Vinkmag ad

ڈائپر ریش

Mother gently changing her baby's diaper and applying protective diaper rash cream to keep the baby's skin clean, dry, healthy, and free from diaper rash.

ڈائپر ریش (Diaper Rash) جلد کی ایک عام بیماری ہے، جس میں کولہوں، رانوں اور جنسی اعضا کے اردگرد جلد سرخ، سوجی ہوئی اور خارش زدہ ہو جاتی ہے۔ یہ مسئلہ عموماً گیلا یا گندا ڈائپر زیادہ دیر تک استعمال کرنے، جلد کی حساسیت یا ڈائپر کی رگڑ کے باعث ہوتا ہے۔

اگرچہ یہ مسئلہ زیادہ تر شیر خوار بچوں میں پایا جاتا ہے، لیکن باقاعدگی سے ڈائپر استعمال کرنے والا کوئی بھی فرد اس کا شکار ہو سکتا ہے۔

علامات

ڈائپر ریش کی عام علامات میں شامل ہیں:

٭ ڈائپر والے حصے یعنی کولہوں، رانوں اور جنسی اعضا کی جلد کا سرخ ہونا اور سوج جانا

٭ متاثرہ حصے میں خارش، جلن یا جلد کا حساس ہونا

٭ ڈائپر والے حصے میں زخم بن جانا

٭ ڈائپر تبدیل کرتے وقت بچے کا بے چین ہونا، رونا یا تکلیف کا اظہار کرنا

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر چند دن کی گھریلو دیکھ بھال کے باوجود ریش بہتر نہ ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔ بعض اوقات نسخے کی دوا درکار ہوتی ہے، جبکہ کچھ صورتوں میں ریش کسی دوسری جلدی بیماری یا غذائی کمی کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔

درج ذیل حالات میں فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں:

٭ ریش کے ساتھ بخار بھی ہو

٭ ریش شدید یا غیر معمولی نوعیت کا ہو

٭ گھریلو علاج کے باوجود ریش برقرار رہے یا مزید بڑھ جائے

٭ ریش سے خون، پیپ یا پانی نکلے یا شدید خارش ہو

٭ پیشاب یا پاخانہ کرتے وقت بچے کو جلن یا درد محسوس ہو

وجوہات

ڈائپر ریش مختلف وجوہات کی بنا پر ہو سکتا ہے، جن میں شامل ہیں:

٭ گیلا یا گندا ڈائپر زیادہ دیر تک نہ بدلنا

٭ تنگ ڈائپر یا کپڑوں کی جلد سے مسلسل رگڑ

٭ نئے ڈائپر، وائپس، صابن یا کریم کا استعمال

٭ بیکٹیریا یا فنگس کا انفیکشن

٭ بچے کی غذا میں نئی غذاؤں کا شامل ہونا

٭ جلد کا قدرتی طور پر حساس ہونا

٭ اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال، کیونکہ یہ فنگس کی افزائش کو روکنے والے مفید بیکٹیریا کو بھی ختم کر سکتی ہیں

خطرے کے عوامل

ڈائپر ریش کا خطرہ درج ذیل صورتوں میں زیادہ ہوتا ہے:

٭ ڈائپر بروقت تبدیل نہ کرنا

٭ جلد کا حساس ہونا

ممکنہ پیچیدگیاں

٭ گہری رنگت والے بچوں میں متاثرہ جلد کا رنگ ہلکا پڑ سکتا ہے۔ ہلکی تبدیلی عموماً چند ہفتوں میں ختم ہو جاتی ہے، جبکہ شدید صورتوں میں جلد کی معمول کی رنگت بحال ہونے میں کئی ماہ، بلکہ بعض اوقات سال بھی لگ سکتے ہیں

٭ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو ڈائپر ریش شدید انفیکشن میں تبدیل ہو سکتا ہے، جس کا علاج نسبتاً مشکل ہو سکتا ہے

علاج

ڈائپر ریش کے علاج کا بنیادی اصول یہ ہے کہ بچے کی جلد کو ہر وقت صاف اور خشک رکھا جائے۔ اگر گھریلو علاج مؤثر ثابت نہ ہو تو ڈاکٹر درج ذیل علاج تجویز کر سکتے ہیں:

٭ 0.5 سے 1 فیصد ہائیڈروکارٹیزون کریم

٭ فنگس کے انفیکشن کی صورت میں اینٹی فنگل کریم

٭ بیکٹیریا کے انفیکشن کی صورت میں منہ کے ذریعے کھانے والی اینٹی بائیوٹک دوا

ریش کی شدت کے مطابق اسے ٹھیک ہونے میں چند دن لگ سکتے ہیں اور بعض بچوں میں یہ دوبارہ بھی ہو سکتا ہے۔ اگر نسخے کی دوا کے باوجود مسئلہ برقرار رہے تو ڈاکٹر جلد کے ماہر سے معائنہ کرانے کا مشورہ دے سکتے ہیں۔

گھریلو نگہداشت

زیادہ تر بچوں میں ڈائپر ریش کا علاج گھر پر ہی کامیابی سے کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے:

٭ ڈائپر والا حصہ ہمیشہ صاف اور خشک رکھیں

٭ ہر بار ڈائپر تبدیل کرتے وقت نیم گرم پانی سے صفائی کریں

٭ جلد کو نرمی سے خشک کریں، رگڑیں نہیں اور ٹیلکم پاؤڈر استعمال نہ کریں

٭ صفائی کے بعد حفاظتی کریم، پیسٹ یا مرہم لگائیں

٭ اگر پہلے لگائی گئی تہہ صاف ہو تو اسے برقرار رکھتے ہوئے اس کے اوپر نئی تہہ لگا دیں

٭ اگر پرانی کریم ہٹانی ہو تو روئی پر منرل آئل لگا کر آہستگی سے صاف کریں

٭ زنک آکسائیڈ یا پیٹرولیم جیلی والی مصنوعات جلد کو نمی سے محفوظ رکھنے میں مؤثر ہوتی ہیں

٭ ڈائپر ریش کی دیکھ بھال کے لیے صرف وہ کریمیں، وائپس، صابن اور دیگر مصنوعات استعمال کریں جو خاص طور پر شیر خوار بچوں کے لیے تیار کی گئی ہوں

٭ کچھ وقت کے لیے بچے کو بغیر ڈائپر، کریم یا مرہم کے رہنے دیں، مثلاً سونے کے دوران

٭ ریش ختم ہونے تک معمول سے قدرے بڑا ڈائپر پہنائیں

٭ ریش ختم ہونے تک بچے کو روزانہ نیم گرم پانی سے نہلائیں۔ ہلکا اور بغیر خوشبو والا صابن یا نرم کلینزر استعمال کریں

٭ اگر کسی مخصوص وائپس، ڈائپر، لانڈری صابن یا کسی اور مصنوع کے استعمال سے ریش بڑھتا محسوس ہو تو اسے تبدیل کرکے دوسری مناسب مصنوعات استعمال کریں

٭ اگر پانچ سے سات دن میں ریش بہتر نہ ہو تو بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا ڈائپر ریش خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے؟

ہاں، زیادہ تر صورتوں میں جلد کو صاف اور خشک رکھنے، ڈائپر بروقت تبدیل کرنے اور حفاظتی کریم لگانے سے چند دن میں واضح بہتری آ جاتی ہے۔

کیا ٹیلکم پاؤڈر استعمال کرنا چاہیے؟

نہیں، بچوں میں ٹیلکم پاؤڈر استعمال کرنے کی سفارش نہیں کی جاتی کیونکہ یہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

کون سی کریم زیادہ مؤثر سمجھی جاتی ہے؟

زنک آکسائیڈ یا پیٹرولیم جیلی پر مشتمل حفاظتی کریمیں جلد کو نمی سے محفوظ رکھنے اور ریش سے بچانے میں مؤثر مانی جاتی ہیں۔

کتنے دن بعد ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے؟

اگر پانچ سے سات دن میں ریش بہتر نہ ہو، یا بخار، شدید درد، جلن، خون یا پیپ آنے لگے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=pediatric-dermatologist

Vinkmag ad

Read Previous

سیلیئک بیماری

Read Next

چکر آنا

Leave a Reply

Most Popular