Vinkmag ad

بلیفیرائٹس: پلکوں کی سوزش

a man gently pointing to his inflamed eyelid, highlighting blepharitis symptoms such as swollen, red, itchy eyelids

بلیفیرائٹس (Blepharitis) پلکوں کی سوزش ہے، جس سے ان میں سوجن، خارش اور جلن پیدا ہوتی ہے۔ یہ عموماً دونوں آنکھوں کی پلکوں کے کناروں کو متاثر کرتی ہے۔ اس کا مکمل علاج ممکن نہیں، تاہم نگہداشت اور مناسب علاج سے اس کی علامات پر مؤثر طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

علامات

بلیفیرائٹس کی علامات عموماً صبح کے وقت زیادہ نمایاں ہوتی ہیں۔ ان میں شامل ہیں:

٭ پلکوں میں سوجن

٭ پلکوں کے رنگ میں تبدیلی

٭ پلکوں میں خارش یا جلن

٭ آنکھوں کے اردگرد جلد کا خشک ہونا یا چھلکے اترنا

٭ پلکوں کا چکنا دکھائی دینا

٭ پلکوں کے بالوں پر خشک تہہ یا میل جم جانا

٭ پلکوں کا آپس میں چپک جانا

٭ جھاگ دار آنسو آنا

٭ آنکھوں سے زیادہ پانی آنا

٭ آنکھوں کا سرخ ہونا

٭ آنکھوں میں ریت، جلن یا چبھن کا احساس

٭ معمول سے زیادہ پلکیں جھپکنا

٭ روشنی سے حساسیت

٭ دھندلا دکھائی دینا، جو عموماً پلکیں جھپکنے سے بہتر ہو جاتا ہے

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر پلکوں کی باقاعدہ صفائی کے باوجود علامات برقرار رہیں یا بہتر نہ ہوں تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

خطرے کے عوامل

کئی بیماریاں اور طبی کیفیتیں بلیفیرائٹس کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہیں، جن میں شامل ہیں:

٭ سر اور بھنوؤں کی خشکی، جسے سیبورائیک ڈرماٹائٹس کہا جاتا ہے

٭ آنکھوں یا پلکوں کا بیکٹیریا سے ہونے والا انفیکشن

٭ روزیشیا، جلد کی ایک سوزشی بیماری جو جلد کے رنگ اور ساخت کو متاثر کرتی ہے

٭ الرجی، بشمول آنکھوں کی ادویات، کانٹیکٹ لینز کے محلول یا آنکھوں کے میک اپ سے ہونے والی الرجی

٭ پلکوں کے بالوں میں مائٹس کی غیر معمولی زیادہ تعداد، جو عام حالات میں بے ضرر ہوتے ہیں

٭ سر یا جسم کے دیگر حصوں میں جوؤں کی موجودگی

٭ خشک آنکھیں

پیچیدگیاں

بلیفیرائٹس آنکھوں کے اردگرد کئی دیگر مسائل پیدا کر سکتی ہے، جن میں شامل ہیں:

٭ پلکوں کے بال گر سکتے ہیں، ان کا رنگ بدل سکتا ہے یا وہ باہر کی بجائے آنکھ کی طرف بڑھنے لگتے ہیں

٭ پلکوں پر داغ پڑ سکتے ہیں۔ بعض اوقات پلکوں کے کنارے اندر یا باہر کی طرف مڑ جاتے ہیں

٭ اس سے آنکھوں میں خشکی یا زیادہ پانی آنے کی شکایت ہو سکتی ہے

٭ گلٹی (Stye) جو پلک کے کنارے یا اندر بننے والی درد والی گلٹی ہے

٭ چالیزیون (Chalazion) جو پلک پر بننے والی سوجی ہوئی گلٹی ہے

٭ بار بار آشوب چشم ہونا

٭ کورنیا کو نقصان پہنچنا

تشخیص

بلیفیرائٹس کی تشخیص کے لیے آنکھوں کا معائنہ اور لیبارٹری ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

علاج

زیادہ تر مریضوں میں سیلف کیئر مثلاً پلکوں کی صفائی اور نیم گرم پٹی، کافی ثابت ہوتی ہے۔ اگر یہ اقدامات مؤثر نہ ہوں تو ڈاکٹر یہ علاج تجویز کر سکتا ہے:

٭ انفیکشن کے علاج کی ادویات

٭ سوزش کم کرنے والی ادویات

٭ مدافعتی نظام پر اثر انداز ہونے والی ادویات

٭ بنیادی سبب کا علاج

بلیفیرائٹس مکمل طور پر کم ہی ختم ہوتا ہے۔ کامیاب علاج کے باوجود یہ اکثر ایک دائمی کیفیت ہوتی ہے، جس کے لیے پلکوں کی روزانہ صفائی اور مسلسل نگہداشت ضروری ہوتی ہے۔

سیلف کیئر

٭ روزانہ آنکھوں کی صفائی کریں۔ ہر آنکھ کے لیے الگ صاف کپڑا یا روئی کا الگ ٹکڑا استعمال کریں

٭ بند آنکھ پر چند منٹ تک نیم گرم پانی میں بھگویا ہوا صاف کپڑا رکھیں تاکہ پلکوں پر جمی ہوئی تہہ نرم ہو جائے۔ ضرورت پڑنے پر کپڑے کو دوبارہ گرم پانی میں بھگوائیں

٭ نئے صاف کپڑے یا صاف انگلی سے نرمی اور مناسب دباؤ کے ساتھ پلکوں کی مالش کریں

٭ نیم گرم پانی میں چند قطرے ہلکے کیے گئے بے بی شیمپو یا بغیر نسخے والے پلک صاف کرنے والے محلول شامل کریں۔ صاف کپڑے یا روئی کی سٹک سے پلکوں کے بالوں کی جڑوں پر جمی چکنائی، میل اور چھلکے صاف کریں۔ محلول کو آنکھ میں جانے سے بچانے کے لیے ضرورت پڑنے پر پلک کو آہستگی سے آنکھ سے دور رکھیں

٭ پلکوں کو نیم گرم پانی سے دھوئیں اور صاف، خشک تولیے سے آہستگی سے خشک کریں

٭ اگر ڈاکٹر نے مرہم، کریم یا آئی ڈراپس تجویز کیے ہوں تو پلکوں کی صفائی کے فوراً بعد اس کی ہدایت کے مطابق استعمال کریں

* بغیر نسخے والے مصنوعی آنسو استعمال کریں

خشکی اور مائٹس پر کنٹرول کریں

اگر سر کی خشکی بلیفیرائٹس کا باعث بن رہی ہو تو مناسب اینٹی ڈینڈرف شیمپو استعمال کریں۔ اس سے علامات میں بہتری آ سکتی ہے۔ پلکوں کے بالوں میں مائٹس کی غیر معمولی تعداد مسئلے کا سبب ہو تو ڈاکٹر ٹی ٹری آئل شیمپو یا 50 فیصد ٹی ٹری آئل سے پلکوں کی صفائی تجویز کر سکتا ہے۔ یہ مصنوعات بغیر نسخے کے بھی دستیاب ہوتی ہیں۔

آنکھوں کا میک اپ استعمال نہ کریں

میک اپ پلکوں کی مؤثر صفائی میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ اس سے دوبارہ بیکٹیریا منتقل ہونے یا الرجی پیدا ہونے کا امکان بھی بڑھ سکتا ہے۔ اس لیے علامات کے دوران آنکھوں کا میک اپ نہ کرنا بہتر ہے۔

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا بلیفیرائٹس ہمیشہ دونوں آنکھوں کو متاثر کرتی ہے؟

زیادہ تر مریضوں میں یہ دونوں آنکھوں کی پلکوں کو متاثر کرتی ہے، اگرچہ شدت ایک جیسی نہیں بھی ہو سکتی۔

کیا بلیفیرائٹس دوبارہ ہو سکتی ہے؟

جی ہاں، یہ اکثر ایک دائمی کیفیت ہوتی ہے اور مناسب نگہداشت نہ ہونے پر دوبارہ ظاہر ہو سکتی ہے۔

کیا صرف پلکوں کی صفائی سے بلیفیرائٹس میں فائدہ ہوتا ہے؟

زیادہ تر مریضوں میں پلکوں کی باقاعدہ صفائی، نیم گرم پٹی اور مناسب خود نگہداشت سے علامات میں واضح بہتری آ جاتی ہے۔

کیا بلیفیرائٹس کے دوران کانٹیکٹ لینز اور آنکھوں کا میک اپ استعمال کرنا چاہیے؟

علامات موجود ہوں تو میک اپ سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔ اگر کانٹیکٹ لینز کے استعمال سے تکلیف بڑھ رہی ہو تو ان کے بارے میں اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ophthalmologist

Vinkmag ad

Read Previous

Atopic Dermatitis (Eczema)

Read Next

پاخانہ بےاختیار نکل جانا

Leave a Reply

Most Popular