Vinkmag ad

پاخانہ بےاختیار نکل جانا

Man rushing urgently toward a washroom while illustrating fecal incontinence (bowel incontinence), showing sudden bowel urgency

پاخانہ بےاختیار نکل جانا (Fecal incontinence) ایسی کیفیت ہے جس میں ٹھوس یا پتلا پاخانہ غیر ارادی طور پر خارج ہو جاتا ہے۔ بہت سے لوگ شرمندگی کے باعث اس پر ڈاکٹر سے بات کرنے سے گریز کرتے ہیں، حالانکہ بروقت تشخیص اور علاج سے علامات پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے

علامات

اس کی دو اقسام ہیں:

٭ بعض اوقات پاخانے کی اچانک اور شدید حاجت محسوس ہوتی ہے۔ فرد اسے روک نہیں پاتا، اور پاخانہ ٹوائلٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی خطا ہو جاتا ہے۔ اسے ارج اِنکانٹیننس کہتے ہیں۔

٭ کچھ لوگوں کو پاخانے کی حاجت کا احساس ہی نہیں ہوتا اور وہ بےاختیار خارج ہو جاتا ہے۔ یہ قسم پیسو اِنکانٹیننس کہلاتی ہے۔

٭ بعض افراد میں گیس خارج کرتے وقت بھی تھوڑی مقدار میں پاخانہ خارج ہو سکتا ہے

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر اس کی شکایت ہو تو ڈاکٹر سے ضرور رجوع کریں، خصوصاً اگر:

٭ یہ مسئلہ بار بار پیش آئے

٭ اس سے ذہنی دباؤ یا شرمندگی محسوس ہو

٭ روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہوں

٭ آپ خاندان یا دوستوں سے ملنے جلنے سے گریز کرنے لگیں

شرمندگی کی وجہ سے بہت سے لوگ علاج نہیں کرواتے، لیکن بروقت طبی معائنہ علامات سے جلد نجات دلانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

وجوہات

اسہال اور قبض

٭ پتلا یا پانی جیسا پاخانہ تیزی سے ریکٹم میں پہنچ جاتا ہے، جسے روکنا مشکل ہوتا ہے

٭ سخت اور بڑا پاخانہ ریکٹم میں پھنس جاتا ہے، جس کے اردگرد سے نرم پاخانہ رسنے لگتا ہے

پٹھوں کا کمزور یا خراب ہونا

مقعد، ریکٹم اور پیلوک فلور کے پٹھے پاخانہ روکنے اور خارج کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی کمزوری یا نقصان اس مسئلے کا سبب بن سکتا ہے، مثلاً:

٭ نارمل زچگی کے دوران، خصوصاً فورسیپس (چمٹی نما آلہ) کے استعمال سے ہونے والی چوٹ

٭ زچگی کے دوران وجائنا پر لگایا جانے والا سرجیکل کَٹ (ایپی زیوٹومی)

٭ حادثے، سرجری یا ریڈی ایشن تھراپی سے ہونے والا نقصان

٭ بڑھتی عمر کے ساتھ پٹھوں کا کمزور ہونا

اعصابی نظام کی بیماریاں

اعصاب کی چوٹ یا بیماری مقعد، ریکٹم اور پیلوک کے اعصاب اور پٹھوں کی کارکردگی متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں پاخانے کی حاجت کا احساس بھی کم ہو سکتا ہے۔ ان بیماریوں میں شامل ہیں:

٭ پارکنسن، الزائمر، ڈیمنشیا، فالج یا سیریبرل پالسی

٭ ذیابیطس یا ملٹی پل سکلروسس جیسی اعصاب کو متاثر کرنے والی طویل مدتی بیماریاں

٭ ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ یا اس کی رسولی

٭ سرجری کے دوران اعصاب کو پہنچنے والا نقصان

مقعد یا ریکٹم کے جسمانی مسائل

مقعد یا ریکٹم کی بعض جسمانی تبدیلیاں بھی اس کیفیت کا سبب بن سکتی ہیں، مثلاً:

٭ چوٹ یا طویل بیماری سے ریکٹم میں داغ یا سوزش، جس سے پاخانہ محفوظ رکھنے کی صلاحیت متاثر ہو

٭ ریکٹم کا مقعد سے باہر نکل آنا (ریکٹل پرولیپس)

٭ بواسیر، جو مقعد کے پٹھوں کو مکمل طور پر بند ہونے سے روک سکتی ہے

٭ ریکٹم کا وجائنا کی طرف ابھر آنا

خطرے کے عوامل

درج ذیل عوامل اس مسئلے کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں:

٭ 65 سال سے زیادہ عمر

٭ خاتون ہونا، خصوصاً زچگی کے دوران لگنے والی چوٹ کی وجہ سے۔ مینوپاز کے دوران ہارمون تھراپی بھی خطرہ بڑھا سکتی ہے

٭ نظامِ ہاضمہ کی طویل بیماریاں، مثلاً آنتوں کی سوزش کی بیماریاں، اریٹیبل باؤل سنڈروم ار سیلیئک ڈیزیز

٭ ذہنی معذوری یا ڈیمنشیا

٭ جسمانی معذوری یا محدود نقل و حرکت، جس سے بروقت بیت الخلا پہنچنا مشکل ہو سکتا ہے

٭ زیادہ وزن، جسمانی سرگرمی کی کمی، تمباکو نوشی، کیفین اور الکوحل والے مشروبات کا استعمال

پیچیدگیاں

٭ شرمندگی، بے چینی اور ڈپریشن

٭ مقعد کے اردگرد جلد میں درد، جلن اور خارش

٭ ریکٹم کے ٹشوز میں زخم (السر) بن جانا

بچاؤ کی تدابیر

سبب کے مطابق بعض صورتوں میں اس کیفیت سے بچاؤ یا اس میں بہتری ممکن ہے۔ یہ اقدامات اس میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں:

قبض سے بچیں: اس کے لیے باقاعدگی سے ورزش کریں، زیادہ فائبر والی غذا کھائیں اور مناسب مقدار میں پانی پئیں

اسہال کے امکانات کم کریں: ایسے کھانے اور مشروبات سے پرہیز کریں جو اسہال بڑھا سکتے ہیں، جیسے کیفین، الکوحل، دودھ سے بنی بعض غذائیں اور زیادہ چکنائی والی اشیاء

پاخانہ کرتے وقت زور نہ لگائیں: بار بار زور لگانے سے مقعد کے پٹھے کمزور ہو سکتے ہیں یا اعصاب کو نقصان پہنچ سکتا ہے

علاج

پاخانہ بےاختیار نکلنے کا علاج اس کی بنیادی وجہ، شدت اور مریض کی مجموعی صحت کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔ بہت سے مریضوں میں ادویات، غذا میں تبدیلی اور ورزش سے ہی بہتری آ جاتی ہے، جبکہ بعض صورتوں میں مزید علاج کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا پاخانہ بےاختیار نکل جانا بڑھتی عمر کا لازمی حصہ ہے؟

نہیں۔ اگرچہ یہ مسئلہ عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ دیکھا جاتا ہے، لیکن اسے بڑھاپے کا معمول نہیں سمجھا جاتا۔ مناسب تشخیص اور علاج سے اس میں بہتری آ سکتی ہے۔

کیا قبض بھی پاخانہ بےاختیار نکلنے کا سبب بن سکتی ہے؟

جی ہاں۔ شدید قبض کی صورت میں سخت پاخانہ ریکٹم میں پھنس سکتا ہے۔ ایسے میں اس کے اردگرد سے نرم پاخانہ رسنے لگتا ہے، جس سے بےاختیاری کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔

کیا گیس خارج کرتے وقت پاخانہ بھی رس سکتا ہے؟

جی ہاں۔ بعض افراد میں گیس خارج کرتے وقت معمولی مقدار میں پاخانہ بھی رس سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=gastroenterologist

Vinkmag ad

Read Previous

بلیفیرائٹس: پلکوں کی سوزش

Leave a Reply

Most Popular