امریکا کی ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ کافی کے بعض قدرتی مرکبات جسم میں NR4A1 نامی ایک اہم پروٹین کو متحرک کر سکتے ہیں۔ یہ پروٹین خلیوں کی حفاظت، مرمت اور سوزش کو کنٹرول کرنے میں کردار ادا کرتی ہے۔ یہ تحقیق طبی جریدے نیوٹرینٹس میں شائع ہوئی ہے۔
کافی کو بہتر صحت اور بعض طویل مدتی بیماریوں کے کم خطرے سے وابستہ سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کے ممکنہ بائیولاجیکل اسباب واضح نہیں تھے۔ نئی تحقیق میں محققین نے مذکورہ پروٹین پر کافی کے مختلف قدرتی مرکبات کے اثرات کا جائزہ لیا۔
لیبارٹری تجربات سے معلوم ہوا کہ کافی کے بعض قدرتی مرکبات اس پروٹین کو فعال بنا سکتے ہیں۔ ان سے خلیوں کو نقصان کم پہنچا اور کینسر کے خلیوں کی بڑھوتری بھی سست دیکھی گئی۔ محققین کے مطابق یہ اثرات کیفین کے بجائے کافی کے دیگر قدرتی مرکبات سے زیادہ منسلک تھے۔
ماہرین نے واضح کیا کہ یہ نتائج صرف لیبارٹری تجربات پر مبنی ہیں۔ ان کے مطابق انسانوں میں ان اثرات کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔