ماہرین صحت نے نومولود اور شیر خوار بچوں کو ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین بروقت لگوانے پر زور دیا ہے۔ ان کے مطابق صاف پانی اور محفوظ طبی آلات بھی ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے اہم ہیں۔
لاہور جنرل ہسپتال میں پیڈیاٹرک گیسٹرو اینٹرولوجی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ وائرل ہیپاٹائٹس بچوں کی صحت کے لیے اہم مسئلہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن سلیمان ملک اور ڈاکٹر حوریہ رحمان نے ویکسینیشن کے ساتھ صفائی کے اصولوں پر عمل کو ضروری قرار دیا۔
ماہرین نے غیر محفوظ سرنجوں اور طبی آلات کو ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے استعمال شدہ سرنجوں اور طبی آلات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے پر زور دیا۔ ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔
ماہرین کے مطابق بچوں میں جگر کی بیماریوں کی بروقت تشخیص بھی ضروری ہے۔ بیماری کی جلد شناخت سے مناسب علاج شروع کرنے میں مدد ملتی ہے۔