Vinkmag ad

ڈوبتے ہوئے کی مدد کیسے کریں

گرمیوں کی آمد آمد ہے اور اس موسم میں بعض لوگ تالابوں یا سوئمنگ پولز میں نہانا پسند کرتے ہیں۔ ایسے میں لوگوں کے ڈوبنے کی خبریں بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔

اگر آپ کے سامنے کوئی ڈوب رہا ہو اور آپ تیراکی جانتے ہوں تو عموماً زیادہ مسئلہ نہیں ہوگا۔ تاہم ایسا نہ ہو تو بغیر مدد کے پانی میں نہ جائیں۔ اس دوران سب سے پہلے ریسکیو ٹیم کو فون کریں اور صورتحال سے آگاہ کریں۔ اگر یہ آپشن دستیاب نہ ہو یا مدد آنے میں وقت لگتا ہو تو اس دوران ان ہدایات پر عمل کریں:

٭آس پاس دیکھیں کہ کوئی لائف جیکٹ، فلوٹر(جس کے ساتھ رسی بندھی ہو)، پانی کا خالی گیلن( ڈھکن لگا ہوا)، رسی یا لمبا اور مضبوط ڈنڈا موجود ہے یا نہیں۔

٭ ان میں سے کچھ بھی دستیاب ہو اور متاثرہ فرد ہوش میں بھی ہو تو ان کے ایک سرے کو کسی مضبوط اور بھاری چیز کے ساتھ باندھیں یا خود پکڑ لیں اور دوسرے کو متاثرہ شخص کی طرف پھینکیں۔

٭آس پاس کشتی ہو تو اسے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پانی سے نکالنے کے بعد ان ہدایات پر عمل کریں

٭متعلقہ شخص کو ہموار سطح پر کمر کے بل لٹائیں۔

٭اگر وہ بے ہوش ہو تو اسے کندھوں سے پکڑ کر ہلائیں اور اونچی آواز میں سوال کریں۔ مثلاً کیا آپ مجھے سن سکتے ہیں وغیرہ۔

٭مریض جواب نہ دے تو اس کی سانس چیک کریں۔ اگر وہ سانس لے رہا ہو تو اسے سائیڈ کر بل لٹائیں اور بازو کو سر کے نیچے رکھیں۔

٭سانس نہ لے رہا ہو تو اپنا ایک ہاتھ اس کی پیشانی پر رکھیں اور دوسرا ٹھوڑی کے نیچے رکھ کر اسے ہلکا سا اوپر کریں۔ اس سے سانس کی نالی میں رکاوٹ دور ہوگی۔

٭اب سانس بحال کرنے کے لئے اپنے ایک ہاتھ سے اس کی ناک کا نرم حصہ دبا کر بند کریں۔ اپنے منہ سے اس کے منہ میں دو مرتبہ سانس دیں۔ پھردونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو لاک کریں اور اس کے سینے پر دونوں نپل کے درمیان رکھیں۔ اب30مرتبہ بغیر رکے سینے پر دباؤ ڈالیں۔ ساتھ ساتھ اونچی آواز میں گنتی گنیں۔ پھر اس کی سانس محسوس کریں ،جب تک وہ بحال نہ ہو یہ عمل جاری رکھیں۔

٭متاثرہ فرد بچہ ہو تو سانس بحال کرنے کے لئے ایک ہاتھ کی ہتھیلی اور اگر نوزائیدہ ہو تو شہادت کی اور درمیانی انگلی استعمال کرتے ہوئے اوپر بتایا گیا عمل کریں۔

٭خون بہہ رہا ہو تو متعلقہ حصے پر کپڑا رکھ کر تھوڑی دیر کے لئے دبائیں۔

اگر آپ خود ڈوب رہے ہو ں تو کیا کریں

٭سب سے پہلے اپنے اوسان بحال رکھیں۔

٭کوئی بھی ایسی چیز مثلاً جوتے یا بیگ جو آپ پر بوجھ ڈال رہے ہوں انہیں اتاردیں۔

٭کمر کے بل لیٹنے کی پوزشین اختیار کرنے کی کوشش کریں اور تیرنے کے انداز میں ہاتھ پاؤں ماریں۔

٭ہر ممکن حد تک اپنا سر پانی سے باہر رکھنے کی کوشش کریں۔

٭آس پاس لوگ ہوں تو شور مچا کر انہیں اپنی طرف متوجہ کریں۔

drowning first aid, how to protect a drowning person, what to do if you are drowning, doobtay huay ki madad kaisay karein,

Vinkmag ad

Read Previous

ایکنی کیوں ہوتی ہے؟ | کیا یہ زیادہ پانی پینے سے ختم ہو جایی ہے؟

Read Next

گردے کے مریضوں کے لئے غذائی احتیاطیں

Leave a Reply

Most Popular