Vinkmag ad

کلر بلائینڈنیس: رنگوں کی پہچان متاثر

Side-by-side comparison showing normal vision on the left and red-green color blindness on the right

کلر بلائینڈنیس (Color blindness) ایسی حالت ہے جس میں کسی شخص کیلئے کچھ خاص رنگوں میں تمیز کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ طبی اصطلاح میں اسے رنگ سے متعلق بصارت کی کمی (Color Vision Deficiency) کہا جاتا ہے۔ حقیقی کلر بلائینڈنیس میں ہر چیز سیاہ اور سفید میں نظر آتی ہے، تاہم یہ نایاب ہے۔

علامات

کلر بلائینڈنیس کے شکار اکثر افراد کو اپنے اس مسئلے کا خود علم نہیں ہوتا۔ اس کا پتہ اس وقت چلتا ہے جب انہیں روزمرہ کے کاموں اور معاملات جیسے ٹریفک لائٹس یا رنگین تعلیمی مواد میں فرق کرنے میں مشکل پیش آئے۔

متاثر افراد درج ذیل رنگوں میں فرق نہیں کر پاتے:

٭ سرخ اور سبز کے مختلف شیڈز

٭  نیلے اور پیلے کے مختلف شیڈز

٭  کچھ افراد کے لیے تمام رنگ

سب سے عام کمی سرخ اور سبز کے کچھ شیڈز میں نظر کی کمی ہے۔ اکثر یہ کمی مکمل نہیں ہوتی اور ہلکی، معتدل یا شدید سطح کی ہو سکتی ہے۔

وجوہات

رنگ دیکھنے کا عمل روشنی کے آنکھ میں داخل ہونے سے شروع ہوتا ہے۔ روشنی قرنیہ سے داخل ہو کر عدسے اور شفاف جیلی نما ٹشو (Vitreous Humor) سے ریٹینا کے میکولا میں پہنچتی ہے۔ ریٹینا کے کون خلیے مختصر (نیلا)، درمیانے (سبز) اور طویل (سرخ) ویولینتھ کے لیے حساس ہوتے ہیں۔ یہ خلیے کیمیائی ری ایکشن کے ذریعے بصارت کی معلومات دماغ تک منتقل کرتے ہیں۔ اگر کون خلیے صحیح کام نہ کریں تو فرد سرخ، سبز یا نیلے رنگ میں تمیز نہیں کر پاتا۔

خطرے کے عوامل

کچھ عوامل کلر بلائینڈنیس کے امکانات بڑھاتے ہیں:

جنس: مردوں میں کلر بلائینڈنیس عورتوں کے مقابلے زیادہ عام ہے

فیملی ہسٹری: کلر بلائینڈنیس موروثی ہوتی ہے اور دونوں آنکھوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس کی شدت زندگی بھر یکساں رہتی ہے

بیماریاں: سِکل سیل انیمیا، ذیابیطس، میکیولر ڈیجنریشن، الزائمر، ملٹی پل سکلروسس، گلوکوما، پارکنسن، شراب نوشی اور لیوکیمیا اس کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں

ادویات: کچھ دوائیں رنگوں میں فرق کرنے کی صلاحیت متاثر کر سکتی ہیں

آنکھ کو نقصان: زخم، سرجری، ریڈی ایشن یا لیزر علاج سے بھی کلر بلائینڈنیس ہو سکتا ہے

ڈاکٹر سے رجوع کب کریں

اگر آپ کو کچھ رنگوں میں فرق کرنے میں دشواری ہو تو آئی سپیشلسٹ سے رابطہ کریں۔ سکول داخلے سے پہلے بچوں کی آنکھ کی مکمل جانچ ضروری ہے۔

تشخیص

آئی سپیشلسٹ کے پاس کلر بلائینڈنیس کی جانچ کے لیے خصوصی تصویریں ہوتی ہیں۔ یہ رنگین نقطوں سے بنی ہوتی ہیں جن میں اعداد یا شکلیں مختلف رنگ میں چھپی ہوتی ہیں۔ متاثر افراد کے لیے یہ نمونے دیکھنا مشکل یا ناممکن ہوتا ہے۔

علاج

٭ زیادہ تر صورتوں میں کلر بلائینڈنیس کا کوئی مستقل علاج نہیں

٭ اگر مسئلہ کسی دوا یا آنکھ کی بیماری کی وجہ سے ہو تو دوا بند کرنے یا بیماری کا علاج صورت حال بہتر کر سکتا ہے

٭ چشمے پر رنگین فلٹر یا رنگین کانٹیکٹ لینز معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ تاہم یہ تمام رنگ دیکھنے کی صلاحیت نہیں بڑھاتے۔

ممکنہ مستقبل کے علاج

ریٹینا کی کچھ نایاب بیماریوں میں جینیاتی تبدیلی کے ذریعے بہتری ممکن ہے۔ اس پر ابھی تحقیق ہو رہی ہے۔ ریٹینا کی ایک پیدائشی بیماری لیبر کانجنٹل اماؤروسس (Leber congenital amaurosis) کے لیے یہ علاج منظور ہوا ہے۔ مستقبل میں مزید بیماریوں کے لیے علاج دستیاب ہو سکتے ہیں۔

طرز زندگی اور گھریلو تدابیر

کلر بلائینڈنیس کے ساتھ زندگی آسان بنانے کے لیے:

٭ اہم رنگین اشیاء کی ترتیب یاد رکھیں، جیسے ٹریفک لائٹس وغیرہ

٭ اشیاء کو لیبل کریں

٭ درست بصارت رکھنے والے کسی فرد کی مدد سے کپڑوں وغیرہ کو ترتیب سے رکھیں

٭  بعض ایپس رنگ پہچاننے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Dry Eyes

Read Next

Color Blindness

Leave a Reply

Most Popular