Vinkmag ad

گلوٹن الرجی

گلوٹن الرجی

آج کل غذا اورغذائیت کے تناظرمیں گلوٹن کا ذکراکثرسننے میں آتا ہے۔ یہ گندم، جواوررائی وغیرہ میں پائی جانے والی ایک پروٹین ہے۔ بعض لوگوں کو اسے ہضم کرنے میں دقت ہوتی ہے جسے گلوٹن حساسیت  کہا جاتا ہے۔ بروقت تشخیص اورعلاج نہ ہونے کی صورت میں یہ سیلئک  مرض کی صورت اختیارکرلیتی ہے۔ بنیادی طورپریہ ہاضمے سے متعلق خرابی ہے جس سے ایک طرف چھوٹی آنت غذائیت کو جذب نہیں کرپاتی تو دوسری طرف یہ آنت میں سوزش کا باعث بھی بن جاتی ہے۔

مرض کی علامات

گلوٹن الرجی کسی بھی فرد کو کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے۔ مزید برآں یہ مسئلہ محض کھانے پینے کے مسائل تک محدود نہیں رہتا بلکہ کچھ لوگوں کی جلد کو بھی متاثرکرتا ہے کیونکہ گلوٹن صابن ، شیمپو یا لوشن وغیرہ میں بھی ہوسکتا ہے۔ اس لئے مریض کو نہ صرف کھانے بلکہ جلد پربھی گلوٹن فری مصنوعات کا استعمال کرنا ہوتا ہے۔

اس کی بنیادی علامات میں قبض، گیس، موٹاپا، پیٹ درد، قے، ڈائریا اورتھکاوٹ شامل ہیں۔ جلدی سوزش کی صورت میں کہنیوں، گھٹنوں، کمر یا سرپرپانی والے چھوٹے چھوٹے دانے بن جاتے ہیں۔ مرض کی تشخیص کے لئے خون کے ٹیسٹ اورچھوٹی آنت کی بائیوپسی کی جاتی ہے۔

متبادل غذائیں

گندم اوراس سے بنی اشیاء نہ کھا پانے کے باعث مریض کئی طرح کی غذائی کمی کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس سلسلے میں بلاتاخیرمتبادل غذائیں مثلاً بیسن، مکئی، چاول یا باجرے کا آٹا ، دالیں‘ سبزیاں اورپھل وغیرہ استعمال کریں۔

مصنوعات کیسے خریدیں

گلوٹن کی حساسیت کے حوالے سے بہترین حکمت عملی یہ ہے کہ کھانے کی جو بھی چیزخریدی جائے، اس کے لیبل پردی گئی ہدایات کوغور سے پڑھا جائے۔ پاکستان میں اس حوالے سے آگاہی جیسے جیسے بڑھ رہی ہے ویسے ویسے گلوٹن فری اشیاء بھی متعارف ہورہی ہیں۔ ان میں سے کچھ کو گھرپربھی تیار کیا جاسکتا ہے۔اس طرح کم بجٹ میں صاف ستھری اورغذائیت سے بھرپوراشیاء بنائی جاسکتی ہیں۔

علاج میں تاخیر‘پیچیدگیاں

اس بیماری میں چونکہ چھوٹی آنت کی غذائی اجزاء جذب کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے لہٰذا آئرن ، فولیٹ، وٹامن ڈی اورکیلشیم کی کمی زیادہ دیکھنے میں آتی ہے۔

اگرلمبے عرصے تک اس مسئلے کا علاج نہ ہو توچکنائیوں کو حل کرنے والے وٹامنزمثلاً وٹامن اے، ڈی، ای اورکے جسم میں جذب نہیں ہو پاتے۔ اس کی وجہ سے خون کی کمی، ہڈیوں کا بھربھرا اورٹیڑھا ہونا، وٹامن ڈی کی کمی، بانجھ پن یا بڑھوتری کے رک جانے جیسے مسائل سامنے آسکتے ہیں۔ اگر ہاضمے کی خرابی کا شکارہوں تو بلاتاخیرماہرغذائیات سے رابطہ کریں۔ اگر گلوٹن الرجی کا مسئلہ ہو تو بروقت تشخیص اورعلاج سے متاثرہ شخص کسی پیچیدگی کا شکار نہ ہو اور صحت مند زندگی گزارسکے۔

gluten protein, celiac disease, gluten allergy symptoms, digestion issues 

Vinkmag ad

Read Previous

کیا سگریٹ اور کولا مشروبات بدہضمی دور کرتے ہیں؟

Read Next

سیاہ حلقے اور سوجن

Leave a Reply

Most Popular