Vinkmag ad

گیس کی وجہ سے درد

Gas pain symptoms, abdominal bloating, trapped gas, diagnosis, treatment, and digestive health illustration

گیس (Gas) ہاضمے کے عمل کا ایک عام حصہ ہے اور اضافی گیس کا ڈکار یا مقعد کے ذریعے خارج ہونا جسم کا قدرتی عمل ہے۔ تاہم جب گیس ہاضمے کی نالی میں پھنس جائے یا آسانی سے خارج نہ ہو سکے تو پیٹ میں گیس کا درد (Gas pain) ہو سکتا ہے۔ بعض اوقات مخصوص غذائیں یا نظام ہاضمہ کی بعض بیماریاں اس میں اضافہ کر سکتی ہیں۔

علامات

اس کی  یہ علامات ہو سکتی ہیں:

٭ بار بار ڈکار آنا

٭ بار بار گیس خارج ہونا

٭ پیٹ میں درد، مروڑ یا کھنچاؤ محسوس ہونا

٭ پیٹ بھرا ہوا یا دباؤ محسوس ہونا

٭ پیٹ کا پھولا ہوا نظر آنا

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟

اگر گیس کا درد ختم نہ ہو، بہت شدید ہو یا روزمرہ کے کام متاثر ہونے لگیں تو ڈاکٹر کو دکھائیں، خاص طور پر اگر ان کے ساتھ یہ علامات بھی ہوں:

٭ پاخانے میں خون آنا

٭ پاخانے کی ساخت یا رنگ میں تبدیلی آنا

٭ پاخانے کی عادت میں تبدیلی آنا

٭ بغیر وجہ وزن کم ہونا

٭ قبض یا اسہال ہونا

٭ بار بار یا مسلسل متلی یا الٹی آنا

٭ پیٹ میں شدید یا مسلسل درد ہونا

٭ سینے میں درد ہونا

وجوہات

معدے میں گیس عموماً کھانے یا پینے کے دوران ہوا نگلنے سے بنتی ہے جبکہ بڑی آنت میں بعض غیر ہضم شدہ غذاؤں کو بیکٹیریا توڑتے ہیں تو بھی گیس بنتی ہے، جو ڈکار یا مقعد کے ذریعے خارج ہو جاتی ہے۔

خطرے کے عوامل

کچھ غذائیں اور طبی حالات گیس بننے کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں جو یہ ہیں:

٭ پھلیاں، پھل، سبزیاں اور ثابت اناج جیسی زیادہ فائبر والی غذائیں کھانا

٭ کاربونیٹڈ مشروبات پینا

٭ بہت تیزی سے کھانا، سٹرا سے پینا، چیونگم یا کھاتے وقت بات کرنا

٭ فائبر سپلیمنٹس یا مصنوعی مٹھاس والی اشیا استعمال کرنا

٭ سیلیئک کی بیماری، آئی بی ایس، گیسٹروپیریسس یا آنتوں میں بیکٹیریا کی زیادتی ہونا

٭ لیکٹوز یا گلوٹن جیسی غذاؤں کو ہضم نہ کر پانا

٭ قبض ہونا

تشخیص

تشخیص کے لیے ڈاکٹر میڈیکل ہسٹری، کھانے پینے کی عادات، علامات اور جسمانی معائنہ کرتے ہیں۔ اگر وزن میں کمی، پاخانے میں خون یا دیگر علامات موجود ہوں تو مزید ٹیسٹ بھی تجویز کیے جا سکتے ہیں۔

علاج

اگر گیس کسی دوسری بیماری کی وجہ سے ہو تو اس کا علاج کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ گیس کے علاج میں یہ اقدامات کیے جا سکتے ہیں:

٭ غذا اور روزمرہ عادات میں تبدیلی کرنا

٭ گیس بڑھانے والی غذاؤں یا مشروبات سے پرہیز کرنا

٭ پانی زیادہ پینا اور قبض سے بچنا

٭ ضرورت کے مطابق فائبر کا استعمال کرنا

٭ بغیر نسخے کے دستیاب گیس یا ہاضمے کی ادویات یا سپلیمنٹس استعمال کرنا

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا پیٹ کی گیس صرف کھانے کی وجہ سے ہوتی ہے؟

 نہیں، بعض اوقات ہاضمے کی کچھ بیماریاں بھی اس کا سبب بن سکتی ہیں۔

کیا پیٹ کی گیس میں دوا ضروری ہوتی ہے؟

 ضروری نہیں، اکثر خوراک اور طرزِ زندگی میں تبدیلی سے افاقہ ہو جاتا ہے۔

کیا بار بار گیس ہونا ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی علامت ہے؟

 جی ہاں، اگر گیس بار بار ہو یا شدید درد کے ساتھ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

ڈائیریا

Read Next

فریکچر: ہڈی کا ٹوٹنا

Leave a Reply

Most Popular