سروائیکل کینسر

سروائیکل کینسر

شادی کے بعد اکثرعورتوں کی اولین ترجیح ماں بننا ہوتی ہے‘ اس لئے کہ نہ صرف ان کے شوہروں کو ان کی جانب سے اس خاص ’’تحفے‘‘ کا انتظار ہوتا ہے بلکہ تمام اہل خانہ کی نظریں اسی طرف لگی ہوتی ہیں۔ تاہم کچھ طبی وجوہات کی بنا پردنیا بھرمیں بہت سی خواتین اس انمول تحفے سے محروم رہتی ہیں۔ ان وجوہات میں سے ایک سروائیکل کینسر بھی ہے۔
رحم اصل میں خواتین کے پیٹ کے نچلے حصے میں موجود وہ جگہ ہے جس میں بچے کی نشوونما ہوتی ہے۔ اس کا نچلا گردن نما سرا سروکس رحم کو اندام نہانی (vagina) کوآپس میں ملاتا ہے۔ عالمی اد ارہ صحت کے مطابق خواتین میں کینسر سے اموات کی دوسری بڑی وجہ رحم کا سرطان ہے جس میں دنیا بھر کی تقریباً 85 فی صد خواتین مبتلا ہیں۔ ان میں سے زیادہ ترکا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔

سروائیکل کینسر ہے کیا ؟

سرطان ایک ایسی بیماری ہے جس میں جسم کے کسی حصے کے خلئے اپنا کام درست طورپرانجام نہیں دے پاتے۔ وہ تیزی سے تقسیم درتقسیم ہونا شروع ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی تعداد میں غیرضروری اورغیر معمولی اضافہ ہونے لگتا ہے۔ یوں جسم کے اس مخصوص حصے میں ایک نیا جسم تشکیل پاجاتا ہے جس کو رسولی  کہا جاتا ہے۔ یہ صورت حال جب رحم کے گردن نما حصے میں پیدا ہوتی ہے تو اس کو رحم کا سرطان کہا جاتا ہے۔

مرض کا ذمہ دار وائرس

رحم کے سرطان کا سبب بننے والے وائرس کا نام ایچ پی وی ہے۔ اس وائرس کی 100سے زائد اقسام ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی 2017 کی رپورٹ کے مطابق اس وائرس کی دو اقسام ٹائپ 16 اورٹائپ 18 خواتین میں رحم کے سرطان کے 70 فی صد ذمہ دار ہیں۔

مرض کی وجوہات

٭طویل عرصے تک مانع حمل ادویا ت کا استعمال۔

٭زیادہ باراسقاط حمل ہونا۔

٭بعض ادویات مدا فعتی نظام کو کمزورکردیتی ہیں جس کی وجہ سے جسم اس سرطان کے خلاف قابل ذکرمدافعت دکھانے کے قابل نہیں رہتا۔

٭تمبا کونوشی کرنے والی خواتین کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات عام خواتین کی نسبت زیا دہ ہوتے ہیں۔

٭جنسی عمل میں شریک کسی ایک میں اس مرض کی پہلے سے موجودگی۔

٭ایک سے زائد افراد سے جنسی تعلقات۔

٭کسی ایسے فرد سے جنسی تعلق جو ایک سے زیادہ افراد سے ایسا تعلق رکھتا ہو۔

مرض کی علامات

٭سن یاس کے بعد‘ نوجوان خواتین میں خصوصی ایام کے دوران یا جنسی ملاپ کے بعد شلوارپر اگرلوتھڑے یا خون کے دھبے نظرآئیں، اندام نہانی سے سرخ‘ بھورے ‘ گلابی یا پیلے رنگ کے مادے کا مسلسل اخراج (جس کی ناگوار بدبو بھی ہو سکتی ہے) ہو تو یہ سرطان کی علامات ہوسکتی ہیں۔ ایسے میں ڈاکٹرسے رجوع کریں۔

٭ایام کے دوران خون کا شدید بہاؤ یا اس کے دورانئے کا غیرمعمولی طورپرطویل ہوجانا بھی اس کی علامت ہوسکتا ہے۔

٭فوری طورپروزن میں غیرمعمولی کمی دیگرمسائل کے علاوہ کئی اقسام کے کینسرکی بھی علامت ہے۔ امریکن کینسرسوسائٹی کے مطابق چند دنوں میں 10 پونڈ وزن میں کمی کینسرکی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔

٭ گردن اوربغلوں میں موجود لمفی غدود ( لمف نوڈز) میں سردی کے باعث سوجن یا سوزش ہونا غیرمعمولی نہیں۔ یہ مسئلہ چار ہفتوں یا اس سے زیادہ عرصے تک رہے توڈاکٹرکو دکھائیں۔

٭فوری طورپرعلاج نہ ہو توبھوک ختم ہونے‘ جسمانی کمزوری کے ساتھ ٹانگوں اورکمرمیں درد رہنے، ٹانگ سن ہونے، پیشاب میں جلن اوراندام نہانی سے خون آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

ان علامات کا سبب صرف رحم کا سرطان نہیں بلکہ انفکشن بھی ہوسکتا ہے۔اس کی حتمی تشخیص لیبارٹری ٹیسٹ کی مدد سے ہی ہوسکتی ہے جس میں سستی نہیں کرنی چاہئے۔

تشخیصی ٹیسٹ

رحم کے سرطان کی ابتدائی تشخیص کے لئے پیپ سمیئرزکیا جاتا ہے جس کے بعد حتمی تشخیص کے لئے درج ذیل ٹیسٹ کئے جاتے ہیں

٭اگرمادوں کا اخراج بہت زیادہ ہوتوچیزوں کو بڑا کر کے دکھانے والے آلے کے ذریعے اندام نہانی کا اندرونی معائنہ کیا جاتا ہے۔ اسے کولپوسکوپی کہا جاتا ہے۔

٭لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے ٹشوزکا چھوٹا سا ٹکڑا لیبارٹری بھجوایا جاتا ہے اورپھر حاصل شدہ نتائج کی بنیاد پرتشخیص کی جاتی ہے۔

کرنے کے کام

٭تولیدی عمرکی حامل بچیوں کی سکریننگ اورویکسی نیشن اس مرض سے بچاؤ میں اہم کردارادا کرسکتی ہیں۔  12 سال یا اس سے زیادہ عمرکی تمام بچیوں کی سکریننگ ضرورکروائیں۔ اسی طرح 9 سے 11 سال کی تمام بچیوں کی ویکسی نیشن بھی ضروری ہے۔

٭ ہرعورت کو چاہئے کہ شادی سے پہلے ماہرزچہ وبچہ سے اپنا مکمل معائنہ کروائے اوراس جان لیوا مرض سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگوائے۔

٭خواتین کو چاہئے کہ ازدواجی تعلق سے پہلے اوربعد میں صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ انفکشن سے محفوظ رہا جا سکے۔

٭ہرچھ ماہ بعد طبی معائنہ کرائیں۔ اگراس بیماری کا ذرا سا خدشہ ہو توڈاکٹرسے رابطہ کریں اوراس کی ہدایت کے مطابق متعلقہ ٹیسٹ کروائیں۔

what is cervical cancer, symptoms and causes of cervical cancer

Vinkmag ad

Read Previous

کیا لِپ سٹک ہونٹوں کو کالا کرتی ہے؟

Read Next

کیا سیب بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے؟

Leave a Reply

Most Popular