Vinkmag ad

اوسٹیوپوروسس۔۔۔ہڈیوں کی کمزوری

”اوسٹیوپوروسس “یعنی ہڈیوں کی کمزوری بنیادی طور پر غدود سے متعلق ایک بیماری ہے۔مثال کے طور پر اس کاایک سبب سن یاس (menopause)ہے جو ایسٹروجن نامی ہارمون کی کمی سے ہوتا ہے۔اس کادوسرا سبب پیراتھائی رائیڈہے جو کہ ایک ہارمون ہے ۔اس کا تیسرا بڑا سبب سٹیرائیڈ ہے اور یہ بھی ایک ہارمون ہی ہے۔ اس لئے ہڈیوں کی کمزوری کے علاج میں ہارمونز کے پہلو کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔ شفاانٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں شعبہ امراض غدود کے سربراہ ڈاکٹرمحمد طیب بادشاہ سے گفتگو کی روشنی میں ایک معلومات افزاءتحریر

ہڈیاں انسانی جسم کا سب سے مضبوط حصہ ہیں جو اسے ایک خاص ساخت اور شکل دیتی ‘ اس کا بوجھ اٹھاتی اور اندرونی اعضاءکی حفاظت سمیت دیگر اہم کام انجام دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قدرت نے انہیں اتنا مضبوط بنایا ہے کہ چھوٹی موٹی چوٹوں کو باآسانی برداشت کر سکیں۔ اوسٹیوپوروسس (Osteoporosis) ہڈیوں کی ایک بیماری ہے جو انہیں اس حد تک کمزور کر دیتی ہے کہ وہ معمولی چوٹ لگنے یا گرنے سے بھی ٹوٹ جاتی ہیں۔ اگر ہڈی ٹوٹ جائے تو اس کے جڑنے اور مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں ہفتوں اور بعض صوتوں میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔اوراگر ٹوٹنے والی ہڈی ریڑھ یا ٹانگ کی ہو تو پھراوربھی زیادہ پیچیدگیاں جنم لےتی ہیں جن کی وجہ سے مریض کو طویل عرصے تک بستر پر رہنا پڑ سکتا ہے۔

مرض کی وجوہات
بالعموم یہ بیماری بڑی عمر کے افراد(40سال سے زائد ) میں پائی جاتی ہے۔ اس کی بہت سی اقسام ہیں جن میں سے زیادہ عام قسم ان خواتین میں پائی جاتی ہے جن کے ماہانہ ایام کا سلسلہ ختم ہو چکا ہو۔ اس کے برعکس مردوں میں اوسٹیوپوروسس کی بڑی وجہ کچھ ادویات کا زیادہ استعمال ہے جن میں سر فہرست سٹیرائیڈز ہیں اور جو لوگ انہیں لمبے عرصے تک استعمال کرتے رہتے ہیں ‘ ان میں یہ مسئلہ ہو سکتا ہے۔Osteoporosis-men-old-160x300
ہماری گردن میں اس مقام پر جہاں مرد حضرات ٹائی باندھتے ہیں‘ ایک بہت اہم غدہ (جمع غدود) ہوتا ہے جسے تھائی رائیڈ کہا جاتا ہے۔ اس کے پیچھے چار (دو نوں سائیڈز پر دو‘ دو) چھوٹے چھوٹے غدود ہوتے ہیں جنہیںپیراتھائی رائیڈگلینڈز کہا جاتا ہے۔ ان سے پیراتھائی رائیڈہارمونزخارج ہوتے ہیں جن کا کام جسم میں کیلشیم کی مقدار کنٹرول کرناہے۔ اگر یہ زیادہ متحرک ہو جائیں تو ہڈیوں سے بڑی مقدار میں کیلشیم نکل جاتا ہے۔ اس سے وہ کمزور ہو جاتی ہےں اورفرد کو اوسٹیوپوروسس ہو جاتا ہے ۔
اس بیماری کا تعلق ہماری غذا میں شامل کیلشیم کی مقدار سے بھی ہے اس لئے لوگوںکو چاہئے کہ اپنی غذا میں دودھ، دہی، پنیراور لسی کا استعمال زیادہ کریں۔ موٹاپے سے بچنے کے لئے بازار میں کم چکنائی والا دودھ، دہی اور پنیر دستیاب ہے جس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

وٹامن ڈی کی کمی بھی ہڈیوں کی کمزوری کا سبب بنتی ہے جسے ہماری جلد سورج کی روشنی کی مدد سے بناتی ہے ۔ اگرچہ ہمارے ہاں دھوپ وافر مقدار میں دستیاب ہوتی ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ آپ اس سے کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اگر آپ گھر سے باہر ہی نہیں نکلتے اور اگر نکلتے ہیںتو خود کو پوری طرح سے ڈھانپ لیتے ہیں تو آپ کے جسم میں وٹامن ڈی مناسب مقدار میں نہیں بن پائے گی۔ اس لئے ضروری ہے کہ روزانہ تھوڑی دیر تک دھوپ میں بیٹھاجائے۔
جسم میں وٹامن ڈی نہ بننے کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ آپ کی جلداسے کتنی مقدار میں بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ‘ اس لئے کہ مختلف لوگوں کی جلد مختلف مقدار میں وٹامن ڈی بناتی ہے ۔ سانولی یا کالی رنگت کے مقابلے میں گوری رنگت کے حامل لوگوں کی جلد میں یہ زیادہ بنتا ہے ‘ تاہم قدرت کے کھیل ہےں کہ گوروں میں سکن کینسر کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

تشخیص اور علاج
اس مرض کی علامات میں پیاس زیادہ لگنا‘باربار پیشاب آنا ‘ پیٹ میں درد ہونا، جسم میں پانی کی کمی ہوجانا ‘الٹی یا متلی ہونا یا فریکچر ہوجانا نمایاں ہیں۔ چونکہ یہ علامات کئی اورامراض کی بھی ہیں‘ اس لئے آسٹیوپوروسس کی باقاعدہ تشخیص ڈیکساسکین (dexa scan)کے ذریعے کی جاتی ہے۔
اس ٹیسٹ میں دو طرح کے سکورز سامنے آتے ہیں جن میں سے پہلا ٹی سکور(T Score) اور دوسرا زی سکور(Z Score) کہلاتا ہے۔ ”ٹی سکور “ہڈیوں کی کثافت(density)کو ظاہر کرتا ہے اور اسی سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ کسی فرد میں آسٹیوپوروسس کتنا شدید ہے۔ اگر یہ سکور 0سے -1تک ہو تواس کا مطلب یہ ہے کہ فرد کی ہڈیاں نارمل ہیں۔ اگرسکور-2.5 تک ہو تواس کیفیت کو آسٹیو پینیا (Osteopenia) کہا جاتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ہڈیوں کی کمزوری تو موجودہے لیکن یہ اس سطح پر نہیں کہ اسے آسٹیوپوروسس کہا جا سکے۔ اگر یہ سکور -2.5 سے کم ہو تو اسے مکمل آسٹیوپوروس کہا جائے گا۔ ڈیکساسکین میں استعمال ہونے والی شعاعیں چھاتی کے عام ایکسرے سے بھی ہلکی ہوتی ہیں اورمکمل طور پر محفوظ ہےں۔ اگرچہ اس سکین کی سہولت ہرجگہ دستیاب نہیں‘ تاہم بڑے شہروں کے بڑے ہسپتالوں (شفاانٹرنیشنل ہسپتال سمیت)میں یہ ضرورموجود ہےں ۔

جو عورتیں سن یاس میں داخل ہو چکی ہوں یاجو لوگ سٹیرائیڈز لے رہے ہوں‘ انہیں یہ سکین کروالینا چاہئے۔اسی طرح ان لوگوں کو بھی یہ ٹیسٹ کروا لینا چاہئے جنہیں چھوٹی موٹی چوٹ سے بھی فریکچر ہو جاتا ہو۔اسی طرح پیراتھائی رائیڈ کی بیمار ی ہو تو بھی یہ کروالینا چاہئے۔

مرض کا علاج
اگرچہ آرتھوپیڈک سرجن، گائنالوجسٹ اور میڈیکل سپیشلسٹ اپنی اپنی سطح پر اس مرض کا علاج کرتے ہیں لیکن بنیادی طور پریہ چونکہ غدود کی بیماری ہے‘ اس لئے سب سے پہلے اینڈوکرائنالوجسٹ کے پاس جانا چاہئے لیکن لوگ اسے چھوڑ کر ہر ایک کے پاس جاتے ہیں۔ چونکہ بنیادی مسئلہ اپنی جگہ برقرار رہتا ہے لہٰذا وقت اور پیسہ خرچ کرنے کے باوجودوہ حل نہیں ہوپاتا اورلوگ بالآخر اسے تقدیر کا لکھا سمجھ کر قبول کر لیتے ہیں۔
مرض کا علاج اس کے سبب کی روشنی میں کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر پیراتھائی رائیڈ کی بیماری کاپائیدار حل یہ ہے کہ سرجری کے ذریعے اس غدود کو نکال دیا جائے۔ اگر مرض بہت زیادہ بڑھا ہوا نہ ہو تو سرجری کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ایسے میں مرض کو مانیٹر کیا جاتا ہے اور مریض سے کہا جاتا ہے کہ وہ پانی زیادہ سے زیادہ پئے اور جسم میں اس کی کمی نہ ہونے دے۔
بعض صورتوں میں ادویات کی ضرورت پڑتی ہے جو ترقی یافتہ ممالک میں توہیں لیکن اس وقت یہ پاکستان میں دستیاب نہیں ہیں۔ توقع کی جانی چاہئے کہ وہ جلد ہی یہاں آجائیں گی۔ان لوگوں کو چاہئے کہ زیادہ کیلشیم یا وٹامن ڈی نہ لیں‘ اس لئے کہ ہارمونز کی وجہ سے وہ ہڈیوں میں نہیںجائیں گے اور خون میں جمع ہوتے رہیں گے۔

مرض سے بچاﺅ
اگر ہم چاہتے ہیں کہ بڑی عمر میں ہڈیوں کی کمزوری کا شکار نہ ہو ں توہمیں چاہئے کہ اپنی غذا میں دودھ، دہی اور پنیر وغیرہ کا استعمال زیادہ کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ورزش بھی اشد ضروری ہے۔ جو خواتین سن یاس میں داخل ہو چکی ہوں‘ انہیں روزانہ آدھا گھنٹہ واک ضرور کرنی چاہئے‘ اس لئے کہ اس سے بھی ہڈیا ں مضبوط ہوتی ہےں۔
اگر لوگوں کی غذا متوازن ہو‘ اس میں گوشت‘ سبزیاں ، پھل اور ڈیری مصنوعات شامل ہوں تو پھرانہیں ملٹی وٹامنز کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ایسی ملٹی وٹامنز بھی ہیں جن کی ایک گولی‘ کیپسول یا انجیکشن میں400یونٹس تو دوسرے میں پانچ لاکھ تک یونٹس ہوتے ہیں۔ اس لئے ملٹی وٹامنز کو ڈاکٹری مشورے کے بغیر استعمال نہیں کرنا چاہئے ورنہ فائدے کی بجائے نقصان ہو سکتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

نگلنے کا عمل۔۔۔حیرت انگیز اور دلچسپ

Read Next

ڈینگی۔۔۔ہڈی توڑ بخار

Most Popular