Vinkmag ad

آگ’ بچاؤ کی تدابیر

آگ’بچاؤ کی تدابیر

ہیٹر کے استعمال سے حتی الامکان بچنا چاہئے لیکن اس کا استعمال ضروری ہو تو درج ذیل احتیاطی تدابیرکو لازماً ذہن میں رکھیں۔

معیاری ہیٹر‘موٹے پائپ

غیرمعیاری ہیٹربظاہر کم خرچ ہوتا ہے لیکن زیادہ بڑے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ خریدتے وقت دھیان رکھیں کہ اس کے تمام بٹن استعمال میں آسان اورپائپ موٹا ہو۔ موٹے اورمضبوط پائپ گیس کے اخراج کو بہتر طریقے سے روک سکتے ہیں جبکہ پتلے پائپ سے گیس مسلسل خارج ہوتی رہتی ہے۔

کم ازکم پانچ فٹ دور

فرنیچر،کپڑے اوروہ تمام چیزیں جنہیں آگ لگنے کا خطرہ ہو‘ ہیٹر سے کم ازکم پانچ فٹ دوررکھیں۔ ننھے بچوں کو اس کے قریب کھیلنے یا کسی بڑے کی نگرانی کے بغیر بیٹھنے سے سختی سے منع کریں۔ پالتو جانوروں کو بھی اس سے دور رکھیں۔

سونے سے پہلے ہیٹرآف

ہیٹرسے ہونے والے آدھے سے زیادہ جانی نقصانات کی بڑی وجہ رات کے وقت ہیٹر جلا کر سوجانا ہے۔۔اس لئے رات کو سونے سے پہلے ہیٹرکو لازماً بند کریں ۔

کچن میں احتیاطیں

گھروں میں آگ لگنے کے 70فی صد واقعات کچن میں رونما ہوتے ہیں کیونکہ خواتین چولہے اوراوون وغیرہ کے استعمال میں لاپرواہی برتتی ہیں۔ بعض خواتین گھرکو گرم رکھنے کے لئے چولہے کو جلا کر رات بھرچھوڑ دیتی ہیں جو بہت خطرناک ہے۔اس لئے کام ختم کرنے کے بعد چولہے ،اوون یا دیگر آلات کو بند کرکے ہی کچن سے باہر جائیں۔

صفائی ستھرائی کا خیال

چمنی اورآگ جلانے والے دیگر آلات کی سال میں ایک دفعہ صفائی ستھرائی ضرور کروائیں۔ گردوغبار سے بھرا ہیٹر یا چمنی جس میں کچھ پھنسا ہوا ہو‘ حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

ہیٹرپر پانی کا کٹورا

جب گیس ہیٹرچلتا ہے تو کمرے کی فضاء میں موجود نمی کا تناسب کم ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے سانس کے مسائل ہونے لگتے ہیں۔ ایسے میں ہیٹر کے اوپر پانی کا کٹورا رکھنا مفید ہے۔ بعض لوگ آگ پکڑنے والے برتن اس پر رکھ دیتے ہیں، اس ضمن میں احتیاط کرنی چاہئے ۔علاوہ ازیں ہیٹر کو فرنیچرپرمت رکھیں اورنہ ہی ان پرگیلے کپڑے ڈالیں۔

گیس الارم کا استعمال

ہیٹرسے ہروقت تھوڑی تھوڑی گیس خارج ہوتی رہتی ہے۔ اگروہ اکٹھی ہو جائے تو جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ اس لئے ہرگھر میں کم از کم ایک کاربن مونوآکسائیڈ الارم ضرورہونا چاہئے۔ یہ الارم گیس کے زیادہ اخراج کو محسوس کرکے گھر والوں کو خبردار کردیتا ہے جس سے نقصان کا سدِباب کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں اسے مہینے میں ایک بارضرور چیک کروانا چاہئے تاکہ اس بات کی تصدیق ہو سکے کہ وہ ٹھیک کام کر رہا ہے۔

بجلی کے ہیٹر

بجلی کے ہیٹرکی تاریں قالین وغیرہ کے نیچے نہ چھپائیں۔ یہ جلد گرم ہو کرکسی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ خراب ہیٹرسے نقصانات دگنے ہوجاتے ہیں لہٰذا اسے کسی ماہرسے چیک کروائیں۔ بجلی کے ہیٹروں کو استعمال کرتے وقت دھیان رکھیں کہ اس کی جگہ گیلی نہ ہو۔ اسے برتن دھونے کی جگہ پر یا باتھ روم میں نہ لے جایا جائے کیونکہ اس سے کرنٹ لگ سکتا ہے۔انہیں گیلے ہاتھوں سے چھونے سے بھی گریز کرنا چاہئے۔

ایکسٹینشن کا استعمال

ایسی طاقتورایکسٹینشن خریدنی چاہئے جس میں 14پلگ ہوں‘ اس لئے کہ وہ زیادہ حرارت برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بعض لوگ چھوٹے سائزکے ساکٹ میں بڑا پلگ ڈال رہے ہوتے ہیں جس سے وہ (ساکٹ)ڈھیلے ہو جاتے ہیں۔ یہ آگ لگنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ استعمال کے بعد بجلی کے ہیٹرمحض بٹن بند کرنے کی بجائے پلگ اتارکر پوری طرح سے آف کریں۔

انسٹنٹ گیزرز

یہ چھوٹے سائز کے گیزرز ہیں جوباتھ روم یا کچن میں نصب ہو تے ہیں اورجیسے ہی نلکا کھولیں‘ خودبخود آن ہو کرپانی کو بہت جلد گرم کر دیتے ہیں۔ یہ انتہائی تیز پریشرسے آن ہوتے ہیں اوران کی گیس بھی خارج ہوتی رہتی ہے لہٰذا ان کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔

حاصل ِبحث یہ کہ ہیٹراوردیگر آلات سردیوں میں آپ کو حرارت ضرور فراہم کرتے ہیں لیکن ان کے اندر بہت سے خطرات بھی پوشیدہ ہیں۔ اس لئے ان کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتنی چاہئے۔

Heater, precautionary measures, instant geysers, electric heater

Vinkmag ad

Read Previous

سی سیکشن کوجانئے

Read Next

دال مکھنی

Leave a Reply

Most Popular