مسابقتی کمیشن (سی سی پی) نے بیوٹی پراڈکٹس کی گمراہ کن تشہیر پر 12 کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ یہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کی بطور قدرتی، نامیاتی، پائیدار، خالص اور کیمیکل فری تشہیر کر رہی تھیں۔ سی سی پی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اشتہارات میں بتائی گئی بات پروڈکٹس میں نظر نہیں آئی۔ یوں وہ ’گرین واشنگ‘ میں مصروف تھیں۔
گرین واشنگ سے مراد کسی پروڈکٹ یا سروس کے متعلق یہ غلط دعویٰ ہے کہ وہ ماحولیاتی طور پر محفوظ ہے۔ کمیشن کے مطابق ایسے دعوے مالی نقصان کے علاوہ صحت کے لیے بھی خطرات کا باعث ہیں۔
پاکستان میں سیکشن 10 کے تحت دھوکے پر مبنی مارکیٹنگ خلاف قانون ہے۔ سی سی پی کی ذمہ داری ہے کہ منصفانہ مسابقت کے ساتھ ساتھ وہ صارفین کے حقوق کا بھی تحفظ کرے۔ اس کے لیے مارکیٹنگ میں درستگی، دیانتداری اور سچائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ اس کے بغیر صارفین خریداری کا درست فیصلہ نہیں کر سکتے۔
بیوٹی پراڈکٹس کی گمراہ کن تشہیر پر ان کمپنیوں کو اب کارروائی کا سامنا ہے۔ صارفین کی جیب اور صحت کے تحفظ کے لیے اسے جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔