چکر آنا (Dizziness) ایک عمومی اصطلاح ہے، جس میں سر کا ہلکا محسوس ہونا، کمزوری، بے ہوشی جیسا احساس یا توازن بگڑنا شامل ہو سکتا ہے۔ اس کی ایک مخصوص قسم ورٹیگو ہے، جس میں مریض کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ خود یا اس کے اردگرد کی چیزیں گھوم رہی ہیں۔
علامات
چکر آنے کی علامات ہر شخص میں مختلف ہو سکتی ہیں، جن میں شامل ہیں:
٭ خود یا اردگرد کی چیزوں کے گھومنے کا احساس (ورٹیگو)
٭ سر ہلکا محسوس ہونا یا بے ہوشی جیسا احساس
٭ توازن برقرار رکھنے میں دشواری یا لڑکھڑاہٹ
٭ جسم ہلکا، غیر مستحکم یا سر بھاری محسوس ہونا
یہ علامات چلنے، کھڑے ہونے یا سر کی پوزیشن بدلنے سے بڑھ سکتی ہیں۔ بعض افراد کو متلی بھی ہوتی ہے، جبکہ شدید صورت میں بیٹھنا یا لیٹنا پڑ سکتا ہے۔ چکر چند سیکنڈ سے کئی دن تک رہ سکتے ہیں اور بار بار بھی آ سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر آپ کو بغیر کسی واضح وجہ کے بار بار، اچانک، شدید یا دیر تک رہنے والے چکر یا ورٹیگو ہوں، تو ڈاکٹر سے ضرور رجوع کریں۔
فوری طبی امداد حاصل کریں اگر چکر آنے کے ساتھ درج ذیل علامات بھی ہوں:
٭ اچانک شدید سر درد یا سینے میں درد
٭ دل کی دھڑکن بہت تیز یا بے ترتیب ہونا
٭ ہاتھ، ٹانگ یا چہرے میں سن ہونا یا کمزوری محسوس ہونا
٭ چلنے میں دشواری یا توازن برقرار نہ رہنا
٭ سانس لینے میں دشواری
٭ بے ہوشی یا دورہ پڑنا
٭ دوہرا نظر آنا یا اچانک سماعت متاثر ہونا
٭ الجھن، واضح بولنے میں دشواری یا مسلسل قے آنا
وجوہات
چکر آنے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں، مثلاً:
٭ اندرونی کان کی بیماریاں
٭ بے ضرر پوزیشنل ورٹیگو (BPPV)، جس میں سر کی پوزیشن بدلنے سے چند لمحوں کے لیے اردگرد کی چیزوں کے گھومنے کا احساس ہوتا ہے
٭ اندرونی کان کے توازن والے عصب (ویسٹیبولر نیورائٹس) کا وائرل انفیکشن
٭ مائیگرین
٭ مینیئر بیماری، جس میں اندرونی کان میں اضافی سیال جمع ہو جاتا ہے
٭ دماغ کو مناسب مقدار میں خون نہ ملنا
٭ بلڈ پریشر کا اچانک کم ہونا
٭ خون کی روانی میں کمی
٭ اعصابی نظام کی بیماریاں
٭ بعض ادویات کے مضر اثرات
٭ گھبراہٹ کے دورے یا شدید بے چینی
٭ خون کی کمی
٭ خون میں شوگر کم ہونا
٭ کاربن مونو آکسائیڈ گیس کا زہر
٭ جسم کا زیادہ گرم ہونا یا پانی کی کمی
خطرے کے عوامل
درج ذیل عوامل چکر آنے کے خطرے میں اضافہ کر سکتے ہیں:
٭ بڑھتی عمر
٭ پہلے بھی چکر آنے کی شکایت ہونا
ممکنہ پیچیدگیاں
٭ گرنے اور چوٹ لگنے کا خطرہ
٭ گاڑی چلانے یا بھاری مشینری استعمال کرنے کے دوران حادثے کا خطرہ
تشخیص
٭ ڈاکٹر سب سے پہلے علامات، سابقہ میڈیکل ہسٹری اور استعمال ہونے والی ادویات کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں
٭ جسمانی معائنے کے دوران چلنے کے انداز، توازن اور اعصابی نظام کا جائزہ لیا جاتا ہے
٭ فالج کا شبہ، سر پر چوٹ یا زیادہ عمر کی صورت میں ایم آر آئی یا سی ٹی سکین تجویز کیا جا سکتا ہے
ضرورت کے مطابق درج ذیل ٹیسٹ بھی کیے جا سکتے ہیں:
٭ سماعت کا ٹیسٹ
٭ آنکھوں کی حرکت کا معائنہ
٭ سر کی حرکت کا ٹیسٹ
٭ پوسچروگرافی
٭ روٹری چیئر ٹیسٹ
٭ خون کے ٹیسٹ
٭ دل کے ٹیسٹ
علاج
زیادہ تر افراد میں چکر چند ہفتوں کے اندر خود ہی بہتر ہو جاتے ہیں۔
ادویات
٭ مینیئر بیماری میں پیشاب آور دوا (ڈائیوریٹک) اور کم نمک والی غذا
٭ چکر اور متلی کم کرنے کی ادویات
٭ شدید بے چینی کی صورت میں مخصوص ادویات
٭ مائیگرین سے متعلق چکر میں بچاؤ کی ادویات
فزیوتھراپی اور بحالی
٭ ایپلی مینُووَر (Epley Maneuver)، جو سر کی مخصوص حرکات پر مشتمل ایک طریقۂ علاج ہے
٭ ویسٹیبولر بحالی، جس میں توازن بہتر بنانے والی مخصوص ورزشیں کرائی جاتی ہیں
٭ اگر چکر کی وجہ بے چینی یا گھبراہٹ ہو، تو ماہرِ نفسیات سے مشاورت
سرجری یا دیگر طریقۂ علاج
٭ اندرونی کان میں دوا کا انجیکشن
٭ اندرونی کان کی سرجری
احتیطی تدابیر
اگر آپ کو بار بار چکر آتے ہوں، تو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں:
٭ اچانک یا تیز حرکات سے گریز کریں
٭ ضرورت پڑنے پر توازن برقرار رکھنے کے لیے چھڑی استعمال کریں
٭ گھر سے پھسلنے یا ٹھوکر لگنے والی اشیا ہٹا دیں
٭ واش روم میں پھسلن سے بچانے والی چٹائی استعمال کریں اور مناسب روشنی کا انتظام رکھیں
٭ چکر محسوس ہوتے ہی فوراً بیٹھ جائیں یا لیٹ جائیں
٭ اگر بار بار اچانک چکر آتے ہوں، تو گاڑی نہ چلائیں اور بھاری مشینری استعمال نہ کریں
٭ کیفین، الکوحل، تمباکو اور زیادہ نمک سے پرہیز کریں
٭ مناسب مقدار میں پانی پئیں، متوازن غذا کھائیں، بھرپور نیند لیں اور ذہنی دباؤ کم رکھیں
٭ اگر کسی دوا سے چکر آتے ہوں، تو دوا بند کرنے یا خوراک کم کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں
٭ اگر چکر گرمی یا پانی کی کمی کی وجہ سے ہوں، تو ٹھنڈی جگہ آرام کریں اور پانی یا الیکٹرولائٹ والا مشروب استعمال کریں
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا چکر آنا ہمیشہ خطرناک بیماری کی علامت ہوتا ہے؟
نہیں، زیادہ تر صورتوں میں چکر جان لیوا بیماری کی علامت نہیں ہوتے۔ تاہم اگر یہ بار بار، شدید یا دیگر خطرناک علامات کے ساتھ ظاہر ہوں، تو فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔
کیا ورٹیگو اور چکر آنا ایک ہی چیز ہیں؟
نہیں۔ چکر آنا ایک عمومی اصطلاح ہے، جبکہ ورٹیگو اس کی ایک مخصوص قسم ہے، جس میں خود یا اردگرد کی چیزوں کے گھومنے کا احساس ہوتا ہے۔
کیا پانی کی کمی سے بھی چکر آ سکتے ہیں؟
جی ہاں، جسم میں پانی یا نمکیات کی کمی، شدید گرمی اور زیادہ پسینہ آنے سے چکر آ سکتے ہیں۔
چکر آنے پر فوری کیا کرنا چاہیے؟
فوراً بیٹھ جائیں یا لیٹ جائیں، اچانک حرکت سے گریز کریں اور پانی پئیں۔ اگر چکر کے ساتھ سینے میں درد، بے ہوشی، جسم کے کسی حصے میں کمزوری، بولنے میں دشواری یا نظر کی خرابی ہو، تو فوری طبی امداد حاصل کریں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف معلوماتی مقصد کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق کسی بھی مسئلے میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ent-specialist