Vinkmag ad

کچن اور صحت جدید آلات‘ زندگی آسان

شیف شمائلہ فواد

کچن کا نام لیں تو ذہن میں بالعموم چولہے، کڑاہی‘ توے اور دیگچی وغیرہ کا تصور ابھرتا ہے‘ اس لئے کہ روایتی باورچی خانے کی اہم چیزیں یہی ہیں مگر آج کے دور کا کچن صرف ان تک محدودنہیں رہا۔ ٹیکنالوجی نے قدیم ”رسوئی“ کو جدید‘ خوبصورت اور سہولیات سے مزین بنانے کے لیے نت نئے آلات متعارف کروائے ہیں۔کچھ لوگ کمزور قوت خرید کی وجہ سے انہیں خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے جبکہ بعض ان کے بارے میں معلومات کی کمی کے سبب ان سے دور رہتے ہیں۔دونوں صورتوں میں آپ کو ان کا علم ضرور ہونا چاہئے ۔ کچن میں استعمال ہونے والے کچھ جدید آلات یا مشینیں درج ذیل ہیں:
آہستہ کھانا پکانے کی مشین
سو وِڈ مشین (SousVide machine) کہلائی جانے والی یہ مشین آہستہ اور ہلکی آنچ پر کھانے پکانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اسے ”ویکیوم چیمبر“ کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔
اسے استعمال کرنے کا پہلا اصول یہ ہے کہ آپ جو چیز بھی پکانا چاہیں‘ اسے پہلے ویکیوم چیمبرکے ذریعے ہوا سے خالی کر لیں۔اس چیمبر کے اندر کھانے کی چیزیں مثلاً چکن یا فش وغیرہ رکھنے کے لیے لفافے یا بیگ ہوتے ہیں جو نہ صرف ہوا کے اخراج میں مدد دیتے ہیں بلکہ تیار ہونے والی چیز کو قطعاً نقصان نہیں پہنچاتے۔ ہوا نکلنے کے بعد ان میں موجود چیز پلاسٹک بیگ سے چپکنے لگتی ہے۔بیرون ملک سے درآمد شدہ گوشت میں بھی ایسی پیکنگ نظر آتی ہے۔
ہوا کو نکالنا نہ صرف اس مشین میں پکانے کے طریقہ کی ایک ضرورت ہے بلکہ ےہ چیزوں کی معیاد بھی بڑھا دیتا ہے۔ حفظانِ صحت کے نقطہ نظر سے بھی ایسی اشیاءزیادہ محفوظ ہوتی ہیں‘ اس لئے کہ چیزوںمیں جب ہوا موجود نہیں ہوتی تووہاں بیکٹیریا کی بڑھوتری کا عمل رُک جاتا ہے۔ ویکیوم چیمبر ‘گھریلو اور کمرشل دونوں مقاصد کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
ایک دفعہ چیز کو ہوا سے پاک کرنے کے بعد سووِڈ مشین کا وقت اور درجہ حرارت شے کے مطابق سیٹ کر لیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر چکن کے لئے 65ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ سووِڈ مشین میں پانی ہوتا ہے اور جب ےہ کام کرنا شروع کرتی ہے تو وہ پانی کا درجہ حرارت آپ کے سیٹ کیے ہوئے درجہ حرارت پرلے آتی ہے۔ اور پھر اس میں (ویکیوم کی گئی) پکانے والی شے کلپ کر دی جاتی ہے تاکہ وہ پانی میں اچھی طرح سے ڈوب جائے۔ اس میں ہر شے پکائی جا سکتی ہے تاہم اس میں پکانے کا وقت عام طور پر لگنے والے وقت سے زیادہ ہوتا ہے۔تبھی تو اسے آہستہ پکانے والی مشین کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
اس مشین کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس میں گوشت وغیرہ کا اصل ذائقہ محفوظ رہتا ہے۔ نیز وہ چیز خوشبودار، نرم اور رسیلی بھی رہتی ہے۔بنیادی طور پر ےہ مشین انگریزی کھانوں کے لئے بنی ہے، اس لئے اس میں گریوی والے سالن کو چھوڑ کر گوشت،سبزی اور دیگر خشک چیزوں سمیت کچھ بھی بنایا جا سکتا ہے۔اگر ہم اس کی مدد سے گریوی والے روایتی کھانے تیار کرنا چاہیں توہمیں گریوی الگ تیار کرنا ہو گی۔ اس کے بعد اس میں سووِڈ مشین کی مدد سے بنائی گئی مزیدار سبزی یا گوشت کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
انڈکشن کی پلیٹیں
آج کل چولہے کی جگہ انڈکشن والی پلیٹوں کااستعمال بھی عام ہے۔ یہ عام چولہے کی طرح ابھری نہیں ہوتیں بلکہ ہموار ہوتی ہیں اور کھانے کی پلیٹوں سے مماثلت رکھتی ہیں۔ تیز، فوری اورذائقہ دار کھانا پکانے کے لیے انڈکشن پلیٹ بہت اچھی ایجاد ہے۔ ےہ دو طرح کی ہوتی ہیں جن میں سے پہلی دھاتی (metallic) اوردوسری سیرامک eramic) (cہیں۔
دھاتی انڈکشن پلیٹ
اچھے کھانے کی تیاری کے لئے آج کل دھاتی انڈکشن پلیٹ استعمال ہوتی ہے جو گول اورگرم پلیٹ کی مانند ہوتی ہے۔ جس طرح چولہے پر لگے ناب(Knob) کی مدد سے اس کا درجہ حرارت سیٹ کیا جاتا ہے‘ اسی طرح اس پر بھی گرمائش کے تعین کے لئے ناب لگا ہوتا ہے۔ اس پر کسی بھی دھات کا پین رکھ کر کھانا تیار کیا جا سکتا ہے۔
اس پر کھانے کی تیاری نسبتاً جلدی ہو جاتی ہے اور ذائقہ بھی اچھا ہوتا ہے۔ اس کا درجہ حرارت کتنا سیٹ کرنا ہے‘اس بات کا تعین کوکنگ تکنیک کے مطابق ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر گرِل یا سٹر فرائی چکن تیار کرناہو تو درجہ حرارت 240 سینٹی گریڈ ہونا چاہیے جبکہ پاٹ روسٹنگ(pot roasting) کے لئے درجہ حرارت 160 سینٹی گریڈ اور چکن شیلو فرائی کے لئے 163سینٹی گریڈ رکھا جاتا ہے۔ اس پر ہر طرح کے کھانوں کی تیاری کی جا سکتی ہے۔
سیرامک انڈکشن پلیٹ
ےہ پلیٹ شیشے کے باکس کاسا تاثر دیتی ہے۔ جس طرح مائیکروویو پر بٹن لگے ہوئے ہوتے ہیں ‘اسی طرح اس پر بھی پکانے کے حوالے سے کئی آپشنز دئیے جاتے ہیں۔ درجہ حرارت کا تعین بھی انہی بٹنوں کے ذریعے ہوتا ہے۔ اس پر اِنر سٹیل (inner steel) کے برتن ہی استعمال ہوتے ہیں اوریہ کسی اوردھات کو پکانے کے لئے قبول نہیں کرتی۔ اس قسم کی انڈکشن پلیٹ جب خریدی جاتی ہے تواکثر اس کا مخصوص پین اس کے ساتھ ہی ملتا ہے ۔
سموک گن(Smoke Gun)
سموک گن بیٹری سے چلنے والی بندوق نما چیز ہے جو کھانے میں مخصوص دھوئیں کا ذائقہ پیدا کرنے کے لئے استعمال ہوتی ہے۔اس کے اندر بنی ایک مخصوص جگہ میں لکڑی سے بنے چپس ڈالے جاتے ہیں۔ لکڑی کے ےہ چپس کوئی مخصوص ذائقہ( پودینہ، لیموں یا سیب وغیرہ) لیے ہوسکتے ہیں۔ لکڑی کے ےہ چپس بھر کر ان پر لائیٹر کی مدد سے آگ سلگا دی جاتی ہے۔ اس کے بعد بیٹری آن کرنے سے ےہ کام کرنے لگتی ہے اوراس پر نصب پائپ میں سے دھواں نکلنے لگتا ہے۔ ےہ سموک کا فلیور دینے کے علاوہ چیز کو گرم بھی کر دیتی ہے۔
سی فوم جگ( (Seafoam Jug
اس کی شکل صراحی سے ملتی جلتی ہے۔ جس طرح کیک کی آئسنگ کے لئے مخصوص سانچوں پر نوزلز لگی ہوتی ہیں‘ اسی طرح اس پر بھی نوزلز نصب ہوتی ہیں۔ اس میں گیس کے دو چھوٹے چھوٹے سے سلنڈر فِٹ کیے جاتے ہیں۔ اس میں آمیزہ شامل کر کے جب پھینٹا (beat)جاتا ہے تو وہ کچھ ہی سیکنڈز میں جھاگ دار ہو جاتا ہے۔ آپ اسے فوراً بیک کر سکتے ہیں۔
میٹھا مثلاً کیک، پیسٹری وغیرہ بنانے والی خواتین کے لیے یہ جگ بہت اہم ایجاد ہے ۔ یہ جگ چیزوں کو بہت جلد اورکم وقت میں تیار کر دیتا ہے اور اسے تیار ہونے کے بعد باآسانی بیک(bake) کر لیا جاتا ہے۔
جدید آلات سے مزین باورچی خانہ نہ صرف پورے گھر کی خو بصورتی کو چار چاند لگاتا ہے بلکہ اس کی بدولت گھر بھر کی صحت و صفائی اور تیار ہونے والے کھانوں کے بہترین ذائقوں کوبھی یقینی بنایا جا سکتاہے۔لہٰذا زندگی میں آسانی لانے کے لئے اس میں استعمال ہونے والے آلات کے بارے میں جاننا اور ان سے فائدہ اٹھانابہت ضروری ہے ۔مزید براں باورچی خانے کی صفائی میں ان آلات یا مشینوں کی صفائی کو بھی لازماً شامل رکھنا چاہئے۔

Vinkmag ad

Read Previous

ایک کا سینہ‘ دوسرے کا دل

Read Next

گھریلو ائیر فریشنرز گھر مہکائیں‘صحت پائیں

Most Popular