پاکستان بھر میں گزشتہ ایک ہفتے میں کتوں کے کاٹے کے 5,641 واقعات پیش آئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایسے کیسز سب سے زیادہ پنجاب میں پیش آئے جہاں 3264 افراد آوارہ کتوں کا نشانہ بنے۔ سندھ میں ایسے 1601 واقعات سامنے آئے۔ خیبرپختونخوا میں 615 کیسز رپورٹ ہوئے۔ بلوچستان میں ایسے واقعات کی تعداد 80 ہے۔ آزاد کشمیر میں 75 جبکہ گلگت بلتستان میں صرف 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ جون میں ایک ہفتے میں کتوں کے کاٹے کے 7,957 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
پاکستان میں ہر سال تقریباً 10 لاکھ افراد کو آوارہ کتے کاٹ لیتے ہیں۔ بعض کتوں کے کاٹے سے ریبیز ہو جاتا ہے جو ایک جان لیوا مرض ہے۔ اس سے سالانہ 5000 سے 6000 اموات ہوتی ہیں۔
ریبیز سے بچاؤ اور اس کا علاج اینٹی ریبیز ویکسین ہے۔ این آئی ایچ اسلام آباد کے مطابق ملک کو اس کی سالانہ 20 لاکھ خوراکوں کی ضرورت ہے۔ اس کا بڑا حصہ بھارت سے درآمد کیا جاتا ہے۔ اس وقت پاکستان میں اس ویکسین کی شدید قلت ہے۔