Vinkmag ad

پیشاب کی نالی کا انفیکشن ( یو ٹی آئی)

A woman sitting indoors holds her lower abdomen with both hands, showing sign of UTI

پیشاب کے نظام میں گردے، یوریٹرز، مثانہ اور یوریتھرا (وہ نالی ہے جس کے ذریعے پیشاب جسم سے باہر خارج ہوتا ہے) شامل ہوتے ہیں۔ پیشاب کی نالی کا انفیکشن (Urinary Tract Infection) یا یو ٹی آئی (UTI)اس نظام سے وابستہ کسی بھی حصے میں انفیکشن کو کہتے ہیں۔ زیادہ تر انفیکشن نچلے حصے یعنی مثانے اور یوریتھرا میں ہوتے ہیں۔ مثانے کو متاثر کرنے والا انفیکشن تکلیف دہ اور پریشان کن ہو سکتا ہے۔ اگر انفیکشن گردوں تک پھیل جائے تو یہ حالت سنگین ہو سکتی ہے۔ خواتین میں مردوں کے مقابلے میں یو ٹی آئی کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

علامات

پیشاب کی نالی کے انفیکشن کی عام علامات میں شامل ہیں:

٭ پیشاب کرتے وقت جلن کا احساس

٭ پیشاب کی شدید حاجت جو ختم نہ ہو

٭ بار بار اور کم مقدار میں پیشاب آنا

٭ پیشاب کا سرخ، گلابی یا کولا جیسا رنگ ہونا جو پیشاب میں خون کی علامت ہو سکتا ہے

٭ پیلوک یعنی زیر ناف حصے میں درد

متاثرہ حصے سے متعلق علامات درج ذیل ہیں:

گردے

٭ کمر یا پہلو میں درد

٭ تیز بخار

٭ کپکپی اور سردی لگنا

٭ متلی

٭ قے

مثانہ

٭ زیر ناف دباؤ

٭ نچلے پیٹ میں تکلیف

٭ بار بار اور درد کے ساتھ پیشاب آنا

٭ پیشاب میں خون

یوریتھرا

٭ پیشاب کے دوران جلن

٭ رطوبت خارج ہونا

بڑی عمر کے افراد میں یو ٹی آئی کی علامات اکثر نظر انداز ہو جاتی ہیں یا انہیں غلط طور پر کسی اور بیماری سے وابستہ سمجھ لیا جاتا ہے۔

پیشاب کی نالی کے انفیکشن کی اقسام

یو ٹی آئی کی علامات اس بات پر منحصر ہوتی ہیں کہ پیشاب کی نالی کا کون سا حصہ متاثر ہوا ہے۔

وجوہات

یو ٹی آئی اس وقت ہوتا ہے جب بیکٹیریا یوریتھرا کے ذریعے داخل ہو کر مثانے میں پہنچ جاتے ہیں۔ پیشاب کا نظام عام طور پر بیکٹیریا کو روکنے کے لیے بنایا گیا ہے لیکن بعض اوقات یہ دفاعی نظام ناکام ہو جاتا ہے۔ اس صورت میں بیکٹیریا بڑھ کر مکمل انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔ زیادہ تر یو ٹی آئی مثانے اور یوریتھرا کو متاثر کرتے ہیں۔

٭ مثانے کا انفیکشن عموماً ای کولی بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے جو عام طور پر آنتوں میں پایا جاتا ہے۔ تاہم بعض اوقات دوسرے بیکٹیریا بھی اس کا سبب بنتے ہیں

٭ یوریتھرا کا انفیکشن اس وقت ہوتا ہے جب آنتوں کے بیکٹیریا پیشاب کی نالی میں داخل ہو جائیں۔ یہ جنسی بیماریوں جیسے ہرپس، سوزاک، کلیمائڈیا اور مائیکوپلاسما سے بھی ہو سکتا ہے

کچھ افراد کو بار بار یو ٹی آئی ہوتا ہے جس کا مطلب ہے چھ ماہ میں دو یا زیادہ بار یا ایک سال میں تین یا زیادہ بار انفیکشن ہونا۔ یہ مسئلہ خواتین میں زیادہ عام ہے۔

خطرے کے عوامل

یو ٹی آئی خواتین میں زیادہ عام ہے اور بہت سی خواتین کو زندگی میں ایک سے زیادہ بار یہ انفیکشن ہوتا ہے۔

خواتین میں خطرے کے عوامل میں:

٭ پری مینوپاز اور مینوپاز (ایسٹروجن کم ہونے سے بیکٹیریا میں تبدیلی)

٭ خواتین کی جسمانی ساخت (یوریتھرا چھوٹی ہونا)

٭ مانع حمل طریقے

دیگر عوامل یہ ہیں:

٭ کم پانی پینا

٭ قبض

٭ مثانہ مکمل خالی نہ کرنا

٭ پیدائشی مسائل

٭ پیشاب کی نالی میں رکاوٹ (گردے کی پتھری، بڑھے ہوئے پروسٹیٹ)

٭ کمزور مدافعتی نظام

٭ کیتھیٹر کا استعمال

٭ حالیہ سرجری یا طبی معائنہ

پیچیدگیاں

٭ گردوں کو مستقل نقصان پہنچنا

٭ کم وزن بچے کی پیدائش یا قبل از وقت پیدائش

٭ مردوں میں یوریتھرا کا تنگ ہونا

٭ سیپسس (جان لیوا حالت)

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر آپ کو یو ٹی آئی کی علامات محسوس ہوں تو ڈاکٹر یا کسی طبی ماہر سے رابطہ کریں۔

تشخیص

٭ پیشاب کا تجزیہ (بیکٹیریا، سفید و سرخ خلیوں کا جائزہ لینے کے لئے)

٭ پیشاب کلچر

٭ الٹراساؤنڈ، سی ٹی سکین یا ایم آر آئی

٭ سیسٹوسکوپی

علاج

اینٹی بائیوٹکس پہلی ترجیح ہوتی ہے

٭ عام اینٹی بائیوٹکس (سادہ انفیکشن کے لیے)

٭ متبادل اینٹی بائیوٹکس (ضرورت کے مطابق)

٭ طاقتور اینٹی بائیوٹکس (سنگین یا پیچیدہ کیسز میں)

بچاؤ کی تدابیر

٭ زیادہ پانی پینا

٭ کرین بیری پھل سے تیار کردہ مصنوعات (ڈاکٹر کی اجازت سے)

٭ جلن پیدا کرنے والے سپرے/پاؤڈر سے پرہیز

٭ مانع حمل طریقہ تبدیل کرنا

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

پیشاب کا رنگ

Read Next

لپڈ پروفائل (کولیسٹرول ٹیسٹ)

Leave a Reply

Most Popular