Vinkmag ad

نیند کی باتیں

نیند کی باتیں

٭ہم اپنی زندگی کا اوسطاً ایک تہائی حصہ نیند میں گزاردیتے ہیں۔ نیند ہمارے جسم کی مرمت کے لئے ضروری ہے۔ نیند کے دوران جسم میں ایسی تبدیلیاں آتی ہیں جن کے باعث دماغی کارکردگی اورجسمانی صحت بہترہوتی ہے۔

٭ایک شخص کے لئے دن میں کتنے گھنٹے کی نیند کافی ہے،یہ اس کی عمر، لائف سٹائل اورصحت پرمنحصرہے۔ پیدائش کے بعد ابتدائی سالوں میں نیند کا دورانیہ زیادہ ہوتا ہے اورپھریہ کم ہوجاتا ہے۔

٭تین سال سے کم عمر بچے دن میں عموماً 16گھنٹے، 14سال سے کم عمربچے 10گھنٹے اور50 سے60 سال کی عمرکے افراد آٹھ گھنٹے سوتے ہیں۔  اس سے زائد عمرکے لوگ چھ گھنٹے سوتے ہیں۔

٭ضرورت سے کم نیند کی طرح ضرورت سے زیادہ نیند بھی نقصان دہ ہے۔ رات کو9 یا 10 گھنٹے سونے کے بعد بھی دن بھرغنودگی چھائی رہے توآپ اپنی ضرورت سے زیادہ سو رہے ہیں۔

٭دوران نیند زیادہ ترافراد کی آنکھیں بند ہوتی ہیں تاہم کچھ کی آنکھیں ایک جسمانی کیفیت (nocturnal lagophthalmos)کے باعث سوتے وقت مکمل یا جزوی طورپرکھلی رہتی ہیں۔

٭نارمل صورتوں میں ایک فرد کو سونے میں عموماً 10سے15منٹ لگتے ہیں۔ اگراس میں پانچ منٹ سے کم وقت لگے تویہ نیند کی کمی یا تھکاوٹ کی طرف اشارہ ہوسکتا ہے۔

٭نیند کے لئے مختلف پوزیشنزمیں سے دائیں کروٹ لیٹنے کو سب سے زیادہ فائدہ مند قراردیا جاتا ہے۔

٭میملز میں صرف انسان ہی نیند آنے کے باوجود سونے میں تاخیرکرسکتے ہیں۔ اس کے برعکس دیگر جانوروں کو جونہی نیند آتی ہے وہ سوجاتے ہیں۔

٭بعض لوگوں کو جانوروں، اونچائی یا اندھیرے کا خوف ہوتا ہے۔ تاہم کچھ کو نیند کے دوران برے خوابوں، جسم کے مفلوج ہونے یا فوت ہوجانے کا شدید خو ف ہوتا ہے۔ ایسے میں وہ ہرممکن حد تک جاگتے رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انسان کتنے گھنٹے مسلسل جاگ سکتا ہے

٭ کیلیفورنیا میں سائیکاٹری کے ایک پروفیسرنے 1965 میں ماہرین کی زیرنگرانی ایک تجربہ کیا۔ اس کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ انسان کتنے دنوں تک نیند کے بغیررہ سکتا ہے۔ اس تجربے کے نتیجے میں 17سال کے ایک نوجوان (Randy Gardener) نے مسلسل 11 دن جاگے رہنے کا ریکارڈ قائم کیا۔

اس سے یہ اخذ کیا گیا کہ انسان کے لئے اس سے زیادہ دیرنیند کے بغیر رہنا ممکن نہیں۔  اس ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش ہرگز نہیں کرنی چاہئے، اس لئے کہ صرف 17گھنٹے مسلسل جاگنے سے سوچنے، سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہونے لگے گی۔


٭جن افراد کی نیند پوری نہیں ہوتی ان کے خون میں بھوک پیدا کرنے والے ہارمون کی مقدار زیادہ ہوجاتی ہے۔ نتیجتاً انہیں زیادہ بھوک لگتی ہے۔

٭ کچھ سمندری جانور(Sea Otters) سوتے وقت ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ لیتے ہیں تاکہ دوران نیند ایک دوسرے سے الگ نہ ہوں۔

وہ جانورجس کا آدھا دماغ جاگتا اورآدھا سوتا ہے

مچھلیوں میں ڈولفن کا آدھا دماغ نیند میں بند جبکہ آدھا کام کرتا رہتا ہے تاکہ وہ سانس لینے کے لئے پانی سے اوپرآسکیں۔

جانوروں میں کون سب سے زیادہ سوتا ہے؟

جانوروں میں زرافہ اور ہاتھی سب سے کم جبکہ کوالا ریچھ (Koala Bear) اورسلوتھ (Sloth)سب سے زیادہ دیر کے لئے سوتے ہیں۔

الٹے سونے والے جانور

الٹا لٹک کرسونے والے میملزمیں چمگادڑیں اورسلوتھ بھی شامل ہیں۔ چمگادڑزمین کے بجائے کسی اونچی جگہ سے باآسانی اُڑسکتے ہیں اورسلوتھ سستی اورکم توانائی کے باعث خطرے کی صورت میں بھاگ نہیں سکتے۔ دونوں اوپربیان کردہ پوزیشن میں رہ کرشکاریوں سے زیادہ محفوظ رہ سکتے ہیں۔

نیند کا دورانیہ اہم یا وقت؟

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ نیند کا وقت نہیں بلکہ دورانیہ اہم ہوتا ہے۔ مثلاً اگروہ رات کوسات‘ آٹھ گھنٹے نہیں سوئے تودن کے وقت اتنی دیرسونے سے یہ ضرورت پوری ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ دونوں کے ایک جیسے فوائد حاصل ہوں گے۔ امریکی سلیپ فاؤنڈیشن کے مطابق نیند کے دورانئے کے ساتھ وقت بھی اہم ہے۔ اس کے لئے بہترین وقت رات کا ہے۔

کم وقت کے لئے سونے سے کیا ہوگا؟

بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ اگر وہ ایک خاص مدت کے لئے نیند کا دورانیہ کم کرلیں تو ان کے جسم کو کم سونے کی عادت ہوجائے گی، مگر ایسا نہیں۔ ایسا کرنے سے مختلف مسائل ہوجاتے ہیں۔

interesting facts about sleep, facts about sleep, neend say mutaliq kuch dilschasp facts

Vinkmag ad

Read Previous

دل کی پیدائشی بیماریاں

Read Next

آدھے سر کا درد

Leave a Reply

Most Popular