آنکھوں کے گرد حلقے یا سوجن ایک عام مسئلہ ہے جس کے لئے بالعموم باقاعدہ علاج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ بعض افراد میں یہ مسئلہ جینیاتی ہوتا ہے جبکہ کچھ میں اس کی وجہ الرجی، ایگزیما، مسلسل تھکاوٹ، نیند کی کمی، ذہنی تناؤ، انیمیا، تمباکونوشی، سورج کی شعائیں یا بڑھتی عمرکے اثرات وغیرہ بھی ہوسکتے ہیں۔
اس سلسلے میں کئی مصنوعات کے فائدہ بخش ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے تاہم دیرپا اور مؤثر حل اس کی وجہ تلاش کرنا اور اس کے مطابق حکمت عملی اختیار کرنا ہے۔
مفید ٹِپس
یہ مسائل ہوں تو ڈاکٹر کے مشورے سے خون کے ٹیسٹ ضرور کروائیں تاکہ ان کے پس پردہ طبی مسائل کی تشخیص ہوسکے۔ عام صورتوں میں ان سے بچاؤ یا انہیں کم کرنے کے لئے یہ ٹپس مددگارثابت ہوسکتی ہیں
٭گیلا کپڑا، ٹھنڈا کھیرا یا ٹھنڈی چمچ کو آنکھوں کے نچلے حصے پر کچھ منٹ کے لئے رکھیں۔ اس سے حلقے اورآنکھوں کے گرد سوجن کم ہوتی ہے۔
٭ان کا سبب الرجی ہو تو الرجی کاباعث بننے والے عوامل سے دوررہیں۔ ڈکٹر کی تجویز کردہ دوا باقاعدگی سے استعمال کریں۔
٭تمباکو جسم میں موجود وٹامن سی کی مقدارکو کم کرتا ہے جو کولیجن نامی پروٹین بنانے کے لئے ضروری ہے۔ کولیجن کی کم مقدار جلد کو کمزورکرتی اور خون کی نالیوں میں خون جمع ہونے کا سبب بنتی ہے۔ ایسا آنکھوں کے نیچے والے حصے میں موجود نالیوں میں ہوجائے تو سوجن اورحلقے بن جاتے ہیں، اس لیے تمباکونوشی سے اجتناب کریں۔
٭وٹامن سی کی حامل اشیاء خوراک میں شامل کریں۔ یہ مالٹے، سرخ مرچوں، بروکلی اورسٹرابیری وغیرہ سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
٭حلقوں کا سبب آئرن کی کمی ہوتوآئرن کی حامل اشیاء مثلاً گوشت، دالیں، سبز پتوں والی سبزیاں، کشمش، خوبانی، مٹر، بریڈ، پاستہ اورسیریل وغیرہ کھائیں۔
٭نیند پوری کریں اورعمومی صحت کا خیال رکھیں۔
٭سورج کی شعائیں حلقوں کا باعث بن رہی ہو ں توان سے بچنے کے لئے سن سکرین، سن گلاسز، ٹوپی یا موائسچرائز کی مدد لی جاسکتی ہے۔
٭بعض اوقات پانی کی کمی سے آنکھوں کے نیچے سوجن ہوجاتی ہے۔ ایسے میں پانی کی مطلوبہ مقدارپئیں۔ اگرزیادہ پانی نہ پیا جاتا ہوتو دیگر مشروبات سے اس کمی کو پورا کرلیں۔
٭سونے سے قبل میک اَپ صاف کریں اورآنکھوں کو اچھی طرح دھولیں ورنہ آنکھوں کے نیچے ٹشو متاثرہوکرسوج سکتا ہے۔
٭زیادہ نمکین کھانوں سے جسم میں کہیں بھی سوجن ہوسکتی ہے۔ اس لئے ان سے اجتناب کریں۔
٭سونے کے لئے لیٹیں توسرکو باقی جسم کے مقابلے میں تھوڑا اونچا رکھیں۔ اس سے آنکھوں کے گرد سوجن نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ سونے سے قبل مشروبات کی مقدارکم کردیں۔
dark circles and eye bags, how to prevent dark circles and eye bags
