کی مقدار کم ہوتی ہے۔ اس کے باوجود خون کی کمی کے شکار افراد کو ڈاکٹرحضرات سیب کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس میں موجود وٹامن سی آئرن کو جذب کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس سے جسم میں آئرن کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔

بھوک نہ لگنا

جن بچوں یا بڑوں کو بھوک نہ لگنے کی شکایت ہو‘ ان کے لئے سیب کھانابہت مفید ہے۔ تجربے کے طور پر آپ کھانے سے 30منٹ پہلے سیب کھائیں‘ آپ اس دن معمول سے زیادہ کھائیں گے۔

ہڈیوں کے لئے مفید

خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری‘ ان کابھربھراپن اور دیگر مسائل زیادہ پائے جاتے ہیں لہٰذا انہیں زیادہ سیب کھانے چاہئیں۔ اس لئے کہ اس میں موجود فلورائیڈ ہڈیوں میں کیلشیم بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

مسوڑھے اور دانت

سیب کے گودے میں ایسے جراثیم کش اجزاء پائے جاتے ہیں جو دانتوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں موجود کیلشیم کی وجہ سے آپ کے دانت چمک دار اور مسوڑھے مضبوط رہتے ہیں۔

جوڑوں کا درد

جوڑوں کے مریضوں کے لئے سیب ایک جادوئی دوا کی حیثیت رکھتا ہے ۔اس میں موجود فاسفورس کی زیادہ مقدار جوڑوں کو فعال بناتی ہے اور اس کے درد کو رفع کرتی ہے۔

benefits of apple, freshness, joint pain

Vinkmag ad

Read Previous

اسہال‘ کرے بے حال

Read Next

سیب کا سرکہ

Leave a Reply

Most Popular