بائیولوجیکل عمر تیزی سے بڑھنا نوجوانوں میں کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ نیچر میڈیسن میں شائع تحقیق میں برطانیہ کے 154,169 افراد کا ڈیٹا شامل تھا۔ نتائج کی تصدیق کے لیے امریکا کے 10,262 افراد کے ڈیٹا کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ماہرین کے مطابق کسی شخص کی عمر صرف اس کی تاریخ پیدائش سے طے نہیں ہوتی، بلکہ جسم کی اندرونی صحت اور حالت بھی اس کی عمر کی عکاسی کرتی ہے۔ اسے بائیولوجیکل عمر کہا جاتا ہے۔
محققین نے مختلف نسلوں میں بائیولوجیکل عمر بڑھنے کی رفتار کا موازنہ کیا۔ 1990 سے 1999 کے دوران پیدا ہونے والوں میں بائیولوجیکل عمر تیزی سے بڑھنے کا امکان 1965 سے 1969 کے دوران پیدا ہونے والوں کے مقابلے میں 92 فیصد زیادہ تھا۔
تحقیق میں بائیولوجیکل عمر تیزی سے بڑھنے کے ساتھ کم عمری میں کینسر کا خطرہ بھی زیادہ پایا گیا۔ یہ تعلق پھیپھڑوں، نظامِ ہاضمہ اور بچہ دانی کے بعض کینسرز میں زیادہ نمایاں تھا۔
محققین کے مطابق جینیاتی عوامل اور طرز زندگی سمیت کئی عوامل بائیولوجیکل عمر پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ تاہم یہ مشاہداتی تحقیق ہے، اس لیے بائیولوجیکل عمر میں تیز اضافے کو کینسر کی براہِ راست وجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔