کلائی کا درد (Wrist pain) اچانک لگنے والی چوٹ، موچ یا طویل عرصے تک رہنے والے مسائل کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ چونکہ اس کی کئی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں، اس لیے اصل وجہ کی درست تشخیص مناسب علاج اور بہتر صحت یابی کے لیے اہم ہوتی ہے۔
علامات
کلائی کے درد کی علامات اس کی وجہ کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں۔ درد ہلکا یا شدید ہو سکتا ہے جبکہ بعض صورتوں میں انگوٹھے اور انگلیوں میں جھنجھناہٹ یا سوئیاں چبھنے جیسا احساس خاص طور پر رات کے وقت میں ہو سکتا ہے۔ درد کی جگہ بھی اس کی وجہ جاننے میں مدد دیتی ہے۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں؟
ہلکی موچ یا کھچاؤ عموماً آرام، برف اور درد کم کرنے والی ادویات سے بہتر ہو جاتا ہے۔ لیکن اگر درد یا سوجن چند دن سے زیادہ رہے تو اس صورٹ میں ڈاکٹر کو دکھائیں۔
وجوہات
کلائی کے درد کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، مثلاً:
٭ چوٹ لگنا، گرنا یا کلائی پر اچانک ضرب لگنا
٭ بار بار ایک ہی حرکت کرنے سے کلائی پر دباؤ پڑنا
٭ آسٹیو آرتھرائٹس (جوڑوں کا گھس جانا)
٭ ریمیٹائڈ آرتھرائٹس (جوڑوں کی سوزش)
٭ کارپل ٹنل سنڈروم (کلائی کے اعصاب پر دباؤ)
٭ گینگلیون سسٹ (کلائی میں نرم گلٹی)
٭ کین باک بیماری (Kienböck Disease)، جس میں کلائی کی ایک ہڈی کو خون کی فراہمی کم ہو جاتی ہے
خطرے کے عوامل
کھیلوں میں کلائی پر بار بار دباؤ یا چوٹ لگنا، ہاتھوں سے ایک ہی کام بار بار کرنا، حمل، ذیابیطس، موٹاپا، ریمیٹائڈ آرتھرائٹس اور گاؤٹ کلائی کے درد کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔
تشخیص
کلائی کے درد کی تشخیص کے لیے جسمانی معائنہ، کلائی کی حرکت اور طاقت جانچی جاتی ہے۔ ضرورت کے مطابق ایکس رے، سی ٹی سکین، ایم آر آئی، الٹراساؤنڈ، آرتھروسکوپی یا ای ایم جی وغیرہ بھی کی جا سکتی ہے۔
علاج
اس کے علاج میں یہ اقدامات کیے جا سکتے ہیں:
٭ درد کم کرنے کی ادویات، جیسے آئبوپروفین یا کورٹیکوسٹیرائیڈ انجیکشن وغیرہ
٭ فزیوتھیراپی اور کلائی کی مخصوص ورزشیں
٭ کاسٹ یا سپلنٹ کا استعمال، اگر ہڈی ٹوٹی ہو
٭ سرجری، جیسے ہڈی جوڑنے، کارپل ٹنل ریلیز یا ٹینڈن اور لیگامنٹ سرجری
علاج کا انتخاب چوٹ کی وجہ، شدت، عمر اور مجموعی صحت کے مطابق کیا جاتا ہے۔
بچاؤ کے تدابیر
کلائی کو محفوظ رکھنے کے لیے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں:
٭ کیلشیم کی مناسب مقدار استعمال کریں تاکہ ہڈیاں مضبوط رہیں
٭ گرنے سے بچنے کے لیے مناسب جوتے پہنیں اور گھر کو محفوظ بنائیں
٭ کھیلوں کے دوران کلائی کے حفاظتی گارڈز استعمال کریں
٭ کمپیوٹر یا کی بورڈ استعمال کرتے وقت وقفے لیں اور کلائی کو درست حالت میں رکھیں
Frequently Asked Questions (FAQs)
کلائی میں درد کی عام وجہ کیا ہے؟
موچ، ہڈی ٹوٹنا، بار بار ایک جیسی حرکت کرنا، گٹھیا اور کارپل ٹنل سنڈروم عام وجوہات ہیں۔
کلائی کے درد پر کب ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے؟
اگر درد یا سوجن چند دن سے زیادہ رہے، بڑھ جائے یا کلائی استعمال کرنا مشکل ہو جائے۔
کیا کمپیوٹر کا زیادہ استعمال کلائی میں درد کا سبب بن سکتا ہے؟
جی ہاں، بار بار ایک جیسی حرکت کرنے سے کلائی پر دباؤ پڑ سکتا ہے اور درد پیدا ہو سکتا ہے۔
نوٹ یہ مضمون صرف معلوماتی مقاصد کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ اگر کلائی میں شدید درد، سوجن، سن ہونا، ہاتھ کی رنگت بدلنا یا حرکت میں دشواری ہو تو مستند ڈاکٹر سے فوری مشورہ کریں۔