Vinkmag ad

کچن میں خطرات

کچن میں خطرات

 اخبارات میں اکثر کچن میں ہونے والے حادثات سے متعلق خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں۔ ذیل میں کچھ احتیاطی تدابیر بتائی جا رہی ہیں جو باورچی خانے میں کام کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لئے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ ان کاعلم کچن میں کام کرنے والے ہر فرد کے لئے بے حد ضروری ہے۔

کچن میں بچوں کی رسائی

 چھوٹے بچے اپنی متجسس فطرت‘ لاپروائی اورپھرتیوں کی وجہ سے اپنے ساتھ بڑوں کی جان کوبھی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ جب بچے کھانا بنانے میں مددکر رہے ہوں یاخودکھانا بنانا سیکھ رہے ہوں تووہ بڑوں کی نگاہ میں ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بڑوں کی عادات و اطوار کا تجزیہ اوراسے نقل کر رہے ہوتے ہیں۔ یہی انہیں کچن سیفٹی کی ٹریننگ  دینے کا درست وقت ہے۔

اگر بچے ابھی بہت چھوٹے ہوں تو کوکنگ کے وقت انہیں کبھی گود میں نہ اٹھائیں۔ بچوں کو یہ سمجھائیں کہ کچن میں جا کر لڑائی جھگڑا کرنے ، کھیلنے، چیزوں کو چھیڑنے یا دیگر شرارتوں سے اجتناب کریں۔ اگر بچوں کو ساتھ رکھنا لازمی ہو توانہیں ایک خاص جگہ تک محدود رکھیں تاکہ وہ بلا ضرورت آگ کے قریب نہ جائیں۔

پالتو جانور کچن سے دور

 جانوروں کا فضلہ کئی طرح کے انفیکشنز کا باعث بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے بال بھی گرتے رہتے ہیں جو اُڑ کر کھانے کی کسی چیز میں جا سکتے ہیں اوروہ خود بھی کھانے کی کسی چیز یا کچن میں پڑے کسی برتن کو جھوٹاکرسکتے ہیں۔ان کی کچن تک رسائی گھر والوں کی صحت پرمنڈلاتا ایک بڑا خطرہ ہے۔

مضبوط جوتے‘ محفوظ لباس

کام کے دوران مناسب جوتوں اورکپڑوں کا استعمال ذاتی حفاظت کے لئے ضروری ہے۔ کھلے یا پھسلنے والے جوتوں کی بجائے مضبوط ہونے چاہئیں۔ ان کا ڈیزائن ایسا ہو جو پاؤں کے بیشتر حصے کو ڈھانپ دے تاکہ اگر کام کے دوران تیز دھار چاقو یا کوئی گرم چیز نیچے گرے تو پاؤں کافی حد تک محفوظ رہیں۔

کچن میں کام کرتے ہوئے ایسا لباس نہ پہنیں جس کا مٹیریل جلدی آگ پکڑنے والا ہو۔ اس کے علاوہ دوپٹہ بھی ڈھلکنے والا نہیں ہونا چاہئے۔ کام کے دوران بالوں کو اچھی طرح سے ڈھانپ لینا بھی ضروری ہے۔ اکثر خواتین کو کام کے دوران سر کو ڈھانپ کر رکھنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اس کے لئے آج کل شیف کیپ باآسانی مل جاتی ہے جس سے سر کو اچھی طرح کَورکیا جا سکتا ہے۔

جلد بازی، خطرہ جان

کئی دفعہ پروفیشنل شیفس کی تقلید کرتے ہوئے کٹنگ بورڈ پر غیرمعمولی تیزکٹنگ کی سرگرمی بھی خطرے والا کام ہے۔ کچن میں ہونے والے آدھے سے زیادہ حادثات کا سبب ضروری یا غیرضروری جلدی ہوتی ہے۔ اس کی بجائے کام کو تحمل مزاجی سے کرنا بہتر ہے۔ آپ کوکنگ میں خواہ کتنی بھی ماہرکیوں نہ ہوں‘کٹنگ کے وقت احتیاط کریں۔ فرائنگ پین جب چولہے پر رکھ دیں تو اجزاء شامل کرنے کے عمل میں زیادہ تیزی مت دکھائیں۔ اس سے تیل کے چھینٹے ہاتھ پر پڑسکتے ہیں۔ روٹی وغیرہ کو پکنے کے دوران آہستگی سے پلٹیں اورتیز دھار والے آلات کو فرصت کے اوقات میں دھوئیں۔

محفوظ صافی کا استعمال

 اکثر خواتین عادتاً ہاتھ لگا کر پین کی گرمائش کا جائزہ لیتی ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ انہیں ہاتھوں کی مدد سے اٹھایا جا سکتا ہے یا نہیں۔ مزید برآں اکثر اوقات گرم چیزوں کو پکڑنے کے لئے دستی غلاف یا صافی وغیرہ اپنے سائزیا مواد کے لحاظ سے چیزوں کو اٹھانے کے لئے غیر موزوں ہوتے ہیں۔

کچن میں ہمیشہ معیاری دستانے یا صافی استعمال کریں جو آنچ اور بھاپ سے آپ کے ہاتھوں کو محفوظ رکھ سکیں۔ اس کے علاوہ مشینوں مثلاً مائیکروویو یا اوون وغیرہ سے برتن، پیالیاں یا پلیٹیں نکالتے وقت موزوں دستانے ضرورپہنیں۔ مائیکروویو میں اکثر برتن بہت گرم ہوجاتے ہیں جنہیں مناسب غلاف کے بغیر ہاتھوں سے پکڑنا خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔

 صافی یا اوون گلوزکو گیلے ہونے کی صورت میں کبھی استعمال نہ کریں۔ اس لئے کہ گیلا کپڑ ا آسانی سے گرمی منتقل کر کے ہاتھ جلا سکتا ہے۔ ڈھیلے ریشوں والی صافی چولہے پر رکھے برتن اٹھاتے ہوئے آگ پکڑ سکتی ہے۔

گری ہوئی اشیاء فوراًصاف

زمین پر گری اشیاء مثلاً پانی یاپیسٹ وغیرہ کو فوراً صاف کرنا ضروری ہے کیونکہ ان کی پھسلن گرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس سے باورچی خانے میں گندگی بھی پھیلتی ہے جو جراثیم کے پھیلاؤ کا سبب بنتی ہے۔

گرم بھاپ سے بچاؤ

لفافوں میں لپٹے کھانے ہوں یا مائیکروویو میں گرم کردہ سالن‘ ہر چیز کوکھولتے وقت چہرے سے دوررکھیں۔ اس کے علاوہ ان کو پکڑ نے کے لئے کسی موٹے کپڑے یا رومال کا استعمال کریں۔ ابلے ہوئے پاستے یا چاولوں وغیرہ کو پلٹنے کے لئے جالی والا کُکر استعمال کریں جس میں آسانی سے انہیں چھانا جا سکے۔ برتن سے ڈھکن ہٹاتے وقت تھوڑا تھوڑا اپنی طرف کھینچیں تاکہ اس میں جمع شدہ بھاپ پہلے نکل جائے اور آپ کے ہاتھ اورمنہ اس کے مضراثرات سے محفوظ رہیں۔

chef cap, gloves, kitchen safety, accidents,  clean , suitable dress and shoes, keep children and pets away

Vinkmag ad

Read Previous

ایلوویرا، ایک جادوئی پودا

Read Next

خالص شہد کی پہچان

Leave a Reply

Most Popular