فضائی آلودگی پوری دنیا میں صحت عامہ کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیمار ہو کر قبل از وقت فوت ہو جاتے ہیں۔ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ لوگ فضائی آلودگی کے سبب طبعی عمر پوری نہیں کر پاتے۔ اس کا انکشاف سنگا پور کے ایک جریدے ”انوائرمنٹ انٹرنیشنل” کی ایک نئی تحقیق میں کیا گیا ہے۔
سٹڈی کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے زیادہ اموات ایشیاء میں ہوئیں۔ یہ تعداد تقریباً 98 ملین بنتی ہے۔ مرنے والوں کی اکثریت کا تعلق چین اور انڈیا سے ہے۔ دیگر ممالک میں پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور جاپان شامل ہیں۔ مختلف ممالک میں یہ تعداد 2 لاکھ سے 50 لاکھ تک ہے۔ ریسرچرز کے مطابق انسانی ذرائع اور جنگل کی آگ سے پیدا شدہ فضائی آلودگی 1980 اور 2020 کے درمیان 135 ملین قبل از وقت اموات کا سبب بنی۔
حالیہ سٹڈی اس حوالے سے اب تک کی وسیع ترین تحقیق ہے۔ اس میں 40 سال پر محیط ڈیٹا کی بنیاد پر اس کے صحت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق گھریلو اور فضائی آلودگی کی پیدا کردہ آلودگی دنیا بھر میں ہر سال 6.7 ملین افراد کی قبل از وقت اموات کا سبب بنتی ہے۔