Vinkmag ad

بیہوشی میں ابتدائی طبی امداد

بیہوشی میں ابتدائی طبی امداد

بیہوشی ایسی حالت ہے جس میں فرد بظاہرسویا ہوامحسوس ہوتا ہے۔ نیند کے برعکس اس کیفیت میں وہ اونچی آوازدینے یا چھونے پر ردعمل ظاہرنہیں کرتا۔ کسی کواس حالت میں دیکھیں توسب سے پہلےمسئلے کا سبب جاننے کی کوشش کریں۔ اگر وجہ معلوم ہوجائے تواپنے علاقے کے ایمرجنسی نمبروں پررابطہ کریں۔ انہیں مریض سے متعلق معلومات دیں اورامداد آنے تک ذیل میں بیان کردہ ہدایات پرعمل کریں

٭مریض سے اونچی آواز میں پوچھیں کہ کیا وہ ٹھیک ہے۔اگرجواب نہ آئے تو اسے نرمی سے ہلائیں۔ اگرمحسوس ہوکہ کمر کی ہڈی کو نقصان پہنچا ہے توہرگزنہ ہلائیں۔

٭نتھنوں کے قریب انگلی یا کان لے جا کر محسوس کریں کہ وہ سانس لے رہا ہے یا نہیں۔

٭مریض کی نبض چیک کریں۔ اس کےلئے کلائی کے اس حصے پردو انگلیاں رکھیں جو انگوٹھے کے نیچے ہے۔ یہ گردن کی سائیڈ (جبڑوں کے نیچے اورسانس کی نالی کے پاس)سے بھی چیک کی جا سکتی ہے۔

٭اگرموسم ٹھنڈا ہو تواسے گرم چادر سےڈھانپیں۔ اگر گرمی ہو توہوا دارجگہ پرلے آئیں۔

٭منہ کے اندرکھانے کی کوئی چیزیا دوا ہرگزنہ ڈالیں۔

سی پی آر

اگرمریض سانس نہ لے رہا ہو، اس کی نبض نہ چل رہی ہوتوفوراً چھاتی پردباؤ ڈال کردھڑکن بحال کرنے کی کوشش کریں اورمصنوعی سانس دیں۔ اس عمل کو سی پی آرکہتے ہیں۔ اس کے بعد اگرمریض کھانسی کرے ، سانس لے یا حرکت کرنے کی کوشش کرے تو یہ ایک اچھی علامت ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتو اس عمل کوطبی امداد آنے تک دہراتے رہیں۔

سی پی آر کا طریقہ

٭مریض کوہموارسطح پر کمرکے بل لٹائیں اوراس کے قریب گھٹنوں کے بل بیٹھ جائیں۔

٭اگربیہوش ہونے والا بالغ ہوتو اس کی چھاتی کےدرمیان ہتھیلی رکھیں۔ پھر دوسرا ہاتھ اس کے اوپررکھ کرانگلیوں کوآپس میں بند کرلیں۔

٭اب کہنیاں سیدھی رکھتے ہوئے چھاتی پر30مرتبہ دباؤ ڈالیں۔اس دوران اونچی آواز سے گنتی کریں اورمحض بازو نہیں بلکہ پورے جسم کا وزن استعمال کرتے ہوئے دباؤ ڈالیں۔

٭اگربچوں میں یہ مسئلہ ہوتوان کی چھاتی پرایک ہی ہاتھ رکھیں۔ نوزائیدہ بچوں کی چھاتی کے بالکل درمیان میں دوانگلیاں رکھ کرمذکورہ بالا عمل کریں۔

٭ہتھیلی ماتھے پررکھ کرسرکو ہلکا سا پیچھے کی طرف جھکائیں۔ دوسرے ہاتھ سے ٹھوڑی کواوپرکریں تاکہ سانس کی نالی میں رکاوٹ نہ ہو۔

ریکوری پوزیشن میں لانے کا طریقہ

٭اگرمتاثرہ شخص کی سانس بحال ہوتواس کی پوزیشن تبدیل کریں ۔یہ عمل سانس کی نالی میں رکاوٹ کو دور کرے گا اورمریض کو گلے کی پھانس سے بچائے گا۔ اس کے لئے متاثرہ شخص کے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھ جائیں۔

٭اس کا جوبازوقریب ہے، اسےپکڑکرایسے سیدھا کریں کہ جسم اوراس کے درمیان 90 ڈگری کا زاویہ بنے۔ ہتھیلی کا رخ اوپرکی طرف ہو۔

٭پھراس کےدوسرے ہاتھ کا الٹا حصہ گال کے نیچے رکھیں۔ اپنے ایک ہاتھ سے اسےسہارا دیں۔

٭اپنے فارغ ہاتھ سےاس کے گھٹنے کوایسے موڑیں کہ پاؤں پوری طرح زمین پرہو۔

٭پھرمریض کو سائیڈ والی پوزیشن میں لےآئیں۔

٭اب نرمی سے اس کےسرکو پیچھے کی طرف موڑ کر ٹھوڑی اٹھائیں اورناک سے آنے والی سانس کو محسوس کریں۔

٭امداد آنے تک مریض کے پاس ہی رہیں۔

unconsciousness, first aid, recovery position, CPR

Vinkmag ad

Read Previous

گلوٹن فری لذیذ بادامی بسکٹ

Read Next

 دودھ میں کتنی کیلوریز

Leave a Reply

Most Popular