ڈیمنشیا کی ابتدائی علامات طبی تشخیص سے کئی سال پہلے ظاہر ہونا شروع ہو سکتی ہیں۔ نئی تحقیق کے مطابق یہ تبدیلیاں بعض افراد میں 15 سال پہلے کام کی جگہ پر نمایاں ہو جاتی ہیں۔
فن لینڈ کی یونیورسٹی آف ایسٹرن فن لینڈ اور اولو یونیورسٹی ہسپتال کے محققین نے یہ تحقیق کی۔ نتائج طبی جریدے جرنل آف نیورولوجی، نیورو سرجری اینڈ سائیکائٹری میں شائع ہوئے۔ محققین نے 793 مریضوں اور 7 ہزار صحت مند افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔
تحقیق کے مطابق متاثرہ افراد کی یادداشت، توجہ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت بتدریج کم ہونے لگتی ہے۔ اس کے ساتھ کام کی کارکردگی بھی تشخیص سے کئی سال پہلے متاثر ہو سکتی ہے۔ بعض مریض دفتری ملاقاتیں اور معمول کے طریقۂ کار بھی بھولنے لگتے ہیں۔
تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر اینو سولیے نے کہا کہ ایسی غیر معمولی تبدیلیوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق بروقت طبی معائنہ بیماری کی جلد تشخیص اور علاج میں مدد دے سکتا ہے۔