ایڈیما (Edema) ایسی کیفیت ہے جس میں جسم کے ٹشوز میں اضافی پانی جمع ہونے سے سوجن پیدا ہوتی ہے۔ یہ جسم کے کسی بھی حصے کو متاثر کر سکتی ہے، لیکن زیادہ تر ٹانگوں، ٹخنوں اور پاؤں میں ظاہر ہوتی ہے۔
علامات
ایڈیما کی عام علامات میں شامل ہیں:
٭ جلد کے نیچے ٹشوز میں سوجن، خاص طور پر ٹانگوں یا بازوؤں میں
٭ جلد کا کھچا ہوا یا چمکدار دکھائی دینا
٭ جلد کو چند سیکنڈ دبانے کے بعد اس میں گڑھا پڑ جانا
٭ پیٹ میں سوجن آ جانا، جس سے وہ معمول سے بڑا محسوس ہو
٭ ٹانگوں میں بھاری پن محسوس ہونا
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر آپ کو جسم میں سوجن، جلد کا کھچا ہوا یا چمکدار ہونا، یا دبانے کے بعد جلد میں گڑھا پڑنے جیسی علامات نظر آئیں تو جلد از جلد ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔
درج ذیل علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کریں:
٭ سانس لینے میں دشواری
٭ دل کی دھڑکن کا بے ترتیب ہونا
٭ سینے میں درد
یہ علامات پھیپھڑوں میں پانی جمع ہونے کی نشاندہی کر سکتی ہیں، جو جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر طویل سفر یا زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے کے بعد ٹانگ میں درد اور سوجن ختم نہ ہو، خاص طور پر اگر صرف ایک ٹانگ متاثر ہو، تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ یہ رگ میں خون جمنے کی علامت ہو سکتی ہے۔
وجوہات
ایڈیما اس وقت پیدا ہوتا ہے جب خون کی چھوٹی نالیاں پانی خارج کرنے لگتی ہیں۔ یہ پانی اردگرد کے ٹشوز میں جمع ہو کر سوجن کا سبب بنتا ہے۔
ہلکے ایڈیما کی عام وجوہات میں شامل ہیں:
٭ زیادہ دیر تک ایک ہی جگہ بیٹھے یا کھڑے رہنا
٭ زیادہ نمک والی غذا کھانا
٭ ماہواری سے پہلے کا دور
٭ حمل
کچھ ادویات بھی ایڈیما کا سبب بن سکتی ہیں:
٭ ہائی بلڈ پریشر کی ادویات
٭ درد اور سوزش کم کرنے والی بعض ادویات
٭ سٹیرائیڈز
٭ ایسٹروجن پر مشتمل ادویات
٭ ذیابیطس کی ادویات
٭ اعصابی درد کی ادویات
وہ بیماریاں جو ایڈیما کا سبب بن سکتی ہیں:
٭ دل کے پمپ کرنے کی صلاحیت میں کمی
٭ جگر کو نقصان پہنچنا
٭ گردوں کی بیماری
٭ گردوں کی فلٹر کرنے والی چھوٹی نالیوں کو نقصان پہنچنا
٭ ٹانگوں کی رگوں کی کمزوری یا انہیں نقصان پہنچنا
٭ رگ میں خون جم جانا
٭ لمفی نظام کی خرابی
٭ غذا میں پروٹین شدید کی کمی
خطرے کے عوامل
درج ذیل عوامل ایڈیما کے خطرے میں اضافہ کرتے ہیں:
٭ حمل
٭ بعض ادویات کا استعمال
٭ دل، جگر یا گردوں کی طویل مدتی بیماری
٭ لمف نوڈ سے متعلق سرجری
پیچیدگیاں
اگر ایڈیما کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو درج ذیل پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں:
٭ سوجن اور درد میں مسلسل اضافہ
٭ چلنے پھرنے میں دشواری
٭ جوڑوں میں اکڑاؤ
٭ جلد کا کھچ جانا اور خارش ہونا
٭ متاثرہ حصے میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ جانا
٭ ٹشوز کے درمیان داغ بن جانا
٭ خون کی روانی میں کمی
٭ شریانوں، رگوں، جوڑوں اور پٹھوں کی لچک کم ہونا
٭ جلد پر زخم بننے کا خطرہ بڑھ جانا
تشخیص
ایڈیما کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ڈاکٹر جسمانی معائنہ کرتے ہیں اور مریض کی میڈیکل ہسٹری معلوم کرتے ہیں۔ کئی صورتوں میں یہی معلومات تشخیص کے لیے کافی ہوتی ہیں، تاہم ضرورت پڑنے پر مزید ٹیسٹ بھی کیے جا سکتے ہیں۔
٭ خون کے ٹیسٹ
٭ الٹراساؤنڈ
٭ رگوں کے معائنے
٭ دیگر ضروری طبی ٹیسٹ
علاج
ہلکا ایڈیما اکثر خود ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔ کمپریشن جرابیں یا دیگر دباؤ ڈالنے والے لباس پہننے اور متاثرہ بازو یا ٹانگ کو دل کی سطح سے بلند رکھنے سے بھی فائدہ ہو سکتا ہے۔
شدید ایڈیما میں ایسی ادویات دی جا سکتی ہیں جو پیشاب کے ذریعے جسم سے اضافی پانی خارج کرتی ہیں۔ ان کا استعمال صرف ڈاکٹر کے مشورے سے کرنا چاہیے۔
طویل مدت میں علاج کا بنیادی مقصد ایڈیما کی اصل وجہ کا علاج کرنا ہوتا ہے
گھریلو احتیاط اور طرزِ زندگی
درج ذیل احتیاطی تدابیر ایڈیما کم کرنے اور دوبارہ ہونے سے بچانے میں مدد دے سکتی ہیں۔ اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں کہ آپ کے لیے کون سی تدابیر مناسب ہیں۔
٭ کمپریشن جرابیں، آستین یا دستانے استعمال کریں
٭ متاثرہ حصے کو باقاعدگی سے حرکت دیں، خاص طور پر ٹانگوں کو
٭ دن میں کئی بار سوجن والے حصے کو دل کی سطح سے بلند رکھیں
٭ متاثرہ حصے کی ہلکے دباؤ کے ساتھ دل کی سمت احتیاط سے مالش کریں
٭ متاثرہ حصے کو صاف رکھیں اور چوٹ سے محفوظ رکھیں
٭ جلد کو نرم رکھنے کے لیے لوشن یا کریم استعمال کریں
٭ اگر سوجن پاؤں میں ہو تو ہمیشہ موزے اور مناسب جوتے پہنیں
٭ نمک کا استعمال کم کریں
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا ایڈیما ہمیشہ کسی سنگین بیماری کی علامت ہوتا ہے؟
نہیں، ہلکا ایڈیما حمل، زیادہ دیر تک بیٹھنے یا زیادہ نمک کھانے کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم اگر سوجن بار بار ہو، برقرار رہے یا شدید ہو جائے تو ڈاکٹر سے معائنہ کروانا ضروری ہے۔
کیا زیادہ پانی پینے سے ایڈیما بڑھ جاتا ہے؟
ضروری نہیں۔ زیادہ تر صورتوں میں مسئلہ جسم میں پانی کے غیر معمولی جمع ہونے کا ہوتا ہے، نہ کہ صرف زیادہ پانی پینے کا۔ پانی کی مقدار کے بارے میں ہمیشہ ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کریں۔
کیا ورزش ایڈیما میں فائدہ دیتی ہے؟
ہلکی جسمانی سرگرمی اور متاثرہ حصے کو حرکت دینا خون اور سیال کی روانی بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم ورزش کا انتخاب ڈاکٹر کے مشورے سے کرنا چاہیے۔
کیا ایڈیما مکمل طور پر ٹھیک ہو سکتا ہے؟
اگر اس کی بنیادی وجہ کی بروقت تشخیص اور مناسب علاج کیا جائے، اور احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے، تو اکثر مریضوں میں سوجن نمایاں طور پر کم یا مکمل طور پر ختم ہو جاتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=medical-specialist