Vinkmag ad

خون سے متعلق حیرت انگیز حقائق

جسم کے تمام حصوں کو کام کرنے کے لیے آکسیجن اور توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ  دونوں چیزیں اسے خون کے ذریعے حاصل ہوتی ہیں۔ اس کا کوئی متبادل نہیں۔ اس کا 55 فی صد حصہ پلازمہ، 40 فی صد سرخ خلیوں، 4 فی صد پلیٹ لیٹس اور باقی ایک فی صد سفید خلیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

خون کے اجزاء

٭ پلازمہ ہلکے زرد رنگ کا مائع ہے۔ اس میں پانی، نمکیات اور انزائمز ہوتے ہیں۔ یہ غذائی اجزاء، ہارمونز اور پروٹینز کو متعلقہ حصوں تک پہنچاتا ہے۔ یہ فاضل مادوں کو جسم سے خارج کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

٭ سرخ خلیوں کی زندگی چار ماہ، پلیٹ لیٹس کی نو دن اور سفید خلیوں کی کچھ گھنٹوں سے کئی دن تک ہوتی ہے۔ اس کے بعد یہ ٹوٹ کر نئے بنتے ہیں۔

٭ سرخ خلیے، سفید خلیے اور پلیٹ لیٹس خون میں پائے جانے والے بنیادی خلیے ہیں۔ ان کے ذمے بالترتیب مختلف حصوں تک آکسیجن پہنچانا، انفیکشن کے خلاف تحفظ فراہم کرنا اور خون جمانے میں مدد دینا ہے۔

بلڈ گروپس

٭ چار بنیادی گروپس میں اے، بی، اے بی اور او شامل ہیں۔

٭ او پازیٹو زیادہ عام ہے جبکہ اے بی نیگیٹو بہت کم افراد میں پایا جاتا ہے۔

مختلف رنگ

٭  انسانی خون کا رنگ سرخ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ ہیموگلوبن پروٹین کے اندر موجود آئرن ہے۔

٭ بعض جانوروں مثلاً آکٹوپس، قیر ماہی، مکڑی اور سخت خول والے جانوروں کا خون نیلا ہوتا ہے۔ اس کی وجہ ہیموسائنن نامی پروٹین میں موجود کاپر ہے۔

٭ چھپکلی کی ایک قسم کے خون کا رنگ سبز ہوتا ہے۔ اس کی وجہ جگر میں بننے والا فضلہ ہے۔ لال بیگ کے خون کا رنگ سفید ہوتا ہے۔

وزن اور مقدار

٭ جسم کے کل وزن کا سات سے آٹھ فی صد حصہ خون پر مشتمل ہوتا ہے۔

٭ جسم میں اس کی مقدار کا انحصار فرد کے سائز پر ہوتا ہے۔ نوزائیدہ بچوں میں 2.0 لیٹر یعنی ایک کپ خون ہوتا ہے۔ بالغ افراد میں یہ 4.5 سے 5.5 لیٹر ہوتا ہے۔

٭ اس کے دو سے تین قطروں میں تقریباً ایک ارب سرخ خلیے ہوتے ہیں۔

٭ حمل کے 20 ویں ہفتے میں خواتین کے اندر اس کی مقدار میں 50 فی صد اضافہ ہو جاتا ہے۔

خون کا عطیہ

٭ ایک صحت مند بالغ مرد ہرتین ماہ بعد اور خاتون ہر چار ماہ بعد خون عطیہ کر سکتی ہے۔

٭ بعض افراد کے خیال میں اس عمل سے جسمانی کمزوری ہو جاتی ہے۔ یہ درست نہیں کیونکہ اس کے متعدد فوائد ہیں۔ اس سے نیا، تازہ اور صحت مند خون بنتا ہے، قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے اور بلڈپریشر نارمل رہتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف بیماریوں کی تشخیص بھی ہو جاتی ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

پلاسٹک سرجری

Read Next

نیدر لینڈ میں مفت سن سکرین وینڈنگ مشینیں نصب

Leave a Reply

Most Popular